21 نومبر 2025
رپورٹ: عمر فاروق
پشاور کے باغِ ناران پارک میں پاک–افغان بارڈر کی بندش کے خلاف جرگہ منعقد ہوا، جس میں سرحد سے متصل علاقوں — چمن سے وزیرستان اور کرم تک — کے قبائلی مشران، کسٹم ایجنٹس، ٹرانسپورٹرز، مالکان اور کاروباری حضرات نے شرکت کی۔
جرگے کے شرکاء نے بارڈر بندش سے معیشت پر پڑنے والے منفی اثرات پر شدید تحفظات کا اظہار کیا اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ بارڈر فوری طور پر کھولا جائے، تجارتی سرگرمیاں بحال کی جائیں، اور دونوں ممالک کے درمیان اختلافات کو بات چیت کے ذریعے حل کیا جائے۔
غلام خان بارڈر پر کام کرنے والے تاجر اور جرگے کے شرکاء میں شامل PML(N) کے ضلعی صدر ملک نظر دین نے وائس پی کے کو بتایا کہ دنیا میں ممالک تاجروں کے سرمائے کی بدولت ترقی کرتے ہیں، مگر حکومتِ پاکستان کے اس اقدام کی وجہ سے ہزاروں مال بردار گاڑیاں تمام سرحدات پر کھڑی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ “ان چالیس دنوں میں پاکستان کے تاجروں کو بہت زیادہ نقصان ہوا ہے، کیونکہ اس سیزن میں ہم تاجروں نے انگور، سیب، ٹماٹر اور پیاز جیسے مختلف پھلوں اور سبزیوں کے علاوہ افغانستان کے کوئلے کے لیے رقم ادا کی تھی۔ مگر بارڈر بندش کی وجہ سے یہ تمام اشیاء خراب ہوکر ضائع ہوگئی ہیں، جبکہ کوئلہ سے لدے ٹرکوں کے ٹائر بیٹھ گئے ہیں، جس کی وجہ سے ٹرانسپورٹروں کو روزانہ کی بنیاد پر کروڑوں روپے کا نقصان ہو رہا ہے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ “پاک–انڈیا حالیہ کشیدگی کے دوران بھی واہگہ بارڈر بند نہیں ہوا، مگر آج وفاقی حکومت اور مقتدر قوتوں کا پختون قوم کے ساتھ یہ رویہ انتہائی قابلِ افسوس ہے۔”
شرکاء میں تاجروں کے ساتھ ساتھ مختلف سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے مقامی رہنماؤں نے بھی شرکت کی۔ وزیراعظم کی کمیٹی برائے جرگہ اصلاحات کے رکن اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے ضلعی صدر مولانا مصباح اللہ نے وائس پی کے کو بتایا کہ گزشتہ ایک ماہ سے تمام سرحدات بند ہیں، جس کے باعث بارڈر کے دونوں جانب کے لوگ شدید مشکلات سے گزر رہے ہیں اور اربوں روپے کا نقصان ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ “ہم نے جرگے میں یہ تجویز دی کہ چونکہ یہ مسئلہ وفاقی حکومت سے متعلق ہے، اس لیے صوبائی حکومت کو اعتماد میں لے کر ہم وزیرِ اعلیٰ اور کور کمانڈر پشاور سے اس حوالے سے بات کریں گے۔ بارڈر کے دونوں طرف آباد سیاسی و قبائلی رہنماؤں نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ اس مسئلے کے حل کے لیے اپنی خدمات دیں گے، تاکہ افغانستان میں امارتِ اسلامیہ کے ذمہ داران سے بات کرکے مسئلہ حل کیا جا سکے۔ کیونکہ تجارت بند ہونے سے نہ افغانستان کو فائدہ ہے اور نہ ہی پاکستان کو؛ بلکہ یہ بندش دونوں طرف کے لوگوں کے لیے شدید مشکلات کا باعث بن رہی ہے۔”
جرگے نے مطالبہ کیا کہ مسئلے کے مستقل حل کے لیے حکومت اور متعلقہ ادارے فوری اقدامات کریں۔ جرگے کے اختتام پر حکومت اور متعلقہ اداروں سے بات چیت کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے، جس میں افغانستان سے ملحقہ ہر سرحدی ضلع سے دس ارکان شامل کیے جائیں گے۔ یہ کمیٹی آئندہ کے لائحہ عمل پر کام کرے گی اور مسئلے کے حل کے لیے سفارشات پیش کرے گی۔