21 نومبر 2025

رپورٹ: رانا مالہی


اسلام آباد: سپریم کورٹ نے جمعرات کے روز اسلام آباد ہائی کورٹ کے چار ججز کی جانب سے دائر کی جانے والی آئینی درخواست وصول کرنے سے انکار کر دیا اور انہیں ہدایت کی کہ وہ 27ویں آئینی ترمیم کے خلاف اپنی درخواست نئے قائم شدہ فیڈرل کانسٹی ٹیوشنل کورٹ (ایف سی سی) میں جمع کرائیں۔

جمعرات کے روز اسلام آباد ہائی کورٹ کے ججز، جسٹس محسن اختر کیانی، جسٹس بابر ستار، جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان اور جسٹس سمن رفعت امتیاز سپریم کورٹ پہنچے تاکہ وہ اپنی مشترکہ درخواست جمع کرا سکیں۔ یہ درخواست آئین کے آرٹیکل 184(3) کے تحت دائر کی جا رہی تھی، جس میں مؤقف اپنایا گیا تھا کہ 27ویں آئینی ترمیم بنیادی حقوق، عدالتی آزادی اور آئینی ڈھانچے کے بنیادی خدوخال سے متصادم ہے۔ تاہم سپریم کورٹ کے رجسٹرار آفس نے درخواست وصول کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ آرٹیکل 184(3) اب آئین کا حصہ نہیں رہا، اس لیے عدالت عظمیٰ کے پاس اس نوعیت کی براہِ راست پٹیشن سننے کا اختیار موجود نہیں۔

رجسٹرار آفس کے مطابق ترمیم کے بعد آئینی تنازعات، خصوصاً آئینی ترامیم کے خلاف چیلنجز، ایف سی سی کے دائرہ اختیار میں آ سکتے ہیں، اس لیے ججز کو وہیں سے رجوع کرنا چاہیے۔ اس مؤقف کے بعد چاروں ججز کو ان کی درخواست واپس کر دی گئی۔

درخواست کے مسودے میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ 27ویں آئینی ترمیم آئین کے آرٹیکلز 9، 10-اے اور 25 میں دیے گئے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی کرتی ہے۔ ججز کے مطابق ترمیم نے شہریوں کے فیئر ٹرائل، انصاف تک رسائی، اور مساوی سلوک کے حق کو متاثر کیا ہے۔ درخواست گزاروں نے یہ بھی کہا تھا کہ ترمیم نے عدلیہ کو انتظامیہ کے ماتحت کرنے کے دروازے کھول دیے ہیں اور ججز کی سروس ٹرمز کو بغیر منظوری تبدیل کر کے آئینی ضمانتوں کو غیر مؤثر بنایا گیا ہے۔

درخواست میں یہ مؤقف بھی پیش کیا گیا کہ ترمیم نے ایک متوازی عدالتی ڈھانچہ کھڑا کر دیا ہے، جس کے نتیجے میں عدالت عظمیٰ کے اختیارات محدود ہو گئے ہیں اور آئینی تشریح کا بنیادی اختیار ایک نئی عدالت کو منتقل کر دیا گیا ہے۔ ججز کے مطابق یہ صورتحال عدلیہ کی خودمختاری کے بنیادی اصول کے منافی ہے۔

مسودے میں یہ بھی کہا گیا کہ ایف سی سی کے ججوں کی تقرری عدلیہ سے مشاورت کے بغیر کی گئی، جس سے تقرری کا معیار اور شفافیت متاثر ہوئی۔ مزید یہ کہ ایف سی سی کو کیسز کی منتقلی کے حوالے سے غیر معمولی اختیارات دیے گئے ہیں جن کی کوئی واضح حدود مقرر نہیں کی گئیں۔ اسی طرح جوڈیشل کمیشن آف پاکستان (جے سی پی) اور سپریم جوڈیشل کونسل (ایس جے سی) کی تشکیل میں بھی ترمیم کے ذریعے ایسی تبدیلیاں کی گئیں جو انتظامیہ کے کردار کو نمایاں طور پر بڑھاتی ہیں۔

درخواست گزاروں نے یہ بھی لکھا تھا کہ ایف سی سی چونکہ خود اسی ترمیم کے ذریعے قائم کی گئی ہے، اس لیے وہ اس ترمیم کی آئینی حیثیت کا غیر جانبدارانہ جائزہ لینے کی پوزیشن میں نہیں۔ بقول ان کے یہ ’’مفادات کے ٹکراؤ‘‘ کی ایک واضح مثال ہے، جس کے باعث آئین کی تشریح پر انتظامیہ کا اثر انداز ہونا ممکن ہو سکتا ہے۔

یاد رہے کہ چند روز قبل 27ویں آئینی ترمیم کو صدر کی منظوری کے بعد قانون کی حیثیت مل چکی ہے اور اس کے بعد ملک میں سیاسی جماعتوں، وکلا برادری، عدالتی ماہرین اور اعلیٰ عدلیہ کے بعض ججوں کی جانب سے شدید ردِ عمل سامنے آیا ہے۔ سپریم کورٹ کے سینئر ترین دو ججوں، جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس اطہر من الله نے اس کے خلاف احتجاجاً استعفیٰ دیا تھا اور اپنے استعفے میں اسے آئین پر سنگین حملہ قرار دیا تھا۔

ترمیم کے تحت آرٹیکلز 199 اور 200 میں اہم تبدیلیاں کی گئیں، جن کے مطابق صدرِ مملکت کو جوڈیشل کمیشن کی سفارش پر ہائی کورٹ ججز کو صوبوں کے درمیان منتقل کرنے کا اختیار مل گیا ہے۔ اگر کوئی جج اس تبادلے کو قبول نہیں کرتا تو اسے ریٹائر تصور کیا جائے گا۔

جبکہ اطلاعات کے مطابق گزشتہ ہفتے اسی سپریم کورٹ کے فل کورٹ نے چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں ایک اجلاس میں اجتماعی استعفے کی تجویز پر بھی غور کیا، تاہم زیادہ تر ججز نے اس سے اتفاق نہیں کیا۔ بعد میں فل کورٹ نے متفقہ طور پر سپریم کورٹ امینڈمنٹ رولز 2025 منظور کر لیے۔

ذرائع کے مطابق فل کورٹ اجلاس میں 13 ججز نے شرکت کی جبکہ وہ ججز جنہیں فیڈرل کانسٹی ٹیوشنل کورٹ کے لیے نامزد کیا گیا ہے، اجلاس میں حاضر نہیں ہوئے۔

جمعرات کو سپریم کورٹ کی جانب سے درخواست وصول نہ کیے جانے کے بعد اب معاملہ اس نئے عدالتی فورم یعنی ایف سی سی کی جانب منتقل ہوتا دکھائی دیتا ہے، جہاں چاروں ججز کو اپنی درخواست لے کر جانا ہوگا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here