۱۰ نومبر ۲۰۲۵
اسلام گل آفریدی
خیبر
پاکستان اور افغان طالبان کے درمیان تعلقات میں کشیدگی کے باعث پچھلے ایک ماہ سے طورخم سمیت پانچ سرحدی گزرگاہیں دو طرفہ تجارت اور لوگوں کی آمدورفت کے لیے بند ہیں۔ اس بندش کی وجہ سے دو طرفہ تجارت بری طرح متاثر ہونے کے ساتھ مقامی لوگوں کی کمائی بند ہو چکی ہے۔
لنڈی کوتل میں جرگے کا انعقاد
طورخم سرحد کے حوالے سے آج لنڈی کوتل میں تحصیل چیئرمین کے دفتر میں ایک جرگہ منعقد ہوا جس میں تاجروں، مقامی عمائدین، ٹرانسپورٹرز، کسٹم کلیئرنس ایجنٹس، سیاسی اور سماجی کارکنوں نے شرکت کی۔
جرگے نے مشترکہ طور پر حکومت سے فوری طور پر طورخم سرحد کھولنے کے لیے نمائندہ جرگہ تشکیل دینے کا مطالبہ کیا تاکہ وہ افغان طالبان کے ساتھ مذاکرات کر سکیں۔
تاجر برادری نے خبردار کیا کہ اگر آئندہ تین دنوں میں حکومت اس مسئلے کو حل نہیں کرے گی تو صوبے بھر میں احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ شروع کیا جائے گا۔
قبائلی جرگوں کا کردار
ماضی میں بھی پاکستان اور افغانستان کے درمیان کشیدہ تعلقات کو بہتر بنانے کے لیے مقامی قبائلی جرگوں نے اہم کردار ادا کیا تھا، تاہم ابھی تک حکومت کی جانب سے حالیہ کشیدگی کم کرنے کے لیے جرگے کے ذریعے مسائل کے حوالے سے کچھ نہیں کہا گیا۔
تحصیل چیئرمین شاہ خالد شینواری نے بتایا کہ آج کے جرگے کا بنیادی مقصد دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات کے ذریعے کشیدگی کو کم کر کے طورخم سرحد کو ہر قسم کی آمدورفت کے لیے کھولنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سرحد کی بندش سے نہ صرف لنڈی کوتل کے مقامی لوگ سو فیصد متاثر ہو رہے ہیں بلکہ پشاور سمیت ملک بھر کے پیداواری یونٹس کو بھاری مالی نقصان کا سامنا ہے۔
معاشی نقصانات
طورخم سرحد کے دونوں جانب پانچ ہزار مال بردار گاڑیاں کھڑی ہیں۔ دو طرفہ تجارت سے وابستہ نمائندہ وفود نے اس بات پر زور دیا ہے کہ دونوں ممالک مسائل کو بات چیت کے ذریعے حل کر کے جلد از جلد سرحد کھولیں۔
طورخم کسٹم کلیئرنس ایجنٹس ایسوسی ایشن کے صدر مجیب شینواری نے جرگے میں اپنے موقف میں بتایا کہ سرحد کی بندش سے براہ راست کسٹم کلیئرنس ایجنٹ، مزدور، مقامی تاجر اور کارخانہ دار متاثر ہو رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سرحد کی حالیہ بندش کی وجہ سے روزانہ کی بنیاد پر ملک کے خزانے کو کروڑوں کا نقصان ہو رہا ہے اور ہزاروں کی تعداد میں لوگ بے روزگار ہو چکے ہیں۔
تاجروں کی ابتر صورتحال
افغانستان سے تازہ پھل درآمد کرنے والے تاجر خارج خان نے بتایا کہ انہوں نے رواں سیزن میں بارہ کروڑ روپے کی ایڈوانس ادائیگی کی، تاہم سرحد کی بندش سے ان کے کروڑوں روپے کا مال خراب ہوا۔
انہوں نے کہا کہ تازہ پھل خرید کر پاکستان لانے کے لیے گاڑیوں میں لادا گیا تھا، تاہم اچانک اور بغیر کسی پیشگی اطلاع کے سرحد بند ہونے سے کروڑوں روپے کا مال خراب ہو گیا۔ “ہم اس امید سے تھے کہ آج اجازت مل جائے گی یا کل، لیکن ایسا نہیں ہوا،” انہوں نے کہا۔
پاک افغان تجارت کی بندش سے لاکھوں لوگوں کا روزگار متاثر
عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما حاجی شیرین آفریدی نے بتایا کہ دونوں ممالک کے درمیان ہونے والی تجارت کے ساتھ لاکھوں لوگوں کی کمائی وابستہ ہے اور سرحدی علاقوں میں اس کے علاوہ روزگار کے کوئی مواقع موجود نہیں۔
انہوں نے کہا کہ حال ہی میں اعلیٰ سیکیورٹی قیادت کے ساتھ ملاکنڈ سے لے کر وزیرستان تک کے تاجر برادری کے نمائندہ وفود نے ملاقات کی اور درپیش مسائل کے حل کے حوالے سے اپنا موقف پیش کیا، تاہم دوسری جانب سے کوئی حوصلہ افزا جواب نہیں ملا۔
جرگے کا مشترکہ اعلامیہ
عوامی جرگے کے مشترکہ اعلامیے میں سرحد کے دونوں جانب عوام سے امن اور سرحدوں کی کھولنے میں کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔
بیان میں کہا گیا کہ ماضی میں دونوں ممالک کے درمیان تناؤ کم کرنے میں مقامی سطح پر نمائندہ جرگے نے ہمیشہ اہم کردار ادا کیا، تاہم موجودہ وقت میں دونوں ممالک کے درمیان مسائل زیادہ ہو چکے ہیں۔ لہٰذا حکومت سے مطالبہ ہے کہ پشتون سیاسی قیادت اور عوامی جرگے کو یہ ذمہ داری سونپی جائے۔
تجارتی حجم میں کمی
تاجروں کا کہنا ہے کہ مختلف مسائل کے باعث افغان منڈیوں میں پاکستانی مصنوعات کا حجم تیس فیصد سے بھی کم ہو چکا ہے۔
دوسری جانب پاکستان اور افغانستان کے درمیان مسائل کے حل اور بات چیت کا عمل دوبارہ شروع کرنے کے لیے ترکی کا ایک اعلیٰ سطحی وفد اسلام آباد آ رہا ہے۔