05 نومبر 2025
تحریر
اسلام گل
ضلع خیبر کی وادی تیراہ کے پینتالیس سالہ آشنا گل نہ صرف اپنے علاقے سے بے گھر ہو چکے ہیں بلکہ جاری بدامنی کی لہر میں اپنی بیوی کو بھی کھو چکے ہیں۔ باڑہ کے علاقے سپین ڈھنڈ میں رشتہ داروں کے حجرے میں عزیز و اقارب تعزیت کے لیے آ رہے ہیں، جبکہ ان کا چالیس افراد پر مشتمل خاندان ایک چھوٹے سے مکان میں عارضی طور پر مقیم ہے۔
آشنا گل نے بتایا کہ دو دن سے علاقے میں کرفیو نافذ تھا اور کسی کو گھر سے باہر نکلنے کی اجازت نہیں تھی۔ اس کے باوجود چھوٹے اور بھاری ہتھیاروں سے فائرنگ جاری تھی۔ جب 28 اکتوبر کی سہ پہر ساڑھے تین بجے فائرنگ کی شدت میں اضافہ ہوا تو انہوں نے اپنی بیوی، بچوں اور چار بھائیوں کے اہلِ خانہ سمیت چالیس کے قریب افراد کو حفاظت کی خاطر نچلے کمروں میں منتقل کر دیا، جبکہ خود اوپر والے کمرے سے باہر کی صورتحال کا جائزہ لیتے رہے۔
اچانک ایک بھاری گولہ اس کمرے پر جا گرا جہاں عورتیں اور بچے موجود تھے۔ آشنا گل جب نیچے پہنچے تو پورا گھر گرد و غبار میں لپٹا ہوا تھا۔ کچھ دکھائی نہیں دے رہا تھا۔ اندھیرے میں بچوں اور خواتین کی چیخیں گونج رہی تھیں۔ وہ زخمی بچوں اور خواتین پر پاؤں رکھتے ہوئے آگے بڑھے۔ تھوڑی دیر بعد ان کا بیس سالہ بیٹا عمر خان اپنی والدہ کو گود میں اٹھائے کمرے سے نکلا، مگر وہ جان کی بازی ہار چکی تھیں۔ دس سالہ بیٹی آفشاں، آٹھ سالہ بھتیجی ماریہ اور پچاس سالہ بہن شدید زخمی تھیں۔
مشکل ترین سفر
واقعے کے بعد زخمیوں کو قریبی ڈاکٹر کے پاس لے جانے کے لیے موبائل فون کے ذریعے مختلف لوگوں سے رابطہ کیا گیا تاکہ مساجد سے اعلانات کروا کر فائرنگ رکوائی جا سکے، لیکن بھاری ہتھیاروں سے گولہ باری کا سلسلہ بند نہ ہوا۔ مشکل حالات میں انہوں نے زخمیوں اور بیوی کی لاش کو ایک پک اَپ گاڑی میں ڈاکٹر کے پاس پہنچایا، جہاں موت کی تصدیق ہوئی۔
زخمیوں کی مرہم پٹی کے بعد واپسی پر نامعلوم سمت سے گولی لگنے سے تیس سالہ ڈرائیور دلشاد زخمی ہو گئے۔ گاڑی وہیں رک گئی جس میں بیس کے قریب رشتہ دار سوار تھے۔
کافی کوششوں اور رابطوں کے بعد اگلے روز دوپہر بارہ بجے لاش کو پیدل منتقل کرنے کی اجازت ملی۔ خاندان کے تمام افراد نے لاش کو کندھوں پر اٹھا کر دو گھنٹے پہاڑی راستوں کا سفر طے کیا۔ بیوی کی تدفین باڑہ میں کی گئی، جبکہ زخمی بچوں کا علاج جاری ہے۔
خون سے آلودہ یادیں
آشنا گل کے پانچ بچوں میں سے کوئی بھی واپس گھر جانے پر تیار نہیں۔ وہ شدید خوف میں مبتلا ہیں۔ جب آشنا گل واپسی کی بات کرتے ہیں تو بچے کہتے ہیں: “ہم کبھی اس گھر میں نہیں جا سکتے جہاں ماں کو شہید کیا گیا، جہاں کے کمرے اور چیزیں ان کے خون سے آلودہ ہیں۔”
بیس سالہ بیٹے عمر، جس نے ماں کو ملبے سے نکالا تھا، کے کپڑے والدہ کے خون سے رنگ گئے تھے اور وہ انہیں بدلنے پر تیار نہیں تھا۔ اس کا کہنا تھا: “یہ ماں کا مقدس خون ہے۔” کئی گھنٹوں کی منت سماجت کے بعد وہ کپڑے تبدیل کرنے پر راضی ہوا۔
ماضی اور حال
ضلع خیبر کا دور افتادہ اور پسماندہ علاقہ وادی تیراہ کبھی سیاحت اور بھنگ کی کاشت کے لیے مشہور تھا۔ ڈھائی سے تین لاکھ افراد کی آبادی والی اس وادی میں پچھلے تین سالوں سے صورتحال کشیدہ ہے۔
سیکیورٹی حکام کے مطابق علاقے میں مسلح گروہوں کے خلاف فوجی کارروائی کے پیشِ نظر لوگوں سے دوبارہ علاقہ چھوڑنے کو کہا گیا، تاہم مقامی لوگ اپنے گھروں سے نکلنے پر آمادہ نہیں۔
سید محمد، جنہوں نے اپنے بچوں کو باڑہ منتقل کر دیا ہے لیکن گھر کے باقی آٹھ افراد اب بھی وادی میں موجود ہیں، بتاتے ہیں: “2013 میں مستقل امن کے قیام کے لیے پوری وادی خالی کروائی گئی تھی۔ 2015 میں حکومت نے لوگوں کو واپس جانے کی اجازت دی۔ اس وقت تمام گھر مسمار تھے، زمینیں بنجر تھیں، مویشی جنگلی جانوروں کا شکار بن چکے تھے۔ حکومت نے کوئی خاطر خواہ مدد فراہم نہیں کی۔ ہم نے اپنے وسائل سے دوبارہ زندگی شروع کی، مگر چند سال بعد ایک بار پھر بدامنی شروع ہو گئی۔”
ان کا کہنا ہے: “ہم کسی قیمت پر اپنا گھر بار چھوڑنے کے لیے تیار نہیں، کیونکہ مستقل امن قائم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے۔”
بے گھر خاندانوں کی صورتحال
غیر سرکاری اعداد و شمار کے مطابق وادی تیراہ سے پانچ سو سے زائد خاندان بے گھر ہو چکے ہیں، جن میں اکثریت آفریدی قبیلے کی ذیلی شاخ برقمبر خیل سے تعلق رکھتی ہے۔ ان بے گھر خاندانوں کی رجسٹریشن یا امداد کا کوئی سرکاری انتظام موجود نہیں۔ زیادہ تر خاندان اپنے رشتہ داروں کے ہاں رہائش پذیر ہیں لیکن ان کے مسائل سنگین ہیں۔ اکثر خاندانوں نے صرف خواتین اور بچوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا ہے جبکہ مرد اب بھی علاقے میں موجود ہیں۔
تیراہ سے حالیہ نقل مکانی کے حوالے سے صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (PDMA) اور ضلعی حکام سے رابطہ کیا گیا تو کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔
چالیس سالہ عادل خان آفریدی، جنہوں نے کئی مقامی لوگوں کی طرح اپنے وسائل سے بے گھر رشتہ داروں کے لیے رہائش اور کھانے پینے کا انتظام کیا ہے، کہتے ہیں: “تیس سے زائد رشتہ دار میرے پاس مقیم ہیں۔ میں ہر ممکن کوشش کر رہا ہوں کہ ان کی ضروریات پوری کروں، مگر اپنے گھر نہ ہونے کی وجہ سے دو تین خاندان ایک ہی کمرے میں مشکل زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔”
امن کوششیں اور ان کی ناکامی
وادی تیراہ میں قیامِ امن کے لیے مقامی عمائدین اور مسلح گروہوں کے درمیان کئی مہینوں سے جرگے جاری ہیں، مگر ابھی تک کوئی واضح نتیجہ سامنے نہیں آیا۔
حکومتی ہدایت پر مقامی قبائل اور ضلع خیبر کے سیاسی و قبائلی عمائدین کے درمیان کئی نشستیں ہو چکی ہیں۔ برقمبر خیل کے عمائدین اور مسلح گروہوں کے درمیان مذاکرات میں مطالبہ کیا گیا کہ رہائشی علاقوں کو خالی کیا جائے اور فورسز پر حملے بند کیے جائیں، تاہم کوئی پیش رفت نہیں ہو سکی۔
سیاسی اتحاد نے فیصلہ کیا کہ وہ جاری فوجی آپریشن پر صوبائی حکومت کا موقف جاننے کے بعد لائحہ عمل طے کرے گا اور جلد وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا سے ملاقات کرے گا۔
معاہدہ اور خلاف ورزی
دو نومبر کو وادی تیراہ میں برقمبر خیل قومی شوریٰ اور کالعدم گروہ کے درمیان مذاکرات کامیاب ہو گئے۔ کالعدم گروہ نے رہائشی علاقوں اور عوامی مقامات کو خالی کرنے کا فیصلہ کیا۔ قومی شوریٰ کی کوششوں سے فورسز حکام کے ساتھ بات چیت ہوئی، کرفیو ہٹا دیا گیا اور دونوں جانب فائر بندی پر اتفاق ہو گیا۔ نقل مکانی کے امکانات ختم ہو گئے اور جو لوگ منتقل ہو چکے تھے، انہیں واپس آنے کا کہا گیا۔
تاہم بعد ازاں برقمبر خیل قومی شوریٰ کے مشران نے الزام لگایا کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے قرآنِ پاک پر ہونے والے امن معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے رہائشی علاقوں سے سیکیورٹی فورسز کو نشانہ بنانا شروع کر دیا، جس سے عام شہریوں کی زندگی دوبارہ اجیرن بن گئی۔
جرگے میں شریک قبائلی مشران نے کہا کہ عسکریت پسندوں کی فائرنگ کے جواب میں فورسز کی شیلنگ سے عام شہری متاثر ہو رہے ہیں۔ قومی مشر حاجی ظاہر شاہ آفریدی اور کمال الدین آفریدی کی سربراہی میں ہونے والے جرگے میں بزرگوں، نوجوانوں، تاجروں اور طلبہ تنظیموں کے نمائندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
قومی شوریٰ نے تحریک طالبان کی رہبری شوریٰ کو امن معاہدے کی خلاف ورزی کا ذمہ دار ٹھہرایا اور کہا کہ عسکریت پسند عام لوگوں کے گھروں، حجروں اور مساجد کو ڈھال کے طور پر استعمال کر رہے ہیں، جس سے انسانی جانوں کا نقصان بڑھتا جا رہا ہے۔
پانچ اگست کو قبیلہ برقمبر خیل اور مسلح گروہوں کے درمیان امن معاہدہ طے پایا تھا، جس میں مسلح افراد کے عام آبادی سے انخلا، مقامی آبادی سے فورسز پر حملوں کے خاتمے اور جرگے کی اطلاع کے بغیر کسی کارروائی سے گریز پر اتفاق ہوا تھا۔ معاہدے کی خلاف ورزی کے بعد دوبارہ جھڑپیں شروع ہو گئیں۔
گرینڈ جرگہ کا اعلان
قومی مشر حاجی ظاہر شاہ آفریدی نے اعلان کیا کہ ایک گرینڈ جرگہ بلایا جائے گا، جس میں برقمبر خیل کے ہر گھرانے سے ایک فرد شریک ہوگا۔ اس میں سیاسی و سماجی نمائندے، علما، تاجر اور طلبہ بھی شامل ہوں گے تاکہ علاقے کے امن و مستقبل کے حوالے سے اجتماعی فیصلے کیے جا سکیں۔
مقامی مشران، علما، تاجر برادری اور عوامی نمائندوں پر مشتمل جرگے میں فورسز کے مطالبے پر علاقے کو عارضی طور پر خالی کرنے کے معاملے پر بحث ہوئی۔ قبائلی عمائدین نے موقف اختیار کیا کہ علاقہ چھوڑنا آخری آپشن ہوگا، اور ہر فیصلہ باہمی مشاورت سے کیا جائے گا۔
عوام کی مایوسی
ان تمام کوششوں کے باوجود وادی تیراہ کے عام لوگ مطمئن نہیں۔ آشنا گل کہتے ہیں: “پچھلے کئی مہینوں سے جرگے ہو رہے ہیں اور یہی کہا جا رہا ہے کہ تشویش کی کوئی بات نہیں، نقل مکانی نہ کریں۔ اگر عمائدین نے بروقت حالات کی سنگینی سے آگاہ کیا ہوتا تو ہم اپنے بچوں اور خواتین کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیتے۔ اب ہم کسی امن کوشش پر یقین نہیں رکھتے۔”
شیڈلے کا سانحہ
اکتوبر میں اکاخیل کے علاقے شیڈلے میں دو گھروں پر بمباری کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 19 افراد سمیت 21 افراد جاں بحق ہوئے۔ اس سانحے پر علاقے کے سیاسی اتحاد نے شدید احتجاج کیا، جس کے بعد حکومت نے نہ صرف لواحقین کو مالی امداد دینے کا اعلان کیا بلکہ متاثرہ خاندان کو بے گناہ قرار دے کر غلطی تسلیم کی۔
نئے منتخب وزیرِ اعلیٰ سہیل آفریدی کی ہدایت پر امن جرگے کا انعقاد کیا گیا جس میں نہ صرف مقامی بلکہ دیگر قبائلی اضلاع سے بھی عمائدین اور سیاسی رہنماؤں نے شرکت کی۔ وزیرِ اعلیٰ نے واضح کیا کہ قبائلی پٹی میں مستقل امن کے قیام کے لیے تمام اضلاع میں امن جرگے منعقد کیے جائیں گے اور آخری جرگہ وزیرِ اعلیٰ ہاؤس میں منعقد ہوگا جس کے بعد تمام تجاویز وفاق کے سامنے رکھی جائیں گی۔ خیبر سے لے کر جنوبی ضلع تک امن جرگے منعقد ہو چکے ہیں، تاہم نومبر میں وزیرِ اعلیٰ ہاؤس میں حتمی جرگہ طلب کیا گیا ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کا بیان
دو دن قبل ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے میڈیا بریفنگ میں وادی تیراہ کی صورتحال پر تفصیلی بات کی۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی اور جرائم پیشہ عناصر ایسے عوامل ہیں جنہوں نے آپریشنز کو مؤثر طریقے سے آگے بڑھنے سے روک رکھا ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ علاقے کے امن عمل، نقل مکانی کے معاملات، اور فوجی کارروائیوں میں سیاسی دباؤ، حکومتی مداخلت یا مقامی پشت پناہی کی وجہ سے رکاوٹیں پیدا ہو رہی ہیں۔
ان کے بقول اس کا اثر یہ ہوا ہے کہ وادی تیراہ جیسے علاقوں میں نہ صرف فوجی کارروائیاں جاری ہیں بلکہ مقامی لوگ خوفزدہ ہیں، نقل مکانی کر رہے ہیں، اور معاشی و سماجی بندش کا سامنا کر رہے ہیں۔
منشیات کا کاروبار
ڈی جی آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ وادی تیراہ میں اس وقت بھی بارہ ہزار ایکڑ پر پوست کی فصل کاشت ہے جس سے اربوں روپے کی آمدن ہوتی ہے۔ ان کے بقول پوست کے کاروبار سے تیراہ کی ستر فیصد آبادی جڑی ہے۔ تیراہ پورے پاکستان میں پوست کا مرکز سمجھا جاتا ہے جہاں باقاعدہ چرس کی منڈیاں لگتی ہیں۔ اب اسی پوست اور چرس سے دہشت گرد بھی اپنا حصہ لیتے ہیں۔ پاکستان میں ڈرگ سمگلر یہیں سے چرس پورے ملک میں سمگل کرتے ہیں۔ افغانستان سے آنے والی منشیات کا بھی سب سے بڑا راستہ تیراہ ہے۔ اس اربوں کھربوں کی غیر قانونی آمدنی کا ایک خاص حصہ مقامی انتظامیہ اور سیاست دانوں کو بھی دیا جاتا ہے۔ یوں تیراہ میں منشیات نے دہشت گردوں، مقامی آبادی، مقامی انتظامیہ، سیاست دانوں اور سمگلرز کو آپس میں جوڑ دیا ہے۔