28 نومبر 2025
رپورٹ: رانا مالہی
اسلام آباد: فوجی عدالتوں میں عام شہریوں اور خاص طور پر 9 مئی کے واقعات میں ملوث ملزمان کے ٹرائل سے متعلق آئینی مقدمات کی سماعت کو سپریم کورٹ میں واپس منتقل کرنے کے لیے لاہور بار ایسوسی ایشن نے وفاقی آئینی عدالت میں اہم درخواست دائر کر دی ہے۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ فوجی عدالتوں سے متعلق آئینی سوالات براہ راست آئین کے بنیادی ڈھانچے، عدلیہ کے اختیارات اور شہریوں کے بنیادی حقوق پر اثر انداز ہوتے ہیں، اس لیے انہیں وفاقی آئینی عدالت کے دائرہ کار میں لانا قانونی طور پر درست نہیں۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ حالیہ ستائیسویں آئینی ترمیم آئین کے بنیادی ڈھانچے، عدالتی آزادی، اور انصاف کے مسلمہ معیارات کے خلاف جاتی ہے۔ درخواست گزار کے مطابق پارلیمان کسی بھی ایسی ترمیم کی مجاز نہیں جو آئین کی بنیادی ساخت کو تبدیل کرے یا عدلیہ کی وہ آئینی حیثیت متاثر کرے جو ریاست کے طاقت کے توازن میں مرکزی کردار رکھتی ہے۔ لاہور بار کا کہنا ہے کہ ستائیسویں ترمیم کے ذریعے فوجی عدالتوں کو وسیع اختیارات دینا دراصل پاکستان کے عدالتی نظام کو کمزور کرنے کے مترادف ہے۔
درخواست میں یہ مؤقف بھی اختیار کیا گیا ہے کہ عدالتی دائرہ اختیار اور عدالت کے اختیارات دو الگ چیزیں ہیں، اور موجودہ آئینی فریم ورک میں سپریم کورٹ کو یہ بنیادی اختیار حاصل ہے کہ وہ ہر وہ آئینی مقدمہ سنے جو آئینی تشریح، بنیادی حقوق یا ریاستی اداروں کے باہمی اختیارات سے متعلق ہو۔ اس لیے فوجی عدالتوں کے بارے میں جاری مقدمات کو وفاقی آئینی عدالت کے سامنے لانا خود سپریم کورٹ کے طے شدہ اصولوں سے انحراف ہے۔
فوجی عدالتوں کے حوالے سے آئینی مقدمات کو حال ہی میں آئین کے آرٹیکل 175A، 175B، 175E اور 175F کے تحت قائم کی گئی وفاقی آئینی عدالت کو منتقل کیا گیا تھا۔ تاہم لاہور بار کی جانب سے دائر کی گئی نئی درخواست میں واضح کیا گیا ہے کہ فوجی عدالتوں کا معاملہ آئین کے آرٹیکل 175E اور 175F کے تحت قائم دائرہ کار میں نہیں آتا، کیونکہ یہ آرٹیکل نئے عدالتی ڈھانچے کے تحت بننے والے فیصلوں اور خصوصی نوعیت کے تنازعات سے متعلق ہیں۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ فوجی عدالتوں کا پورا معاملہ آئینی ترامیم، انسانی حقوق، شہری آزادیوں اور اعلیٰ عدلیہ کے اختیارات سے جڑا ہوا ہے، اور اسے سپریم کورٹ ہی سن سکتی ہے۔
درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ نئی آئینی عدالت صرف ان مقدمات کی سماعت کر سکتی ہے جو براہ راست آرٹیکل 175E کے تحت آئینی عدالت کے فیصلوں سے متعلق ہوں۔ چونکہ فوجی عدالتوں سے متعلق کیس نہ تو آئینی عدالت کے کسی سابقہ فیصلے کا تسلسل ہے اور نہ ہی ایسا معاملہ جسے آئین نے خصوصی طور پر اس عدالت کے سپرد کیا ہو، اس لئے اسے یہاں سننا غیر آئینی ہوگا۔ درخواست میں یہ نقطہ بھی اٹھایا گیا ہے کہ سپریم کورٹ نے کئی فیصلوں میں یہ اصول طے کیا ہے کہ جب معاملہ بنیادی حقوق یا ریاستی طاقت کے استعمال سے متعلق ہو، تو اس کی حتمی تشریح کا فورم سپریم کورٹ ہی ہے۔
لاہور بار نے اپنی درخواست میں مزید کہا ہے کہ فوجی عدالتوں میں سویلینز کے ٹرائل کا معاملہ پہلے ہی سپریم کورٹ کے سامنے زیرِ سماعت رہ چکا ہے اور عدالت عظمیٰ نے اس پر حتمی رائے دینے کے لیے آئینی بنچ تشکیل دیا تھا۔ ایسی صورت میں اچانک اس مقدمے کو نئی آئینی عدالت میں منتقل کرنا نہ صرف قانونی سقم پیدا کرتا ہے بلکہ زیرِ سماعت مقدمات کے تسلسل کے اصول کو بھی ٹھیس پہنچاتا ہے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ فوجی عدالتوں کا معاملہ شہریوں کے بنیادی حقوق، فیئر ٹرائل، عدلیہ کی آزادی، پارلیمانی اختیارات کی حد اور ریاستی طاقت کے استعمال جیسے بنیادی آئینی سوالات پر مشتمل ہے، اور یہ وہ موضوعات ہیں جنہیں سپریم کورٹ کے علاوہ کوئی عدالت حل نہیں کر سکتی۔
درخواست گزاروں نے یہ بھی نشاندہی کی ہے کہ آئینی ترمیم کے ذریعے کوئی ایسا فورم قائم کرنا جو براہ راست سپریم کورٹ کے اختیار یا ججوں کے تقرر و اختیارات پر اثر انداز ہو، آئین کے بنیادی ڈھانچے کی نفی کرتا ہے۔ ان کے مطابق 27ویں ترمیم ایک ایسا ڈھانچہ قائم کرتی ہے جو عدالتی نظام کو تقسیم کر کے قانونی پیچیدگیاں پیدا کرتا ہے اور مستقبل میں بھی آئینی مقدمات کے فیصلوں کو غیر یقینی بناتا ہے
لاہور بار نے وفاقی آئینی عدالت سے درخواست کی ہے کہ فوجی عدالتوں کے مقدمات کو فوری طور پر واپس سپریم کورٹ بھیجا جائے تاکہ وہ اس معاملے پر اپنے طے شدہ دائرہ کار اور آئینی ذمہ داری کے مطابق فیصلہ کر سکے۔ درخواست میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ موجودہ صورتحال میں قانونی ابہام کو صرف سپریم کورٹ ہی حل کر سکتی ہے، اور کسی بھی تاخیر سے نہ صرف متاثرہ شہریوں کے بنیادی حقوق متاثر ہوں گے بلکہ پورے عدالتی نظام میں غیر یقینی صورتحال پیدا ہوگی۔