26 نومبر 2025
رپورٹ: رانا مالہی
اسلام آباد: اسلام آباد ہائی کورٹ میں لاپتہ شہری عبداللہ عمر کی عدم بازیابی سے متعلق توہین عدالت کی درخواست پر منگل کو سماعت ہوئی، جس میں عدالت نے وزارت دفاع اور وفاقی حکومت کو ان کیمرہ بریفنگ کے لیے ایک اور موقع دیتے ہوئے واضح کیا کہ آئندہ سماعت تک عدالتی حکم پر عمل نہ ہوا تو سنگین نتائج سامنے آ سکتے ہیں۔ کیس کی سماعت جسٹس محسن اختر کیانی نے کی۔
سماعت کے آغاز پر وزارت دفاع کے نمائندے نے عدالت کو بتایا کہ مغوی عبداللہ عمر وزارت دفاع کے ماتحت کسی ادارے کی تحویل میں نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب تک کی جانچ پڑتال میں ایسا کوئی مواد سامنے نہیں آیا جس سے معلوم ہو کہ شہری کسی عسکری یا دفاعی ادارے کے پاس موجود ہے۔ عدالت نے اس پر اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ تفتیشی افسر اور لاپتہ افراد کمیشن دونوں واضح کر چکے ہیں کہ یہ معاملہ جبری گمشدگی کے زمرے میں آتا ہے، اس لیے ذمہ دار اداروں سے جواب دہی ناگزیر ہے۔
اسسٹنٹ اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ حکومت کی جانب سے عبداللہ عمر کی فیملی کو پچاس لاکھ روپے کا چیک پہلے ہی فراہم کیا جا چکا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس کیس میں جن افسران پر جرمانہ عائد ہوا تھا، وہ اب ریٹائر ہو چکے ہیں، اسی وجہ سے ان کے خلاف مزید کارروائی ممکن نہیں۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ یہ توہین عدالت کی کارروائی ہے اور اس کا تعلق عدالتی احکامات پر عمل درآمد سے ہے، جبکہ کیس کے میرٹ پر تو پہلے ہی فیصلہ ہو چکا ہے۔
جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا کہ اگر آئندہ سماعت تک تحریری حکم کے مطابق پیش رفت نہ ہوئی تو عدالت حکم عدولی کے حوالے سے سخت فیصلہ کرے گی۔ اس موقع پر وزارت دفاع کے نمائندے نے عدالت سے مزید مہلت مانگی اور کہا کہ ان کیمرہ بریفنگ کے لیے کچھ وقت درکار ہے۔ عدالت نے اس استدعا کو قبول کرتے ہوئے ایک آخری موقع دینے کا عندیہ دیا۔
سماعت کے دوران لاپتہ شہری کے والد خالد عباسی روسٹرم پر آئے اور کہا کہ اتنا وقت گزر چکا ہے، جج صاحب یہ لوگ آپ کی ٹرانسفر کا انتظار کر رہے ہیں۔ یہ چاہتے ہیں کہ آپ یہاں نہ ہوں، اسی لیے بار بار تاخیر کی جا رہی ہے۔ جسٹس محسن اختر کیانی نے جواب دیا کہ مجھے ٹرانسفر سے کوئی مسئلہ نہیں، اگر میں چلا بھی گیا تو کوئی دوسرا جج آ کر یہ کیس سن لے گا۔ انہوں نے کہا کہ عدالت کا کام رکنے والا نہیں، کارروائی جاری رہے گی۔
خالد عباسی نے مزید کہا کہ ان کے خاندان کے لیے انصاف کے تمام دروازے بند ہوتے دکھائی دے رہے ہیں۔ انہوں نے شکوہ کیا کہ بار بار تاخیر سے نہ صرف وہ پریشان ہیں بلکہ انہیں اپنے بیٹے کی زندگی کے حوالے سے شدید خدشات لاحق ہیں۔ عدالت نے والد کو تحمل رکھنے کی ہدایت کی اور کہا کہ عدالت تمام پہلوؤں کو مدنظر رکھ کر ہی حتمی فیصلہ کرے گی۔
سماعت کے دوران وزارت دفاع کے نمائندے نے مزید بتایا کہ اس کیس میں عائد کیے گئے جرمانوں کے خلاف اپیل سپریم کورٹ میں دائر کی گئی تھی، مگر اس بینچ کے کچھ جج اب آئینی عدالت کا حصہ بن چکے ہیں، اس لیے اپیل آگے نہیں بڑھی۔ جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا کہ وہ اس معاملے پر آئینی عدالت سے رجوع کر سکتے ہیں، وہاں سے انہیں مناسب ہدایت یا حکم نامہ مل سکتا ہے۔
عدالت نے آخر میں وزارت دفاع اور وفاقی حکومت کو ہدایت کی کہ عبداللہ عمر کی گمشدگی سے متعلق تفصیلی ان کیمرہ بریفنگ فراہم کی جائے، تاکہ عدالت صورت حال کا جائزہ لے سکے۔ بعد ازاں سماعت جنوری تک ملتوی کر دی گئی۔