18 دسمبر 2025
رپورٹ: اعتزاز ابراہیم
سپریم کورٹ آف پاکستان نے تعزیراتِ پاکستان کی دفعہ 376 (زنا بالجبر) کے تحت سنائی گئی بیس سال قیدِ بامشقت کی سزا کو کم کرتے ہوئے اسے دفعہ 496-بی (رضامندی سے زنا) کے تحت پانچ سال قیدِ بامشقت میں تبدیل کر دیا ہے۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں ایف آئی آر کے اندراج میں سات ماہ کی تاخیر اور متاثرہ خاتون کے جسم پر تشدد کے نشانات نہ ہونے کو بنیاد بنایا۔
یہ فیصلہ سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے دو ایک کی اکثریت سے سنایا، جس میں جسٹس ملک شہزاد احمد، جسٹس عقیل عباسی اور جسٹس صلاح الدین پنہوار شامل تھے۔ جسٹس صلاح الدین پنہوار نے اکثریتی فیصلے سے اختلافی نوٹ تحریر کیا۔
یہ فیصلہ سامنے آتے ہی خواتین کے حقوق کے کارکنوں اور وکلا کی جانب سے شدید ردِعمل دیکھنے میں آیا، جنہوں نے عدالت کے حکم کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے انصاف کی سنگین ناکامی اور انصاف کا مذاق قرار دیا۔
واضح رہے کہ یہ تیسرا موقع ہے کہ جب جسٹس ملک شہزاد احمد نے ریپ کے مقدمے میں دی گئی سزا کو کم کر کے ملزم کو زنا بالرضا کا مرتکب قرار دے کر اس کی سزا کم کر دی ہو۔
کیس کا پس منظر
یہ مقدمہ اکتوبر دو ہزار پندرہ میں درج کیا گیا تھا۔ متاثرہ خاتون نے الزام عائد کیا تھا کہ سات ماہ قبل وہ اپنے گھر سے نکل کر پاس ہی جنگل تک گئی جہاں ملزم حسن خان نے اس کے ساتھ زیادتی کی۔ مبینہ زیادتی کے نتیجے میں متاثرہ خاتون حاملہ ہو گئی اور بعد ازاں اس نے ایک بچے کو جنم دیا۔ بعد میں کیے گئے ڈی این اے ٹیسٹ سے یہ بات ثابت ہوئی کہ ملزم ہی بچے کا بائیولوجیکل باپ ہے ۔
دو ہزار سترہ میں ٹرائل کورٹ نے ملزم کوریپ کی دفعہ 376 کے تحت مجرم قرار دیتے ہوئے بیس سال قیدِ بامشقت اور پانچ لاکھ روپے بطور ہرجانہ متاثرہ خاتون کو ادا کرنے کی سزا سنائی۔ جس کے بعد لاہور ہائیکورٹ نے بھی ٹرائل کورٹ کے فیصلے کو برقرار رکھا تھا۔
تاہم اب سپریم کورٹ کے فیصلے، جو جسٹس ملک شہزاد احمد نے تحریر کیا، میں کہا گیا ہے کہ یہ واقعہ ریپ کا معاملہ نہیں تھا۔ فیصلے میں شکایت درج کرانے میں تاخیر کو بنیاد بنایا گیا ہے۔
عدالتی حکم میں کہا گیا کہ واقعے کے بعد متاثرہ خاتون اپنے گھر واپس آئی جہاں اس کا بھائی اور دیگر اہلِ خانہ موجود تھے، لیکن وہ تقریباً سات ماہ تک خاموش رہی۔ فیصلے کے مطابق شکایت کنندہ کی سات ماہ کی طویل خاموشی اس کے طرزِ عمل کے خلاف جاتی ہے، اس لیے سات ماہ کی تاخیر سے درج کی گئی جبری زیادتی کی کہانی پر اندھا یقین نہیں کیا جا سکتا۔ عدالت نے یہ بھی قرار دیا کہ واقعے کے وقت متاثرہ کی جانب سے کوئی مزاحمت نہیں کی گئی۔
فیصلے میں مزید کہا گیا کہ میڈیکل افسر نے متاثرہ خاتون کے پورے جسم پر تشدد کے کسی بھرے ہوئے نشان کا ذکر نہیں کیا۔ نہ ہی متاثرہ خاتون کے کپڑے پولیس یا ٹرائل کورٹ کے سامنے پیش کیے گئے تاکہ یہ ثابت کیا جا سکے کہ واقعے کے وقت وہ پھٹے ہوئے تھے۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ متاثرہ خاتون نے کسی قسم کی مزاحمت نہیں کی۔
فیصلے میں کہا گیا کہ پورے استغاثہ کے مقدمے کا جائزہ لینے کے بعد عدالت اس نتیجے پر پہنچی ہے کہ یہ دفعہ 376 کے تحت زیادتی کا کیس نہیں بلکہ رضامندی سے بدکاری کا معاملہ ہے، جو دفعہ 496-بی کے تحت قابلِ سزا ہے۔
تعزیراتِ پاکستان کی دفعہ 496-بی کے مطابق اگر کوئی مرد اور عورت جو آپس میں شادی شدہ نہ ہوں، جان بوجھ کر جنسی تعلق قائم کریں تو وہ بدکاری کے مرتکب ہوں گے۔ قانون کے مطابق بدکاری کا مرتکب شخص ایسی قید کی سزا کا مستحق ہو گا جو پانچ سال تک ہو سکتی ہے، اور اس کے ساتھ دس ہزار روپے تک جرمانہ بھی عائد کیا جا سکتا ہے۔
عدالت نے یہ بھی نوٹ کیا کہ اگر اسے یہ قرار دینا پڑے کہ یہ بدکاری کا مقدمہ ہے تو شکایت کنندہ ( ریپ کی شکار خاتون) بھی رضامندی سے ناجائز تعلق کے جرم میں ملزمہ ٹھہر سکتی ہے، تاہم چونکہ پولیس نے اسے مقدمے میں چالان نہیں کیا اور نہ ہی ٹرائل کورٹ نے اس کے خلاف دفعہ 496-بی کے تحت کوئی فردِ جرم عائد کی، اس لیے اسے اپنے دفاع کا موقع نہیں ملا۔ اس لئے عدالت کے مطابق ایسے میں اسے اس مرحلے پر سزا دینا مناسب نہیں ہوگا۔
اختلافی نوٹ
اپنے اختلافی نوٹ میں جسٹس صلاح الدین پنہوار نے کہا کہ زیادتی اور جنسی ہراسانی کے واقعات اکثر رپورٹ نہیں ہوتے کیونکہ متاثرین کو رپورٹ کرنے کے نتائج کا خوف ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس مقدمے میں متاثرہ لڑکی کم عمر، غیر شادی شدہ ہے، اس کے والدین وفات پا چکے ہیں، اور اس کا ایک بڑا بھائی ہے، جبکہ ریکارڈ سے یہ بھی ظاہر ہوتا ہے کہ متاثرہ لڑکی کو دھمکیاں دی گئی تھیں۔ ان حالات میں یہ بات سمجھ میں آتی ہے کہ ایک لڑکی اپنے بھائی کے ساتھ ایسے افسوسناک واقعے کا ذکر کرنے سے کیوں ہچکچائی ہو گی۔
اختلافی نوٹ میں اس بات پر زور دیا گیا کہ جنسی تشدد کی رپورٹ میں تاخیر استغاثہ کے لیے مہلک نہیں ہوتی، کیونکہ معاشرتی دباؤ اس میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ جسٹس پنہوار نے اس دلیل سے بھی اختلاف کیا کہ جسم پر تشدد کے نشانات نہ ہونے سے ملزم کو فائدہ پہنچتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ چونکہ ملزم کے پاس ہتھیار تھا، اس لیے کوئی بھی متاثرہ لڑکی ایسی حالت میں مزاحمت سے گریز کرے گی۔ انہوں نے محبوب احمد کیس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ملزم کے ہاتھ میں ہتھیار ہونا اکثر جسم پر زخموں کے نشانات نہ ہونے کی وضاحت کرتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سات ماہ بعد ہونے والا طبی معائنہ متاثرہ کی جسمانی مزاحمت کو مؤثر طور پر ظاہر نہیں کر سکتا۔
جسٹس پنہوار نے زور دیا کہ دفعہ 376 اور دفعہ 496-بی دو الگ الگ جرائم ہیں اور محض سزا کم کرنے کے لیے ایک جرم کو دوسرے میں تبدیل نہیں کیا جا سکتا۔
فیصلے پر انسانی حقوق کے حلقوں کا شدید ردعمل
عاصمہ جہانگیر لیگل ایڈ سیل کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر ندا علی نے کہا کہ وہ یہ دیکھ کرحیران ہیں کہ موجودہ دور میں اس نوعیت کا فیصلہ کیسے سنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ جسٹس شہزاد احمد خان کا پہلا ایسا فیصلہ نہیں ہے، بلکہ حقیقت میں یہ تیسری مرتبہ ہے کہ انہوں نے مزاحمت کے نشانات نہ ہونے کی بنیاد پر جنسی زیادتی کے الزامات کو زنا بالرضا میں تبدیل کیا ہے۔ انہوں نے اس بات کی بھی نشاندہی کی کہ فوجداری ضابطۂ کارروائی کی شق دو سو تین (سی) کے تحت کوئی بھی عدالت بدکاری کا نوٹس نہیں لے سکتی، جب تک کسی مجاز عدالت کے سامنے اس کی باقاعدہ شکایت درج نہ کی گئی ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس کا مطلب یہ ہے کہ زیادتی کے الزامات کو زنا میں تبدیل نہیں کیا جا سکتا، کیونکہ زنا کی شکایت کسی فرد کی جانب سے سیشن عدالت میں دائر کی جانی ضروری ہوتی ہے۔
ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان کی شریک چیئرپرسن منیزے جہانگیر نے کہا کہ یہ فیصلہ واپس لیا جانا چاہیے کیونکہ یہ خواتین کے لیے ایک نہایت خطرناک مثال قائم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے غیر معقول اور خواتین مخالف فیصلوں کے بعد دیگر خواتین زیادتی کی رپورٹ درج کرانے سے مزید خوفزدہ ہوں گی۔ انہوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں زیادتی کی سزا کی شرح محض پانچ فیصد ہے اور ایسے فیصلے فوجداری انصاف کے نظام پر خواتین کے اعتماد کو مزید مجروح کریں گے۔
سابق چیئرپرسن قومی کمیشن برائے حیثیتِ نسواں خاور ممتاز نے بھی فیصلے پر تبصرہ کرتے ہوئے جسٹس پنہوار کے مؤقف کو سراہا اور جسٹس عائشہ ملک کے سابق فیصلے کا حوالہ دیا، جس میں کہا گیا تھا کہ زیادتی ثابت کرنے کے لیے مزاحمت کے نشانات ضروری نہیں۔ انہوں نے کہا کہ فیصلے کے پیچھے دی گئی منطق تشویشناک ہے۔ ان کے مطابق دھمکی، تنہائی اور خوف متاثرہ کو خاموش کر دیتے ہیں اور یہی ذہنیت اس فیصلے میں جھلکتی ہے، جو متاثرہ خواتین کے ذہنی کرب اور دباؤ سے لاعلمی کو ظاہر کرتی ہے۔
اسلام آباد سے تعلق رکھنے والی خواتین کے حقوق کی کارکن طاہرہ عبداللہ نے بھی فیصلے کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ دو ججوں نے متاثرہ کو رضامندی سے زنا کا مجرم قرار دے کر اسے بدنام اور شرمندہ کرنے کی کوشش کی ہے، جو ناقابلِ قبول ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ متاثرہ کے لیے مزید جسمانی، نفسیاتی اور سماجی صدمے کا باعث بنے گا اور اس کے سنگین نتائج بھی نکل سکتے ہیں۔ انہوں نے چیف جسٹس سے مطالبہ کیا کہ وہ ازخود نوٹس لیتے ہوئے اس فیصلے کا شفاف اور غیر جانبدارانہ جائزہ لیں تاکہ انصاف کی بڑی ناکامی کا ازالہ کیا جا سکے۔
خواتین کے حقوق کی کارکن فرزانہ باری نے بھی اس فیصلے کو انتہائی افسوسناک قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کے حقوق کے کارکنوں کو یہ شعور اجاگر کرنے میں دہائیاں لگیں کہ جسم پر نشانات نہ ہونے کا مطلب یہ نہیں کہ مزاحمت نہیں ہوئی یا تعلق رضامندی سے تھا۔ انہوں نے کہا کہ انسدادِ زیادتی ایکٹ میں ان تمام نکات کو تسلیم کیا گیا ہے اور واضح کیا گیا ہے کہ رپورٹ میں تاخیر کو عورت کے خلاف استعمال نہیں کیا جانا چاہیے۔
ان کے مطابق اگر ججوں کی سوچ میں بھی عدم سزا کا کلچر جھلکتا ہے تو یہ خواتین کی انصاف تک رسائی کے خلاف ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس فیصلے پر نظرِثانی نہ کی گئی تو یہ آبادی کے نصف سے زائد حصے کے لیے ایک نہایت بری مثال بن جائے گا۔