08 دسمبر 2025
رپورٹ: رانا مالہی

اسلام آباد: پیر کے روز اسلام آباد ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں ایڈوکیٹ ایمان زینب مزاری اور ان کے شوہر ہادی علی چٹھہ کے خلاف متنازع ٹویٹس کیس کی سماعت میں اہم پیش رفت ہوئی ہے ، جہاں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنز جج محمد افضل مجوکہ نے کارروائی کو 15 دسمبر تک ملتوی کر دیا۔ سماعت مؤخر ہونے کی وجہ وہ درخواست ہے جو ملزمان نے کیس کی منتقلی کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر کر رکھی ہے، جو اب بھی زیر سماعت ہے۔

سماعت کے دوران ایڈوکیٹ ایمان زینب مزاری اور ایڈوکیٹ ہادی علی چٹھہ عدالت میں موجود تھے۔ دفاع کے وکیل نے جج کو بتایا کہ درخواست ابھی اسلام آباد ہائیکورٹ میں زیر سماعت ہے، جس کے بعد عدالت نے طویل تاریخ دے دی۔

یہ درخواست گزشتہ جمعے کو اس وقت دائر کی گئی جب ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنز کورٹ میں سماعت کے دوران جج محمد افضل مجوکہ پر شفاف ٹرائل نہ ہونے کے اعتراضات اٹھائے گئے۔

اسی نوعیت کی ایک اور درخواست یکم دسمبر کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر کی گئی، جس میں موقف اپنایا گیا ہے کہ گواہوں کے بیانات ایڈوکیٹ ایمان زینب مزاری اور ایڈوکیٹ ہادی علی چٹھہ کی موجودگی کے بغیر ریکارڈ کیے گئے، جو منصفانہ ٹرائل کے اصولوں کے خلاف ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ سماعت میں کمرہ عدالت میں وکلاء نے نعرے بازی کی تھی جس کے باعث جج محمد افضل مجوکہ عدالت چھوڑ کر چلے گئے تھے اور بار کے صدر نے وکلا کو خاموش رہنے کی ہدایت کی تھی، جبکہ ایڈوکیٹ ایمان زینب مزاری اور ایڈوکیٹ ہادی علی چٹھہ نے پہلے بھی مؤقف اختیار کیا تھا کہ عدالت نے ان کی خواہش کے خلاف زبردستی سرکاری وکیل مقرر کیا۔

سپریم کورٹ میں نئی پیش رفت

متنازع ٹویٹس کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں سپریم کورٹ آف پاکستان نے کیس کو 11 دسمبر کو سماعت کے لیے مقرر کر دیا ہے۔
سپریم کورٹ کا تین رکنی بینچ، جس میں جسٹس ہاشم کاکڑ، جسٹس صلاح الدین پنہور اور جسٹس اشتیاق ابراہیم شامل ہیں، اس کیس کی سماعت کرے گا۔

کیس کا پس منظر

یہ مقدمہ اس وقت شروع ہوا جب ایمان مزاری نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کچھ ٹویٹس پوسٹ کیے جنہیں حکام نے متنازعہ اور ریاست مخالف قرار دیا۔ ان ٹویٹس کی بنیاد پر نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی نے ان کے خلاف پیکا کے تحت مقدمہ درج کیا۔ بعد میں ہادی علی چٹھہ کو بھی کیس میں شامل کیا گیا کیونکہ انہوں نے انہی پوسٹس کو ری ٹویٹ کیا تھا۔ استغاثہ کا مؤقف ہے کہ ان آن لائن پوسٹس سے ریاستی اداروں کی ساکھ متاثر ہوئی، جبکہ دونوں نامزدگان نے عدالت میں پیش ہو کر الزامات سے انکار کیا اور کہا کہ یہ کارروائی سیاسی نوعیت کی ہے۔

مقدمے کے دوران عدالت نے دونوں کے خلاف فردِ جرم عائد کی، استغاثہ کے گواہوں کے بیانات قلمبند کیے گئے اور کئی مرتبہ عدم پیشی پر ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری بھی جاری ہوئے۔ ہادی علی چٹھہ کو ایک موقع پر عدالت کے باہر سے گرفتار کیا گیا، جبکہ ایمان مزاری نے اپنے وکلاء کے ذریعے کارروائی کو غیر شفاف قرار دیتے ہوئے اسلام آباد ہائی کورٹ سے بھی رجوع کیا۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ بعض گواہوں کے بیانات ان کی غیر موجودگی میں ریکارڈ ہوئے، جو منصفانہ ٹرائل کے اصولوں کے خلاف ہے۔

ملکی اور بین الاقوامی سول سوسائٹی نے اس مقدمے میں تیز رفتاری سے سماعت اور ٹرائل کے طریقہ کار پر تشویش ظاہر کی ہے۔ وکلاء اور انسانی حقوق کے گروہوں کا کہنا ہے کہ دفاع کے حق اور منصفانہ سماعت کو مکمل طور پر یقینی بنانا ضروری ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ٹرائل شفاف، غیر جانبدار اور قانونی اصولوں کے مطابق ہو، تاکہ ملزمان کو اپنا حقِ دفاع حاصل ہو اور کسی قسم کا دباؤ یا جلد بازی نہ ہو۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here