30 نومبر 2025
رپورٹ: اسلام گل آفریدی
پاکستان سے افغان مہاجرین کے جاری انخلاء کے عمل سے وہ افغان فنکار خاص طور پر متاثر ہیں، جو افغان طالبان کے برسرِ اقتدار آنے کے بعد سیاسی پناہ یا کسی تیسرے ملک میں منتقلی کے سلسلے میں پاکستان آئے تھے۔ پاکستان میں قانونی قیام اور زبردستی بدخلی کے خلاف پشاور ہائی کورٹ کے فیصلے کے مطابق وفاقی حکومت کو سو فنکاروں کا لسٹ اس حکم کے ساتھ ارسال کر دیا تھا کہ ان لوگوں کے پاکستان میں قیام اور تحفظ یقینی بنایا جائے۔ پوری عدالتی عمل خیبر پختونخوا کی سطح پر قائم فنکاروں کی تنظیم ہنر ٹولنہ نے سرانجام دیا تھا، تاہم تنظیم کے مطابق ہائی کورٹ کے جاری کردہ فہرست میں ایک بڑی تعداد میں افغان فنکاروں کے نام شامل نہیں ہیں جو موجودہ وقت میں پاکستان میں ایک مشکل زندگی گزار رہے ہیں۔
فہرست میں باقی ماندہ افغان فنکاروں کے نام شامل کرنے کے لیے سینئر وکیل جابر خان کی جانب سے عدالت میں رٹ پٹیشن دائر کر دی گئی ہے، جس میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ پچھلے فیصلے کے مطابق باقی ماندہ افغان فنکاروں کے ناموں کو بھی فہرست میں شامل کیا جائے جو کہ پہلی فہرست سے رہ گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فنونِ لطیفہ کے ساتھ جڑے افراد نے اگست 2021 کو افغانستان میں طالبان کے برسرِ اقتدار آنے کے بعد وہاں پر نہ صرف ان لوگوں کے کام پر پابندی لگا دی گئی بلکہ تشدد اور جان سے مارنے کے خوف نے ان لوگوں کو مجبور کیا کہ وہ سیاسی پناہ یا کسی تیسرے ملک میں منتقلی کے لیے پاکستان آئیں۔ تاہم حکومت کی جانب سے افغان مہاجرین کے جاری انخلاء کے عمل میں یہ لوگ خوف کا شکار ہیں کہ کہیں انہیں پولیس گرفتار کر کے زبردستی ڈی پورٹ نہ کر دے۔ انہوں نے رٹ پٹیشن میں عدالت سے استدعا کی ہے کہ پہلے فیصلے میں جو فہرست مرکزی حکومت کو جاری کر دی گئی ہے، اس میں باقی رہ جانے والے فنکاروں کے نام بھی شامل کیے جائیں۔
افغانستان کے معروف ہارمونیم کے استاد رضوان منور دیگر افغان فنکاروں کے ساتھ پشاور ہائی کورٹ آئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پہلے دن سے پاکستان میں مسائل کا شکار ہیں، تاہم حکومت کی جانب سے افغان مہاجرین کے انخلاء کے اعلان کے بعد مسائل میں کئی گنا اضافہ ہو چکا ہے اور خوف کے سائے تلے زندگی گزار رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پشاور ہائی کورٹ کے پہلے فیصلے میں سو سے زیادہ افغان فنکاروں کے نام شامل تھے، جس کی بنیاد پر ان کے پاکستان میں قیام کے دوران مسائل کچھ کم ہوئے۔ تاہم ایک بڑی تعداد اس فہرست میں شامل نہیں، جس کی وجہ سے ان میں سے کچھ کو پولیس نے گرفتار کر کے زبردستی افغانستان ڈی پورٹ کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں مقامی فنکاروں کی تنظیم ہنر ٹولنہ کی جانب سے پشاور ہائی کورٹ میں ایک درخواست دائر کر دی ہے، جس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ باقی ماندہ فنکاروں کے نام بھی اس فہرست میں شامل کیے جائیں۔
فنکار گل اکبر راہی ہنر ٹولنہ کے اہم رکن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عدالت میں درخواست دائر کرنے کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں رہائش پذیر افغان فنکاروں کے مسائل کم ہو سکیں۔ ان کے بقول یہ لوگ پولیس کی گرفتاری کے خوف سے تقریبات میں بھی نہیں جا سکتے، جس کی وجہ سے ان کے معاشی مسائل بھی کافی بڑھ چکے ہیں۔ ان کے بقول تنظیم کے عہدیدار رات دیر گئے مختلف تھانوں کے چکر کاٹ کر گرفتار افغان فنکاروں کی رہائی کی بھاگ دوڑ کرتے ہیں اور یہ ان کا معمول ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ طالبان کے خوف سے پاکستان آئے ہوئے فنکاروں کی رجسٹریشن ہنر ٹولنہ، صوبائی محکمہ ثقافت و سیاحت اور عالمی ادارہ برائے مہاجرین کے ساتھ ہو چکی ہے، جن کی بنیاد پر تصدیق کا عمل شفاف ہے۔
وکیل جابر خان کی جانب سے فراہم کردہ فہرست میں 394 نام ہیں، جنہیں پرانی فہرست میں شامل کرنے کے لیے عدالت سے استدعا کی گئی۔ ان میں 186 نام خواتین یا بچیوں کے ہیں جو کہ فنکار ہیں یا ان کے خاندان کے ممبر ہیں۔ رضوان منور نے بتایا کہ مردوں کی نسبت خواتین فنکاروں کے مسائل کافی زیادہ ہیں۔ ان کے بقول یہاں پر انہیں کوئی جانتا نہیں جو کہ موسیقی پروگرام کے لیے مدعو کرے، جب کہ سال میں کہیں ایک پروگرام کی کمائی سے کیسے گھر کے اخراجات پورے ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نئی فہرست میں بیس سے تیس تک خواتین فنکاروں کے نام شامل ہیں جو کہ خیبر پختونخوا میں رہائش پذیر ہیں۔
افغان فنکاروں کے لیے دائر درخواست کی قانونی حیثیت کے حوالے سے جابر خان ایڈووکیٹ نے بتایا کہ پہلے سے عدالت کا ایک فیصلہ موجود ہے اور ہم صرف فہرست میں باقی ماندہ فنکاروں کے نام شامل کرنے کی استدعا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے تمام قوانین اور بین الاقوامی قوانین جن کی توسیع پاکستان کر چکا ہے، یہ حق لوگوں کو فراہم کرتے ہیں کہ اگر کسی دوسرے ملک کے شہری کو اپنے ملک میں جان کو خطرہ درپیش ہو تو انہیں سیاسی پناہ دی جائے گی۔
پچاس سالہ فنکار باچا خان کا تعلق افغانستان کے صوبہ لغمان سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کی جانب سے مہاجرین کی گرفتاری کے لیے جاری کارروائیوں میں کئی فنکاروں کو زبردستی افغانستان ڈی پورٹ کر دیا گیا ہے اور وہاں انہیں تشدد کا نشانہ بنایا گیا ہے اور جان کا خطرہ درپیش ہے۔ انہوں نے کہا کہ فنونِ لطیفہ سے جڑے افراد کے لیے واپس افغانستان جانا ممکن نہیں ہے، لہٰذا پاکستان سے یہی مطالبہ ہے کہ انسانیت کی خاطر ان لوگوں کو اُس وقت تک قیام کی اجازت دی جائے جب تک کسی تیسرے ملک میں منتقلی کے لیے اقدامات نہیں کیے جاتے۔
رضوان منور نے بتایا کہ انہوں نے عالمی ادارہ برائے مہاجرین یا یو این ایچ سی آر کے ساتھ اپنے آپ کو کسی تیسرے ملک میں منتقلی کے لیے نام درج کر دیا ہے، تاہم طویل عرصہ گزر جانے کے باوجود اس حصے میں کوئی مثبت پیش رفت نہیں ہو رہی۔ انہوں نے کہا کہ دو ماہ پہلے یو این ایچ سی آر دفتر سے ٹیلی فون آیا تھا اور صرف اس بات کی تصدیق کر رہا تھا کہ آپ پاکستان میں ہیں یا نہیں۔
پاکستان نے ملک میں قیام پذیر تمام افغان مہاجرین کو غیر قانونی قرار دے کر انہیں واپس اپنے ملک بھیجنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ رواں سال 11 جنوری کو پشاور ہائی کورٹ نے سیاسی پناہ کے خواہاں 100 سے زائد افغان موسیقاروں کی جبری ملک بدری روک دی ہے اور وفاقی حکومت کو دو ماہ کے اندر ان کے کیسز کا فیصلہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔ عدالت نے سیکیورٹی اداروں کو اس دوران موسیقاروں کے خلاف کسی بھی کارروائی سے بھی روک دیا۔ فیصلہ جسٹس وقار احمد نے تحریر کیا۔ درخواست گزاروں نے موقف اپنایا کہ طالبان کے بعد وہ جان کے خطرے کی وجہ سے پاکستان آئے اور یہاں انہیں ہراسانی اور جبری ملک بدری کی دھمکیوں کا سامنا ہے۔ عدالت نے حکم دیا کہ دو ماہ تک انہیں ملک بدر نہ کیا جائے، اور اگر کیسز کا فیصلہ نہ ہو تو وزارتِ داخلہ انہیں پالیسی کے تحت عارضی قیام کی اجازت دے۔ مزید یہ کہ وہ یو این ایچ سی آر میں بھی پناہ کی درخواست دے سکتے ہیں۔ افغان خواجہ سراؤں نے بھی عدالت سے سیاسی پناہ کی درخواست پشاور ہائی کورٹ میں جمع کر دی تھی۔
پچھلے سات ماہ کے دوران ساڑھے چھ لاکھ سے زائد افغان مہاجرین پاکستان سے واپس افغانستان لوٹ چکے ہیں۔ عالمی ادارہ برائے مہاجرین کے مطابق حکومت نے 31 جولائی کو پروف آف رجسٹریشن (POR) کارڈ ہولڈرز کو بھی افغانستان واپسی کی تنبیہ جاری کی، اور انہیں رضاکارانہ واپسی کے لیے ایک ماہ کی مہلت دی گئی۔ مہلت ختم ہونے کے بعد صرف ستمبر میں ایک لاکھ اسی ہزار اور اکتوبر میں ایک لاکھ چون ہزار افغان مہاجرین کو واپس بھیجا گیا، جن میں بڑی تعداد پی او آر کارڈ رکھنے والوں کی تھی۔ یو این ایچ سی آر کے مطابق ستمبر سے اب تک آٹھ ہزار پانچ سو سے زائد پی او آر کارڈ رکھنے والے افراد کو گرفتار بھی کیا گیا ہے۔
یو این ایچ سی آر نے ایک مرتبہ پھر خبردار کیا ہے کہ افغانستان میں موجودہ انسانی حقوق کی صورتِ حال کے پیشِ نظر، بہت سے افغان شہریوں کو جبری طور پر اپنے ملک بھیجنے سے ان کی زندگیوں کو خطرات درپیش ہیں۔ ادارے کے مطابق خواتین اور لڑکیوں کے لیے حالات خاص طور پر زیادہ تشویشناک ہیں۔
پاکستان اور افغانستان کے درمیان پچھلے بارہ اکتوبر سے پانچ سرحدی گزرگاہیں تجارت اور لوگوں کی آمد و رفت کے لیے بند ہیں، تاہم یکم نومبر سے واپس جانے والے افغان مہاجرین کو اجازت دی گئی ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان حالیہ تناؤ سے پاکستان میں مقیم افغان مہاجرین کے مسائل میں کئی گنا اضافہ ہو چکا ہے۔