23 دسمبر 2025
سٹاف رپورٹ
سینئر سیاستدان اور ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان کے سابق چیئرمین افرسیاب خٹک نے کہا ہے کہ کشمیر، خیبر پختونخوا، بلوچستان اور گلگت بلتستان کو یکسر نظرانداز کر دیا گیا ہے بلکہ ان علاقوں کو بھیڑیوں اور دہشت گردوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے، اس لیے اب سیاسی جدوجہد کے سوا کوئی راستہ نہیں بچا۔
آج نیوز کے پروگرام اسپاٹ لائٹ میں میزبان منیزے جہانگیر سے گفتگو کرتے ہوئے افرسیاب خٹک کا کہنا تھا کہ اس وقت مذاکرات کے لیے حالات سازگار نہیں، کیونکہ سول حکومت ہر معاملے پر یہ کہتی ہے کہ “پوچھ کر بتائیں گے”، جو ایک شرمناک طرزِ عمل ہے۔
پروگرام میں شریک وفاقی وزیر مملکت برائے مذہبی امور کھیل داس کوہستانی نے کہا کہ حکومت نے کبھی یہ نہیں کہا کہ اس کے پاس اختیار نہیں ہے۔ حکومت اور اسپیکر قومی اسمبلی نے متعدد مرتبہ پاکستان تحریک انصاف کو مذاکرات کی دعوت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس راستے پر عمران خان چل پڑے ہیں، وہ حکومت کی خواہش نہیں تھی، اور وہ سب کو چور چور کہتے ہیں۔
‘مذاکرات صرف بااختیار افراد سے کرنا چاہتے ہیں’
پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر امجد علی خان نے کہا کہ تحریک انصاف فوج کی مداخلت نہیں چاہتی، تاہم ہم مذاکرات صرف بااختیار افراد سے کرنا چاہتے ہیں، ورنہ یہ تاثر دیا جاتا ہے کہ ہم صرف احتجاج کرتے ہیں اور مذاکرات کی میز پر نہیں آتے۔
تحریک انصاف کے آئندہ لائحہ عمل سے متعلق سوال پر ڈاکٹر امجد علی خان نے کہا کہ ایک سیاسی جماعت ہونے کے ناطے ہم مذاکرات چاہتے ہیں، لیکن اگر ہمارے مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو اس بار ہم خاموش نہیں بیٹھیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس بار پہیہ جام اور شٹر ڈاؤن ہڑتال کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ عمران خان نے محمود خان اچکزئی کو اختیار دیا ہوا ہے کہ اگر حکومت بااختیار ہو کر مذاکرات کرے تو بات چیت کی جا سکتی ہے۔
مذاکرات کے حوالے سے کھیل داس کوہستانی نے کہا کہ سب کہتے ہیں کہ نواز شریف بات کریں اور راستہ نکالیں، لیکن نواز شریف متعدد بار کہہ چکے ہیں کہ تحریک انصاف کو ماضی کی اپنی غلطیوں کو تسلیم کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف تو مولانا فضل الرحمن کو اپنی کانفرنس میں بھی مدعو نہیں کر سکی۔
انہوں نے مزید کہا کہ حالات میں بہتری کے لیے ضروری ہے کہ عمران خان نو مئی کے واقعات پر معافی مانگیں۔
قومی کانفرنس میں مولانا فضل الرحمن کی عدم شرکت پر ڈاکٹر امجد علی خان نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ مولانا کانفرنس میں آنا چاہتے تھے، تاہم چونکہ کانفرنس کے ایجنڈے میں چھبیسویں آئینی ترمیم بھی شامل تھی اور جے یو آئی (ف) اس ترمیم کے حق میں ووٹ دے چکی تھی، اس لیے انہوں نے شرکت نہیں کی۔ تاہم آٹھ فروری کے احتجاج کے لیے مولانا فضل الرحمن کو اعتماد میں لیا جائے گا اور ان کو ساتھ ملانے کی کوشش کی جائے گی۔
پروگرام میں غزہ میں فوج بھیجنے کے معاملے پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت کھیل داس کوہستانی نے کہا کہ اس حوالے سے تاحال کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔
اس پر افرسیاب خٹک کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں غزہ فوج بھیجنا درست فیصلہ نہیں ہوگا، کیونکہ وہاں پہلے ہی بہت زیادہ تباہی ہو چکی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا کو چاہیے کہ وہ عرب ممالک کی افواج کو استعمال کرے، کیونکہ ان کی زبان اور ثقافت ایک جیسی ہیں۔ پاکستان اگر فوج بھیجتا ہے تو اس کا نقصان خود پاکستان کو ہوگا۔