24 نومبر 2025
رپورٹ : اعتزاز ابراہیم
لاہور کے چیئرنگ کراس پر نابینا افراد کا احتجاجی دھرنا پندرھویں روز بھی جاری ہے، جہاں صوبے کے مختلف شہروں سے آئے مظاہرین سرد موسم، کھلے آسمان اور بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی کے باوجود اپنے مطالبات کے حق میں ڈٹے ہوئے ہیں۔ حکومت اور مظاہرین کے درمیان متعدد مذاکرات کے باوجود تاحال کوئی باقاعدہ معاہدہ طے نہیں ہو سکا، جس کے باعث دھرنے کے شرکاء میں شدید بے چینی اور مایوسی پائی جاتی ہے۔
مظاہرین کا کہنا ہے کہ سخت سردی اور شدید موسمی حالات کے باوجود انہیں نہ تو شیلٹر فراہم کیا گیا ہے اور نہ ہی بنیادی ضروریات جیسے واش روم، پانی یا نہانے دھونے کی سہولت میسر ہے۔ دھرنے میں شریک افراد کے مطابق حکومتی رویہ اب تک “سرد مہری” کا شکار ہے اور ان کے جائز مطالبات کو سنجیدگی سے نہیں لیا جا رہا۔
چکوال سے تعلق رکھنے والے فہیم، جو دھرنے میں شریک ہیں، نے وائس پی کے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وہ کئی روز سے کھلے آسمان تلے موسمِ سرما کی شدت برداشت کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ “یہاں نہ واش روم ہے، نہ نہانے دھونے کی کوئی جگہ۔ ہم ہر مشکل کے باوجود اپنے حقوق کے لیے بیٹھے ہیں۔ حکومتی نمائندے آتے ہیں مگر عملی اقدامات نہیں کرتے۔”
صوبے بھر سے آئے نابینا افراد تین بنیادی مطالبات کر رہے ہیں۔ پہلا مطالبہ یہ ہے کہ معذور افراد کے لیے مختص تین فیصد سرکاری کوٹے میں سے ایک فیصد کوٹہ مخصوص طور پر بصارت سے محروم افراد کے لیے مختص کیا جائے۔ دوسرا مطالبہ یہ ہے کہ مختلف محکموں میں گزشتہ کئی برسوں سے ڈیلی ویجز پر کام کرنے والے نابینا ملازمین کو مستقل کیا جائے۔ تیسرا مطالبہ یہ ہے کہ خالی سرکاری آسامیوں پر کوٹہ کی بنیاد پر فوری بھرتیاں کی جائیں تاکہ نابینا افراد کو ان کی تعلیم اور قابلیت کے مطابق ملازمتیں مل سکیں۔
پنجاب بلائنڈ ڈیلی ویجر یونین کے نائب صدر محمد حمزہ نے وائس پی کے سے گفتگو میں کہا کہ ان کی ملازمتیں ختم کی جا رہی ہیں اور اس کے بدلے حکومت انہیں بارہ ہزار روپے ماہانہ وظیفہ لینے کا کہہ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ “ہم خیرات نہیں، باعزت روزگار چاہتے ہیں۔ ہماری تین ہزار سے زائد سیٹیں خالی ہیں، اگر حکومت مخلص ہے تو ان آسامیوں پر فوری بھرتیاں کرے اور ہمیں ہمارے حق کے مطابق روزگار فراہم کرے۔”
حمزہ کا مزید کہنا تھا کہ حکومت کی طرف سے مسلسل ٹال مٹول اور غیر سنجیدگی کے باعث نابینا افراد میں شدید مایوسی پائی جاتی ہے۔
مظاہرین کا دعویٰ ہے کہ صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر سہیل شوکت بٹ دھرنے کے مقام پر آکر مذاکرات کر چکے ہیں، تاہم انہوں نے نابینا افراد کے تمام مطالبات تسلیم نہیں کیے۔ مظاہرین کے مطابق وزیر موصوف نے انہیں یہ کہہ کر واپس بھیج دیا کہ حکومت ان کے مطالبات کا جائزہ لے گی۔ دھرنے کے شرکاء کا کہنا ہے کہ انہیں گزشتہ کئی برسوں سے محض وعدوں اور جھوٹی تسلیوں پر رکھا گیا ہے، مگر عملی طور پر کوئی فیصلہ یا پالیسی تشکیل نہیں دی جا رہی۔
ادھر پنجاب حکومت نے اعلان کیا ہے کہ صوبے بھر کے پانچ ہزار رجسٹرڈ نابینا افراد کو ماہانہ بارہ ہزار روپے وظیفہ دیا جائے گا، جبکہ صوبے میں معذور افراد کے لیے مقرر تین فیصد ملازمت کے کوٹے پر سختی سے عملدرآمد کروایا جائے گا۔ تاہم دھرنے کے شرکاء نے اس اعلان کو مکمل طور پر مسترد کر دیا ہے۔ ان کا مؤقف ہے کہ انہیں خیرات یا وظیفہ نہیں بلکہ باقاعدہ روزگار اور مستقل ملازمتیں درکار ہیں، جو نہ صرف انہیں معاشی طور پر مستحکم کر سکیں بلکہ عزتِ نفس کے ساتھ جینے کا حق بھی دیں۔
نابینا افراد کا کہنا ہے کہ ان کا احتجاج اس وقت تک جاری رہے گا جب تک حکومت واضح پالیسی، تحریری ضمانت اور عملی اقدامات کے ساتھ ان کے مطالبات کو تسلیم نہیں کرتی۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ نابینا افراد کا یہ پہلا دھرنا یا احتجاج نہیں ہے بلکہ کئی سالوں سے یہ احتجاج اور دھرنے کر رہے ہیں ۔گزشتہ سال بھی یہ نابینا افراد انہیں مطالبات کو لے کر لاہور چیئرنگ کراس آئے تھے اور کئی روز دھرنا دیا اور صوبائی حکومت کی یقین دہانی پر احتجاج ٖختم کیا ۔