دانیال عزیز
پشاور
پاکستان میں افغان مہاجرین کی واپسی کے حوالے سے جاری پالیسی اور حکومتی کارروائیوں نے نہ صرف سرحدی علاقوں بلکہ عدالتی کمروں تک گہرے اثرات مرتب کیے ہیں۔ ایک جانب حکومت غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہریوں کی واپسی کے لیے حکمت عملی پر عمل پیرا ہے، تو دوسری جانب ہزاروں افغان شہری اپنے قانونی اور انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے پشاور ہائیکورٹ کا دروازہ کھٹکھٹا رہے ہیں۔
افغانستان ہمارے لیے اجنبی ملک بن چکا ہے
نوشہرہ کے رہائشی افغان شہری اجمل خان کی آواز میں بے بسی اور مایوسی صاف جھلکتی ہے۔ وہ کہتے ہیں: میرا نام اجمل ہے، میں نوشہرہ میں رہتا ہوں۔ افغانستان میں نہ ہماری زمین ہے، نہ گھر اور نہ ہی کوئی جائیداد۔ وہاں دشمنیاں ہیں، حالات ایسے ہیں کہ لوگ جانے سے ڈر رہے ہیں۔ ہمارے آباؤ اجداد دہائیوں پہلے پاکستان آئے تھے، افغانستان ہمارے لیے اجنبی ملک بن چکا ہے۔
اجمل خان کے مطابق افغانستان میں خواتین کی تعلیم پر پابندی سمیت متعدد سخت قوانین نافذ ہیں، جن کی وجہ سے وہاں واپسی ان کے لیے ممکن نہیں۔ وہ بھاری دل سے کہتے ہیں: “پاکستان ہی ہمارا گھر اور وطن ہے، ہم یہیں رہنا چاہتے ہیں۔ حکومت اپنی پالیسی میں نرمی لائے۔ افغانستان میں نہ کوئی ٹھکانہ ہے اور نہ سہارا، تو ہم وہاں کیسے جائیں؟” اجمل خان نے پاکستان میں قانونی رہائش یقینی بنانے کے لیے پشاور ہائیکورٹ میں باقاعدہ درخواست دائر کر رکھی ہے۔
عدالتوں کی جانب ہجوم
افغان مہاجرین کی واپسی کے حکومتی فیصلے کے بعد پشاور ہائیکورٹ میں دائر کی جانے والی درخواستوں کی تعداد میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے۔ ہزاروں افغان شہری عدالت سے انصاف کی التجا کر رہے ہیں۔ ان کا مؤقف یہ ہے کہ
-ان کا پاکستان میں دہائیوں پر محیط قیام رہا ہے
– کئی افراد کی شادی پاکستانی شہریوں سے ہوئی ہے
– بہت سے بچے پاکستان میں پیدا ہوئے ہیں
– افغانستان میں ان کے لیے نہ گھر ہے، نہ روزگار اور نہ ہی تحفظ
درخواست گزاروں کا اصرار ہے کہ انسانی اور قانونی بنیادوں پر انہیں پاکستان میں رہنے کا حق دیا جانا چاہیے۔
پی او سی کارڈ کا حق
اجمل خان کے وکیل سیف اللہ محب کاکا خیل ایڈووکیٹ کہتے ہیں کہ ان کے موکل کا کیس قانونی طور پر مضبوط ہے۔ اجمل خان کی بیوی پاکستانی شہری ہے، جبکہ پیدائش کی بنیاد پر بھی ان کا کیس مستحکم ہے۔ پشاور ہائیکورٹ نے اجمل خان کے حق میں فیصلہ دیتے ہوئے پی او سی کارڈ جاری کرنے کے احکامات دیے ہیں۔
وکیل کے مطابق اگر کسی کے بچے یا نواسے پاکستانی ہوں تو انہیں بھی پی او سی کارڈ مل سکتا ہے۔ 1979 سے قبل پاکستان آنے والے افغان شہری، جن کے پاس قابل قبول ریکارڈ ہو، وہ پاکستان میں رہنے کے حقدار ہیں۔” انہوں نے مزید بتایا: “روزانہ درجنوں ایسے خاندان عدالتوں کا رخ کرتے ہیں جن کا سب کچھ پاکستان میں ہے اور افغانستان میں کچھ بھی نہیں۔ جن افراد کا حق بنتا ہے، ان کے لیے قانونی جدوجہد جاری رکھی جا رہی ہے۔
نادرا کا مؤقف اور قانونی پیچیدگیاں
دوسری جانب نادرا حکام کا موقف واضح ہے کہ قانون کے مطابق صرف انہی افراد کے لیے راستہ نکالا جا سکتا ہے جن کا حق بنتا ہو۔
نادرا کے لاء آفیسر شاہد عمران گیگیانی کہتے ہیں: جن افراد کے پاس پاسپورٹ موجود ہو، وہ پی او سی کارڈ کے لیے اہل ہو سکتے ہیں۔ نادرا کے قواعد و ضوابط پر پورا اترنے کے بعد ہی پی او سی جاری کیا جاتا ہے۔ غیر قانونی طور پر مقیم افراد کو مستقل رہائش دینا ممکن نہیں۔
نادرا حکام نے واضح کیا کہ پشاور ہائیکورٹ کا وہ فیصلہ، جس میں پاسپورٹ کے بغیر پی او سی کارڈ کی اجازت دی گئی تھی، سپریم کورٹ کی جانب سے معطل ہو چکا ہے۔ اس کے باعث کئی کیسز التوا کا شکار ہیں۔
خیبرپختونخوا میں کارروائیاں جاری
ملک کے دیگر حصوں کی طرح خیبرپختونخوا میں بھی افغان مہاجرین کی واپسی کے لیے پولیس مختلف علاقوں میں کارروائیاں کر رہی ہے۔ تاہم خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے ابھی تک افغان مہاجرین کی واپسی کے فیصلے کا باضابطہ خیرمقدم نہیں کیا گیا۔
بین الاقوامی تنظیموں اور سرکاری رپورٹس کے مطابق پہلے مرحلے سے لے کر جون 2025 تک مجموعی طور پر 10 لاکھ 88 ہزار سے زائد افغان شہری پاکستان سے افغانستان واپس جا چکے ہیں۔ صرف جنوری تا مئی 2025 کے دوران 2 لاکھ 74 ہزار 300 افغان شہری واپس گئے، جن میں سے تقریباً 45 ہزار 400 افراد کو پولیس کارروائیوں کے ذریعے واپس بھیجا گیا۔
پاکستان میں افغان مہاجرین کی واپسی اور ان کے قانونی حقوق کا معاملہ ایک حساس انسانی اور آئینی مسئلہ بن چکا ہے۔ اجمل خان جیسے ہزاروں افغان شہری عدالتوں سے امید لگائے بیٹھے ہیں کہ انہیں پاکستان میں رہنے، شناختی دستاویزات حاصل کرنے اور اپنے خاندانوں کے محفوظ مستقبل کا حق مل سکے۔
تاہم حکومت اور نادرا کا موقف یہ ہے کہ ہر کیس قانون کے مطابق دیکھا جا رہا ہے، جبکہ غیر قانونی طور پر مقیم افراد کے لیے مستقل رہائش کے امکانات محدود ہیں۔ یہ کشمکش جاری ہے اور اس کا حل ابھی دور نظر آتا ہے