18 دسمبر 2025

سٹاف رپورٹ


وزیر اعظم کے مشیر براۓ سیاسی امور سینیٹر رانا ثنا الله خان نے کہا ہے کہ عمران خان نے جمہوری نہیں مسلح جدو جہد کرنے کا فیصلہ کیا ہوا ہے۔

آج نیوز کے پروگرام سپاٹ لائٹ میں میزبان منیزے جہانگیر کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر رانا ثنا الله خان نے کہا کہ عمران خان کا اب بھی وہی فیصلہ ہے جو نو مئی اور نومبر دو ہزار بائیس کے دھرنے وقت تھا۔ اس حوالے سے ان کا مزید کہنا تھا کہ سہیل آفریدی وزیراعلیٰ بھی انہی اصولوں پر بنے ہیں ، ان کا مینڈیٹ بھی مسلح جدو جہد کا ہے اور انہوں نے کوہاٹ جلسے میں کہا کہ ہم اسلام آباد جائیں گے تو یا آزادی حاصل کریں گے یا پھر کفن میں واپس آئیں گے۔

تحریک انصاف سے مذاکرات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے رانا ثنا الله کا کہنا تھا کہ محمود خان اچکزئی کے ساتھ ہم نے ماضی میں بھی کام کیا ہے اور وہ جمہوری جدوجہد پریقین رکھتے ہیں لیکن یہاں فیصلہ عمران خان نے کرنا ہے اور ان کا فیصلہ جمہوری نہیں مسلح جدو جہد کا ہے۔

‘عمران خان کے بیٹوں کو سیاست کے لئے نہیں صرف والد سے ملاقات کے لئے پاکستان آنا چاہیے’

عمران خان کے بیٹوں کی پاکستان آمد کے حوالے سےسینیٹر رانا ثنا الله خان نے کہا ہے کہ عمران خان کے بیٹوں قاسم اور سلیمان کو پاکستان کا ویزا ملنا چاہیے لیکن ان کو پاکستان صرف اپنے والد سے ملاقات کے لئے ہی آنا چاہیے، کسی سیاسی ایونٹ کے لئے نہیں۔

آج نیوز کے پروگرام سپاٹ لائٹ میں میزبان منیزے جہانگیر کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر رانا ثنا الله کا کہنا تھا کہ اگر عمران خان کے بیٹے سیاست کے لئے آئے اور ائیرپورٹ پر ان کے لئے مجمع اکھٹا ہو گیا تو پھر ان کی سیکورٹی کی گارنٹی کون دے گا۔

واضح رہے کہ برطانوی میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے تحریکِ انصاف کے بانی عمران خان کے بیٹے قاسم خان نے کہا ہے کہ انہوں نے اور ان کے بھائی سلیمان نے پاکستان آنے کے لیے ویزا کی درخواست دے رکھی ہے اور وہ جنوری میں پاکستان کے دورے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

قاسم خان نے سابق وزیرِ اعظم کو دی گئی قید کی صورتحال پر بھی بات کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کو جس حالت میں رکھا گیا ہے وہ ایک “ڈیتھ سیل” کے مترادف ہے۔

‘اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے بھی تعصب سے بالا تر نہیں ہوتے’

اس سے قبل اقوامِ متحدہ کے خصوصی نمائندے براۓ ٹارچر ایلس جِل ایڈورڈز نے بھی کہا تھا کہ تحریکِ انصاف کے بانی اور سابق وزیرِ اعظم عمران خان کو جن حالات میں قید تنہائی میں کھا گیا ہے وہ غیر انسانی یا توہین آمیز سلوک کے زمرے میں آ سکتے ہیں۔

اس حوالے سے بات کرتے ہوئے سینیٹر رانا ثنا الله کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کے نمائندہ خصوصی براۓ ٹارچر کو کس نے بتایا ہے کہ عمران خان کو قید تنہائی میں رکھا ہوا ہے۔ اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے بھی تعصب سے بالاتر نہیں ہوتے۔

عمران خان کے اہلخانہ سے ملاقاتیں نہ کروانے کے حوالے سے وزیر اعظم کے مشیر کا کہنا تھا کہ عمران خان کی بہنیں ملاقات کے لئے نہیں وہ صرف جیل کے باہر دھرنا دینے اور ایونٹ بنانے کے لئے جاتی ہیں تاکہ وہاں خبریں بن سکے۔ عمران خان کی بہنیں جیل رولز کے مطابق ملاقات نہیں کرتیں۔ ان کو بتایا بھی گیا تھا کہ ملاقات کے بعد میڈیا سے بات نہ کیا کریں اور نہ ہی ٹویٹ سے متعلق کوئی پیغام باہر لایا کریں جس سے انہوں نے اتفاق کیا تھا لیکن پھر ملاقات کے بعد دوبارہ ٹویٹ کر دیا تھا۔

’اگر عمران خان اور فیض حمید کا گٹھ جوڑ ثابت ہو گیا تو پھر عمران خان کا معاملہ بھی فوجی عدالتوں میں جا سکتا ہے۔‘

سابق ڈی جی آئی ایس آئی فیض حمیدکی فوجی عدالت سے سزا کے حوالے سے بات کرتے ہوئے سینیٹر رانا ثنا الله نے کہا کہ ’’فیض حمید کی سیاسی سرگرمیوں سے مراد وہ کام تھے جو انہوں نےاپنے آفیشل اسائنمنٹ کے علاوہ کیے ہوئے تھے جیسے کہ نومبر دو ہزار بائیس کا لانگ مارچ اور نو مئی کے واقعات، میری انفارمیشن کے مطابق ان میں جنرل باجوہ کا ان سے کوئی تعلق نہیں تھا۔‘‘

ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر نومبر دو ہزار بائیس کا لانگ مارچ اور نو مئی کے واقعات میں عمران خان اور فیض حمید کا گٹھ جوڑ ثابت ہو گیا تو پھر عمران خان کا معاملہ بھی فوجی عدالتوں میں جا سکتا ہے۔

نیشنل فنانس کمیشن ایوارڈ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیر اعظم کے مشیر براۓ سیاسی امور سینیٹر رانا ثنا الله خان نے کہا کہ این ایف سی میں وہی تبدیلی کریں گے جس پر پیپلز پارٹی آمادہ ہو جائے۔ایک پرابلم موجود ہے جس کو سب مانتے ہیں لیکن اس پرابلم کو حل کرنے کے مختلف حل موجود ہیں اور ان میں سے کسی ایک طریقے پر سب لوگ آمادہ ہو سکتے ہیں۔ اس مقصد کے لئے وزیر اعظم ایک کمیٹی بنانے والے ہیں۔

‘ہمارا جوڈیشل سسٹم جرم کی آبیاری کے لیے ہے’

حال ہی میں سپریم کورٹ کی طرف سے ایک فیصلے، جس میں ریپ کے کیس کو زنا بالرضا میں تبدیل کر دیا گیا تھا، پر تبصرہ کرتے ہوئے رانا ثنا الله کا کہنا تھا کہ ہمارا جوڈیشل سسٹم جرم کی آبیاری کے لیےہے۔ ریپ کے مقدمے کو زنا بالرضا میں تبدیل کر دیا جاتا ہے اور پھرخواتین کا کوئی پرسان حال نہیں رہتا۔

جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا حکومت اس فیصلے کے خلاف ریویو میں جائےگی تو رانا ثنا الله کا کہنا تھا کہ ریویو میں جانے سےکچھ حاصل نہیں ہوگا۔ ہو سکتا ہےکہ عدالت کیس کو ایڈمٹ ہی نہ کرے۔اس طرح کے تمام فیصلے قابل مذمت ہیں اور اس حوالے سے وکلاء تنظیموں کو سامنےآناچاہیے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here