24 دسمبر 2025
رپورٹ:راشد لغاری
حیدرآباد: مبینہ چوری کے الزام میں گرفتار ایک نوجوان کی پولیس حراست میں موت کے بعد ورثاء نے 21 دسمبر کو ایس ایس پی دفتر کے سامنے لاش رکھ کر احتجاج کیا اور انصاف کا مطالبہ کیا۔ واقعے کے بعد ایس ایس پی حیدرآباد عدیل چانڈیو نے ایس ایچ او ہوسڑی جمن کوسو کو معطل کر دیا ہے۔
حیدرآباد کے تھانہ ہوسڑی کی حدود میں پانچ دن قبل مبینہ ڈکیتی کی وارداتی میں ملوث ہونے کے الزام میں نوجوان اسحاق پٹھان کو فریادیوں اور محلے داروں نے پکڑ کر پولیس کے حوالے کیا۔ پولیس تحویل میں جانے کے بعد نوجوان کی طبیعت خراب ہوئی اور اسے ایل ایم سی اسپتال حیدرآباد منتقل کیا گیا، جہاں علاج کے دوران وہ فوت ہو گیا۔
بجلی اور ڈرل مشین سے تشدد کیا: ورثاء
احتجاج کے موقع پر فوت شدہ نوجوان کے بھائی محمد یوسف، ایڈووکیٹ محمد حسین پٹھان، رحیم شاہ، اقبال پٹھان اور دیگر نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے سنگین الزامات عائد کیے۔ محمد یوسف نے کہا: “راجپوت برادری کے گھر میں مبینہ چوری کے واقعے کے بعد ان کے افراد نے ہمارے بھائی اسحاق کو پکڑ کر تھانہ ہوسڑی کی پولیس کے حوالے کیا، جہاں پولیس نے بجلی کے کرنٹ دیے اور ڈرل مشین سے سوراخ کر کے قتل کیا۔”
انہوں نے مزید کہا: “ہمیں اطلاع دیے بغیر اور ہماری غیر موجودگی میں لاش کا پوسٹ مارٹم کرایا گیا۔ یہ پولیس کی کھلی بربریت ہے۔”
ایڈووکیٹ محمد حسین پٹھان نے کہا: “اگر ہمارے نوجوان نے کوئی جرم کیا تھا تو اسے عدالت میں پیش کیا جاتا۔ تھانے میں حراست کے دوران وحشیانہ تشدد اور قتل انسانیت کے خلاف ہے۔”
ورثاء کا کہنا تھا کہ نوجوان کے پورے جسم پر زخموں اور تشدد کے واضح نشانات موجود ہیں۔ انہوں نے چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ سے اپیل کی کہ معاملے کا نوٹس لے کر عدالتی تحقیقات کرائی جائیں۔
تحویل کے دوران ملزم کی طبیعت خراب ہوئی، اسپتال میں علاج کے دوران ملزم فوت ہو گیا: پولیس
حیدرآباد پولیس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق، گزشتہ رات دیر گئے تین نامعلوم ملزمان محمد ندیم راجپوت کے بھینسوں کے باڑے میں داخل ہوئے۔ وارداتی کے دوران مالک نے مزاحمت کی تو ملزمان نے پستول کے بٹ سے تشدد کیا، جس سے ان کی انگلی ٹوٹ گئی۔ ملزمان ایک موبائل فون اور 35 ہزار روپے نقدی لوٹ کر فرار ہو گئے۔
پولیس کے مطابق فریادی فریق نے خود ملزمان کا تعاقب کیا اور ایک ملزم اسحاق ولد سلیم پٹھان کو پکڑ کر پولیس اسٹیشن ہوسڑی لایا۔ کیس نمبر 441/2025 بجرم دفعہ 397 تعزیراتِ پاکستان درج کیا گیا۔
پولیس کے بیان میں کہا گیا: “پولیس تحویل کے دوران ملزم کی طبیعت خراب ہونے پر فوری طور پر ایل ایم سی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں علاج کے دوران ملزم فوت ہو گیا۔”
پولیس کے مطابق متعلقہ جوڈیشل مجسٹریٹ کو بروقت تحریری اطلاع دی گئی، جنہوں نے اسپتال پہنچ کر دفعہ 176 ضابطہ فوجداری کے تحت قانونی کارروائی مکمل کرائی۔
حیدرآباد پولیس کا ماضی کا ریکارڈ
یہ حیدرآباد میں پولیس حراست میں موت کا پہلا واقعہ نہیں۔ اسی سال حیدرآباد سول اسپتال میں بدین جیل سے زخمی حالت میں لایا گیا ملزم ابلی شیدی اپنے ورثاء کو تشدد کے بارے میں بتاتے ہوئے فوت ہو گیا تھا۔
حیدرآباد پولیس پچھلے پانچ سالوں کے دوران 200 سے زائد ملزمان کو زخمی اور 30 سے زائد کو مقابلے میں مارنے کا دعویٰ کرتی رہی ہے۔ گزشتہ ہفتے بھی پنجاب سے تعلق رکھنے والے ایک ملزم کو ڈکیتی کے الزام میں مقابلے میں مارنے کا دعویٰ کیا گیا تھا۔
ایس ایچ او کی معطلی کے بعد واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔ ورثاء انصاف کے لیے عدالتی کارروائی کا منتظر ہیں اور ہیومن رائٹس تنظیموں نے بھی اس معاملے میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔