۸ نومبر ۲۰۲۵
رپورٹ : اعتزاز ابراہیم
لاہور
فیصل آباد پولیس نے ایک نجی یونیورسٹی کی طالبہ کو زیادتی کا نشانہ بناکر بلیک میل کرنے کے الزام میں 2 وین ڈرائیوروں کو گرفتار کرلیا ، جبکہ تیسرے ملزم کی تلاش جاری ہے۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان نے یونیورسٹی کی طالبہ کو نہ صرف زیادتی کا نشانہ بنایا بلکہ اس کے موبائل فون سے تصاویر چرا کر اسے بلیک میل بھی کیا۔ ملزمان نے طالبہ کو مسلسل ہراساں کرتے ہوئے اس کے زیورات بھی ہتھیا لیے۔
تفصیلات کے مطابق اقعے کے کئی ماہ بعد متاثرہ طالبہ نے بلیک میلنگ سے تنگ آکر والدین کو واقعے سے آگاہ کیا، جس کے بعد پولیس کو اطلاع دی گئی۔ اطلاع ملنے پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ درج کیا اور دو ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
ایف آئی آر فیصل آباد کے تھانہ صدر میں متاثرہ طالبہ کے والد کی مدعیت میں درج کی گئی، جس میں تعزیراتِ پاکستان کی دفعات 376 (زیادتی) اور 292 (فحش مواد کی ترسیل) شامل کی گئی ہیں۔
درج ایف آئی آر کے مطابق، مدعی کی بیٹی فیصل آباد کی ایک نجی یونیورسٹی میں بی ایس سی کی طالبہ ہے، جو روزانہ ویگن کے ذریعے یونیورسٹی جاتی تھی۔ تقریباً چار ماہ قبل ویگن کے ڈرائیور اویس نے طالبہ سے موبائل فون یہ کہہ کر لیا کہ اس کے پاس بیلنس نہیں ہے، تاہم بعد ازاں اس نے طالبہ کا واٹس ایپ اکاؤنٹ ہیک کرلیا اور فیملی کی تصاویر چوری کرکے بلیک میلنگ شروع کردی۔ اویس نے طالبہ کو بار بار ملاقات کے لیے دباؤ ڈالا۔
کچھ ہفتوں بعد ویگن کا ڈرائیور تبدیل ہو گیا اور نیا ڈرائیور ارسلان آگیا ۔ اویس نے ارسلان کو بھی طالبہ کی تصاویر دے دیں، جس کے بعد ارسلان نے بھی بلیک میلنگ شروع کردی۔ متاثرہ طالبہ نے ارسلان کے بھائی عدنان کو شکایت کی، جو خود بھی ویگن ڈرائیور تھا، تاکہ وہ اپنے بھائی کو سمجھائے۔ تاہم عدنان بھی اپنے بھائی کے ساتھ مل گیا اور بلیک میلنگ میں شریک ہوگیا۔ ایف آئی آر میں مزید بتایا گیا ہے کہ عدنان نے طالبہ کو دھمکی دی کہ اگر اسے رقم نہ دی گئی تو وہ تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل کر دے گا۔ خوفزدہ طالبہ نے گھر سے پانچ تولے سونا لا کر ملزم عدنان کو دے دیا۔
بعد ازاں 27 مئی کو عدنان نے یونیورسٹی کی پارکنگ میں طالبہ کو ملاقات کے لیے بلایا، یہ کہہ کر کہ وہ اس کے سامنے تمام تصاویر ڈیلیٹ کردے گا۔ جب متاثرہ لڑکی پارکنگ میں پہنچی تو عدنان نے اسے گن پوائنٹ پر ویگن میں زیادتی کا نشانہ بنایا اور سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں۔ فیصل آباد پولیس کے مطابق، دو مرکزی ملزمان عدنان اور ارسلان کو گرفتار کرلیا گیا ہے، جبکہ اویس کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
پنجاب میں خواتین کے خلاف جنسی زیادتی کے بڑھتے ہوئے واقعات کے حوالے سے پولیس کے اعداد و شمار تشویشناک صورتحال ظاہر کرتے ہیں۔ پنجاب پولیس کی سرکاری ویب سائٹ پر جاری اعداد و شمار کے مطابق، جنوری 2025 سے 30 ستمبر 2025 تک صوبے بھر میں خواتین کے ساتھ زیادتی کے 3030 مقدمات درج کیے گئے۔ ان میں سے 2033 مقدمات میں چالان جمع کرایا جا چکا ہے، 330 مقدمات زیرِ تفتیش ہیں، 3 مقدمات میں ملزمان کا سراغ نہیں لگایا جا سکا جبکہ664 مقدمات مختلف وجوہات کی بنا پر منسوخ کیے جا چکے ہیں۔