12 دسمبر 2025

رپورٹ: فاروق شیخ


مظفرگڑھ: تحصیل علی پور میں نجی تعلیمی اداروں میں جنسی استحصال کے واقعات نے پورے ضلع کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ ایک ماہ کے قلیل عرصے میں تین بڑے سکینڈلز کا سامنے آنا نہ صرف تعلیمی نظام پر سوالیہ نشان ہے بلکہ معاشرے میں گہری بے چینی پھیلا چکا ہے۔

تازہ ترین واقعہ: پرنسپل کی طالبہ سے زیادتی

تحصیل علی پور کے علاقے بندے شاہ کی 17 سالہ میٹرک کی طالبہ کو مسلسل کئی ماہ تک جنسی استحصال کا نشانہ بنایا گیا۔ ملتان روڈ پر واقع مثالی آکسفورڈ پبلک سکول کے پرنسپل طاہر شریف نے بلیک میل کر کے متاثرہ طالبہ کو متعدد بار زیادتی کا نشانہ بنایا۔ طالبہ کے بیان کے مطابق، سکول کے مالک اور ملزم کے بھائی راشد شریف نے معاملہ دبانے کے لیے شادی کا جھانسہ دیا، لیکن طالبہ کے حاملہ ہونے پر شادی سے انکار کر دیا۔

علی پور تھانہ صدر نے طالبہ کی درخواست پر میڈیکل معائنہ کرایا جس میں طالبہ کے تین ماہ حاملہ ہونے کی تصدیق ہوئی۔ پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے، تاہم ابھی تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔

ایک ماہ میں تین سکینڈلز

علی پور میں جنسی استحصال کے واقعات کا یہ سلسلہ مسلسل جاری ہے:

پہلا واقعہ: پرائیویٹ سکول کے مالک ہدایت اللہ رضوی کی جانب سے خواتین اساتذہ کے ساتھ جنسی استحصال اور ان کی نازیبا ویڈیوز بنانے کا معاملہ، جو ابھی تک کسی نتیجے تک نہیں پہنچا تھا۔

دوسرا واقعہ: ایک کمپیوٹر انسٹی ٹیوٹ میں استاد کی طالبہ کے ساتھ نازیبا حرکات کی ویڈیو سامنے آئی، جس پر پولیس نے مقدمہ درج کر لیا۔

تیسرا واقعہ: مثالی آکسفورڈ پبلک سکول میں پرنسپل کی میٹرک کی طالبہ سے متعدد بار زیادتی اور حمل کا معاملہ۔

عوامی ردعمل

ملک مظہر پہوڑ ایڈووکیٹ، ضلعی صدر پیپلز پارٹی نے کہا: “بڑھتے ہوئے جنسی استحصال کے واقعات ہمارے لیے لمحۂ فکریہ ہیں۔ اس کی روک تھام کے لیے سخت سزاؤں کے نئے قوانین کی اشد ضرورت ہے اور حکومت کو فوری طور پر قانون سازی کو یقینی بنانا چاہیے۔”

ام کلثوم سیال، سماجی رہنما نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا: “علی پور جیسے واقعات کے بعد والدین کا تعلیمی اداروں سے اعتماد ختم ہو گیا ہے۔ خواتین کو محفوظ تعلیمی ماحول فراہم کرنے میں بڑا خلا پیدا ہو گیا ہے۔ ملوث ملزمان کو فوری سخت سے سخت سزا دلوائی جائے تاکہ معاشرے سے اس ناسور کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔”

حافظ محمد خبیب ایڈووکیٹ نے کہا: “تعلیم سب کا حق ہے، لیکن علی پور کے واقعات نے طالبات کو خوف زدہ اور والدین کو پریشان کر دیا ہے۔ تمام طبقات میں شدید تحفظات پائے جاتے ہیں۔ ایسے اقدامات کیے جائیں جن سے خواتین اور طالبات میں اعتماد کی فضا قائم ہو سکے۔”

پولیس کی کارکردگی پر سوالات

تینوں واقعات میں پولیس نے مقدمات تو درج کر لیے ہیں، لیکن ملزمان کی گرفتاری میں ناکامی پر شدید تنقید ہو رہی ہے۔ نازیبا ویڈیو سکینڈل کے مرکزی ملزم ہدایت اللہ رضوی کو 10 دسمبر کو طویل عرصے بعد گرفتار کیا گیا۔ وہ عبوری ضمانت حاصل کر کے عدالت میں پیش ہونے والے تھے۔

ذرائع کے مطابق، مثالی آکسفورڈ پبلک سکول کے مالک کی جانب سے اس سے پہلے بھی متعدد خواتین اساتذہ کو بلیک میل کر کے زیادتی کے واقعات سامنے آ چکے ہیں۔ ان پر مناسب کارروائی نہ ہونے کی وجہ سے جنسی استحصال کے واقعات معمول بن چکے تھے۔

علی پور کی تحصیل اس وقت الیکٹرانک اور سوشل میڈیا پر مسلسل زیر بحث ہے۔ ملک بھر میں ان واقعات میں ملوث ملزمان کو قانون کے مطابق سزا نہ ملنے پر شدید تنقید کی جا رہی ہے۔ یہ واقعات تعلیمی اداروں میں خواتین اور طالبات کی حفاظت کے حوالے سے سنگین سوالات اٹھاتے ہیں اور فوری اصلاحی اقدامات کی ضرورت کی نشاندہی کرتے ہیں۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here