شوکت کورائی
کراچی
گھوٹکی کے نواحی گاؤں کھروہی میں خواتین کے ساتھ ایک نیا ظلم جاری ہے۔ یہاں شادی شدہ خواتین پر سیاہ کاری کے جھوٹے الزامات لگا کر انہیں گھر سے نکال دیا جاتا ہے اور پھر جرگے کے ذریعے لاکھوں روپے وصول کیے جاتے ہیں۔
سخیجاں کی دردناک کہانی
کھروہی کی مکین سخیجاں کو محض شادی کے سات روز بعد سیاہ کاری کے الزام میں واپس والدین کے گھر بھیج دیا گیا۔ اس کے بعد زیر الزام شخص میاں بخش سے ایک جرگے کے ذریعے ان کے شوہر کو سات لاکھ روپے جرمانہ کی رقم دلوائی گئی۔
سخیجاں کا کہنا ہے: میں شادی کے کپڑوں میں ہی تھی کہ مجھ پر الزام لگا کر گھر سے نکال دیا گیا۔ میری شادی کو ابھی ایک ہفتہ ہی ہوا تھا کہ میرے شوہر نے مجھ پر سیاہ کاری کا الزام لگا دیا۔ میں نے اس وقت شادی کا جوڑا پہنا ہوا تھا اور ہاتھوں پر مہندی بھی لگی ہوئی تھی۔ بہت دکھ ہوا، سوچا کہ یہ میرے ساتھ کیا ہو گیا۔
انہوں نے مزید کہا: بعد میں جرگہ کیا گیا اور جرگے نے زیر الزام شخص سے سات لاکھ روپے جرمانہ لے کر میرے شوہر کو دیے۔ ہمارے گاؤں کھروہی میں بہت ساری خواتین ہیں جو اس ظلم کا شکار ہو چکی ہیں۔ یہ معمول بن گیا ہے۔ الزام کے بعد خواتین کے شوہروں کو جرمانے کے طور پر پیسے دلوائے جاتے ہیں۔
صرف سخیجاں ہی نہیں
کھروہی میں صرف سخیجاں ہی نہیں، اس گاؤں کی کئی ایسی خواتین ہیں جو سیاہ کاری کے الزام میں گھر سے بے دخل ہو چکی ہیں۔ کھروہی کی عاصمہ اور نادیہ بھی اسی الزام کا شکار ہوئیں۔عاصمہ کا کہنا ہے: “میری شادی کو صرف ایک برس ہوا تھا کہ مجھ پر سیاہ کاری کا الزام لگا دیا گیا۔ پھر جرگہ کیا گیا۔ سنا ہے جرگہ کرنے والوں پر شاید مقدمہ درج کیا گیا ہے لیکن جس نے الزام لگایا، اس کے خلاف تو کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔” انہوں نے بتایا کہ ان کے شوہر نے بھی جرگہ کے ذریعے سات لاکھ روپے دیے۔
نادیہ کا کہنا ہے: میری شادی کے دو سال بعد مجھے سیاہ کاری کا الزام لگا کر گھر سے نکال دیا گیا۔ میرا ایک کمسن بیٹا تھا، وہ بھی چھین لیا گیا۔ میرے شوہر کچھ بھی نہیں کرتے تھے۔
دونوں خواتین کا کہنا ہے کہ وہ بے بس ہیں، کچھ نہیں کر سکتیں۔ ان کے شوہروں نے محض پیسوں کی لالچ میں ان پر الزام عائد کیا۔ انہوں نے کہا کہ جرگہ کرنے والوں میں سے کسی کا نام نہیں بتا سکتیں کیونکہ جرگہ کرنے والے با اثر ہیں اور وہ انہیں قتل کروا دیں گے۔
دوسری شادی پر بھی پابندی
کھروہی میں سیاہ کاری کے الزام میں گھر سے بے دخل خواتین پر ان کے علاقے میں دوسری شادی کرنے پر بھی پابندی عائد ہے۔ عاصمہ اور نادیہ کا کہنا ہے: ہمارے اس علاقے کھروہی میں دوسری شادی کرنے پر بھی پابندی عائد ہے۔ کہتے ہیں یہ ان کی غیرت کا معاملہ ہے۔ کچے کے علاقے یا پنجاب میں شادی کروا دیں تو پھر انہیں اعتراض نہیں ہوتا۔
صوبے بھر میں آنر کلنگ کے واقعات
سندھ پولیس کی جانب سے جاری رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ صوبے بھر میں رواں برس ایک سو پانچ خواتین آنر کلنگ کا شکار ہوئی ہیں۔ پاکستان میں مروج قانون کے مطابق غیرت کے نام پر قتل کا سمجھوتہ نہیں ہو سکتا، لیکن ایسا چند کیسز میں ہی ہو پایا ہے۔