15 دسمبر 2025

تحریر : عصمت اللہ نیازی


پاکستان کی سیاست اور ملک بذاتِ خود ہمیشہ کی طرح انتہائی مشکل دور سے گزر رہے ہیں اور اب تو نوبت یہاں تک پہنچ چکی ہے کہ جیل میں بند ایک قیدی کو ذہنی مریض ڈکلئیر کر دیا گیا ہے۔ انتہائی اہم پریس کانفرنس میں سوال و جواب کے دوران یہ بات بھی کہی گئی کہ اس سے پہلے کسی سیاست دان کے خلاف اتنا سخت موقف نہیں اختیار کیا گیا۔

اس میں اُلجھنے کے بجائے کہ یہ معاملہ کہاں سے، کس طرح اور کیوں کر شروع ہوا، آگے بڑھتے ہیں، کیوں کہ اس مُدعے پر بہت کچھ کہا جا رہا ہے اور جب تک مضمون چھپے گا اس وقت تک بہت کچھ کہا اور لکھا جا چکا ہوگا۔ ہم اپنے مضمون میں سول حکمرانوں اور فوج کے درمیان ماضی میں ہونے والی چپقلشوں اور سیاست دانوں کو جلاوطن کرنے سے لیکر انہیں پابند سلاسل کرنے اور پھانسی کے پھندے تک پہنچانےتک کا جائزہ لیں گے۔

اسکا آغاذ بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کے دور میں پیش آنے والے واقعے سے کرتے ہیں جسکا زکر ایئر مارشل اصغر خان نے اپنی کتاب میں لکھا ہے۔ وہ لکھتے ہیں کہ چودہ اگست 1947 کو ایک استقبالیہ کے دوران ایک فوجی افسر کرنل اکبر خان نے قائد اعظم سے کہا کہ برطانوی افسروں کے بجائے مسلمان افسروں کو ترقی دے کر کلیدی عہدوں پر فائز کیا جائے۔ قائد اعظم نے ان افسر سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا ’’مت بھولئیےکہ آپ ریاست کے ملازم ہیں۔ آپ پالیسی نہیں بناتے ہم عوام کے نمائندے فیصلہ کرتے ہیں کہ ملک کو کیسے چلانا ہے۔‘‘

اسی طرح قائداعظم نے 14جون 1948 کو سٹاف کالج کوئٹہ کے فوجی افسران سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے جو حلف اٹھایا ہے اس پر عمل کرنا آپ کا فرض ہے۔ قائد اعظم نے اس موقع پر حلف کی عبارت بھی پڑھ کر سنائی۔ کاکول ملٹری اکیڈمی میں پاسنگ آوٹ پریڈ کے موقع پر آج بھی کیڈٹ حلف اٹھاتے ہیں کہ ” میں صدق دل سے الله کو حاضر و ناظر جان کر حلف اٹھاتا ہوں کہ خلوص نیت سے پاکستان کا حامی اور وفا دار رہوں گا، پاکستان کی حمایت کروں گا جو عوام کی خواہشات کا مظہر ہے اور اپنے آپکو کسی بھی قسم کی سیاسی سرگرمیوں میں شریک نہیں کروں گا”۔ سوال یہ ہے کہ آیا بانی پاکستان کی ان ہدایات اور خیالات پر عمل ہوا یا اس کے برعکس ہوا؟

قائد اعظم کی بہن فاطمہ جناح جب ایوب خان کی فوجی حکومت کے خلاف کھڑی ہوئیں تو تاریخ بتاتی ہے کہ وہ نہ صرف مغربی پاکستان بلکہ مشرقی پاکستان میں بھی یکساں مقبول تھیں۔ بی بی سی اردو کی رپورٹ کے مطابق نیویارک ٹائمز نے لکھا کہ انتخابات کے دوران محترمہ فاطمہ جناح ایوب خان کے اعصاب پر سوار تھیں۔ مہم کے دوران ان پر اور انکے ساتھیوں پر نظریہ پاکستان کا دشمن اور بھارتی ایجنٹ ہونے کے الزامات لگائے گئے۔ گویا بابائے قوم کی بہن کو بھی نہ بخشا گیا۔

ہماری مختصر سی 78 سالہ تاریخ اسکی بات کی گواہ ہےکہ 1947 سے لیکر اب تک چار بار نہ صرف آئین کو معطل کیا گیا بلکہ دو بار مارشل لاء لگایا گیا۔ ۔ایک بار ضیاء الحق نے 1977 میں جب کہ جنرل پرویز مشرف نے 1999میں اور پھر 2007 میں دوسری بار ایمر جنسی کا نفاذ کرکے آئین معطل کیا گیا۔ یہ تو بھلا ہو وکلا تحریک کا کہ مشرف کو جلد آئین بحال کر کے الیکشن کرانا پڑا۔ ملک کا مشرقی حصہ بھی ہم سے جدا ہوا لیکن بجائے اسکے کہ حکمران سبق سیکھتے، وہ تیزی سے تنزلی جانب رواں دواں ہیں

کہا جا رہا ہے کہ پہلی بار اس فورم سے کسی سیاستدان یا سیاسی جماعت کو اتنا سخت پیغام دیا گیا ہے لیکن میری رائے میں ایسا نہیں۔ کیا ذوالفقار علی بھٹو کی حکومت کا تختہ الٹ کر، انہیں قید کر کے، مذہبی جماعتوں کو ساتھ ملا کر، قتل کے ایک ایسے مقدمے میں پھانسی کی سزا نہیں دلوائی گئی جس کے بارے میں پاکستان اور عالمی قانون دان سب متفق ہیں کہ یہ ایک عدالتی قتل تھا؟

ذوالفقار علی بھٹو کو پھانسی اس عمر میں دی گئی، جو انسان کے لیے سب سے اہم ہوتی ہے۔ وہ اپنی پھانسی کے وقت محض 51 برس کے تھے۔ ان کے چھوٹے بیٹے شاہ نواز کا 26 سال کی عمر میں انتقال ہوا، بڑے بیٹے میر مرتضٰی 42 جبکہ ان کی بیٹی محترمہ بےنظیر بھٹو کو 54 برس کی عمر میں قتل کردیا گیا۔

بات یہیں ختم نہیں ہو جاتی بھٹو کو پھانسی کے تختے پر چڑھانے کے بعد انکی پارٹی کو سیاست سے باہر رکھنے کے لئے غیر جماعتی انتخابات کرائے گئے، جس میں حصہ نہ لینا پارٹی کی بد ترین سیاسی غلطی تھی۔ اس کا احساس پیپلز پارٹی کو بعد میں ہوا۔ ذوالفقار علی بھٹو کی اہلیہ نصرت بھٹو نے اس مشکل صورتحال میں پارٹی کی کمان سنبھالی اور نہ صرف پابندیوں کو جھیلا بلکہ ڈکٹیٹر کی قید میں ٹارچر اور ہاؤس اریسٹ کو بھی بھگتا۔ لیکن وہ گھبرائی نہیں اور جمہوریت کی بحالی کی تحریک ایم آر ڈی کی بھی قیادت کی۔

یہی سلوک بھٹو کی نوجوان بیٹی بینظیر بھٹو کے ساتھ بھی کیا گیا لیکنC 130 جہاز کے بہاولپور کے قریب حادثہ کے بعد 1988 کے انتخابات میں کامیابی ملنے سے وہ اسلامی دنیا کی پہلی خاتون وزیراعظم بنیں۔ تاہم اُس وقت کی اسٹیبلشمنٹ نے انہیں چین سے حکومت نہ کرنے دی۔ ساتھ ساتھ اُس وقت کے پنجاب کے وزیر اعلیٰ محمد نواز شریف کو بھی تیار کیا گیا اور اسلامی جمہوری اتحاد بنا کر، اسکی فنڈنگ کرکے حکومت کو بند گلی میں لا کھڑا کیا گیا۔ دو سال سے بھی کم عرصے میں اس وقت کے صدر غلام اسحاق خان مرحوم نے اسمبلیاں توڑ کر انہیں گھر بھیج دیا۔ 1990کے الیکشن میں نواز شریف کو کامیاب دلوا کر حکومت کی باگ ڈور انکے حوالے کر دی گئی۔ 1988 سے لیکر 1999 تک دس سال کی مختصر مدت کے دوران پیپلز پارٹی اور نون لیگ کی چار حکومتیں کرپشن اور گورننس کے ایشو پر گھر بھیجی گئیں۔ یہاں تک کہ 1999 میں نواز شریف پر جنرل مشرف کے کولمبو سے آنے والے طیارے کے اغوا کا مقدمہ بنا کر انہیں گرفتار کر لیا گیا اور عدالت سے انہیں عمر قیدکی سزا سنا دی گئی۔ تاہم سعودی عرب اور کچھ دوست ممالک نے بیچ بچاؤ کروایا اور وہ خاندان سمیت سعودی عرب جلا وطن کر دے گئے۔ جانے سے قبل انڈر ٹیکنگ لی گئی کہ دس سال تک پاکستان نہیں آئیں گے اور نہ ہی سیاست میں حصہ لیں گے۔ لیکن وہ نہ صرف واپس آئے بلکہ تیسری بار وزیر اعظم بھی بنے۔

وکلاء تحریک کے بعدجنرل مشرف آئین میں اپنی مرضی کی ترمیم کروا کر ایک ہی اسمبلی سے دو بار صدر منتخب ہو گئے لیکن وہ مقبولیت کھو چکے تھے اور جنرل اشفاق پرویز کیانی کی فوج پر گرفت مضبوط ہو چکی تھی۔ بینظر بھٹو نے نواز شریف اور دوسری سیاسی پارٹیوں کے ساتھ مل کر تازہ تازہ میثاق جمہوریت پراتفاق کیا تھا لیکن وہ اسے پس پشت ڈال کر دبئی میں اس وقت کے ڈی جی آئی ایس آئی جنرل اشفاق پرویز کیانی کے ساتھ مذاکرات کر کے پاکستان واپس آنے کی ٹھان چکی تھیں۔ جنرل مشرف نے انہیں پیغام بھی پہنچایا کہ وہ پاکستان نہ آئیں کیوں کہ انہیں قتل کردیا جائے گا۔ لیکن بےنظیر بھٹو خود ساختہ جلاوطنی کے بعد 18 اکتوبر 2007 کو وطن واپس لوٹ آئیں۔ اس موقع پر اُن کے استقبالیہ جلوس پر کراچی میں خودکش حملہ کیا گیا تھا اور اس کے بعد 27 دسمبر کو راولپنڈی کے لیاقت باغ میں جلسے کے بعد ان پرجان لیوا حملہ ہوا جس میں بےنظیربھٹو سمیت 24 افراد شہید اور سینکڑوں زخمی ہو گئے۔ انکی ہلاکت کے فورا بعد حملے والی جگہ کو دھو دیا گیا۔ وہ دن اور آج کا دن، سابق وزیراعظم اور پیپلزپارٹی کی چیئرپرسن بینظیر بھٹو کے قتل کو18سال بیت گئے مگر اس پراسرار قتل کا معمہ آج تک حل طلب ہے۔

بینظیر کے ساتھ ہی نواز شریف بھی لندن سے فلائٹ پکڑ کر اسلام آباد آگئے تھےلیکن انہیں اسلام آباد کے ہوائی اڈے سے ہی ایک خصوصی طیارے سے واپس سعودی عرب بھجوا دیا گیا۔ یہی نہیں سعودی عرب کے اس وقت کے انٹیلی جنس چیف پرنس مقرن بن عبدالعزیز سعودی فرماں روا شاہ عبداللہ مرحوم کے نمائندہ خصوصی اور لبنان کے سیاستدان سعد حریری کو پاکستان بلوایا گیا اور جنرل مشرف سے ڈھائی گھنٹہ کی ملاقات کے بعد پریس کانفرنس میں نواز شریف سے اپیل کی گئی کہ وہ پاکستان نہ آئیں کیوں کہ انہوں نے دس سال تک پاکستان نہ آنے کی گارنٹی دے رکھی ہے، تاہم 2008 میں چیف جسٹس آف پاکستان افتخار چودھری جو ازخود نوٹسز کے لئے مشہور تھے انہوں نے سیکریٹری خارجہ، سیکریٹری داخلہ سے لیکر پنجاب کے ہوم سیکریٹری تک کو از خود نوٹس کے ذریعہ دوسرے دن ہی عدالت میں طلب کر لیا اور حکم دیا کہ پاکستان کے کسی شہری کو وطن واپسی سے کسی صورت نہیں روکا جاسکتا۔ بعد ازاں نواز شریف تیسری مرتبہ حکومت بنانے میں بھی کامیاب ہوئے۔

یہ وہ داستانیں ہیں کہ اگر لکھنے بیٹھ جائیں تو صفحات ختم ہو جائیں لیکن پاکستان میں سیاست دانوں کو بدترین انتقام کا نشانہ بنانے کی داستانیں ختم نہ ہوں اور خود سیاست دانوں کی ایک دوسرے کے خلاف ریشہ دوانیوں کے قصے ایسے ہیں کہ دل دہل جائے۔

موجودہ حالات میں اہم سوال یہ ہےکہ قید میں بیٹھا ایک شخص اتنا مضبوط کیسے اور کیونکر ہو گیا؟ اسکے سہولت کار کون ہیں کہ وہ جو کہتا ہے وہ مقامی ہی نہیں بلکہ عالمی میڈیا بھی کور کرنے پر مجبور ہو جاتا ہے؟ اور پوری مُلکی مشینری حرکت میں آجاتی ہے؟ جب اسے لیڈر بنانے میں دس سال لگے تو کیا یہ ممکن ہے کہ پلک جھپکتے اسےغیر مقبول کیا جا سکے؟ رہا قیدیوں کے حقوق کا معاملہ تو چاہے کوئی ضمیر کا قیدی ہو یا قیدِ تنہائی کا، اہل خانہ یا وکیلوں کو ملاقات سےکیسے روکا جا سکتا ہے؟ کیا ہم اس حوالے سے عالمی قوانین کے دستخط کنندہ نہیں؟

پیپلز پارٹی کے ٹکڑے ہوئے لیکن ختم نہ ہوسکی ، بلکہ بھٹو زندہ ہے اور اسکو ختم کرنے والوں کا آج کوئی نام لیوا نہیں۔ نون لیگ کے گرد بھی گھیرا تنگ کیا گیا لیکن وہ آج اپنے تیسرے وزیر اعظم کے ساتھ پانچویں ٹرم کی حکومت کر رہی ہے۔ ایم کو ایم کے ٹکڑے ہوئے لیکن آج اگر الطاف حسین سے پابندی ہٹا لیں تو عین ممکن ہے کہ وہ ایک بار پھر سے کراچی کی سیاست کا نقشہ بدل دیں گے۔

اس وقت 73 کے آئین کا نقشہ سپر ہائبرڈ نظام کے حق میں بدل چکا ہے اور سپریم کورٹ دو حصوں میں تقسیم ہے۔ اعلیٰ عدلیہ کے چند ججز یا تو استعفے دے رہے ہیں یا پھر انصاف کے لئے خود درخواستیں ہاتھ میں لئے بھٹکتے پھر رہے ہیں۔ اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق فولکر ترک نے پاکستان کی حالیہ آئینی ترامیم پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ عدلیہ کی آزادی کو کمزور کرتی ہیں اور عسکری احتساب اور قانون کی حکمرانی کے حوالے سے ’سنگین خدشات‘ کو جنم دیتی ہیں۔

آئی ایم ایف کے مطابق ”ستر برس سے زیادہ عرصہ گزرنے کے باوجود، بدعنوانی اب بھی پاکستان کی معاشی اور سماجی ترقی میں رکاوٹ بنی ہوئی ہے۔ یہ سرکاری فنڈز کو موڑ دیتی ہے، منڈیوں کو بگاڑتی ہے، منصفانہ مسابقت میں رکاوٹ بنتی ہے، عوامی اعتماد کو مجروح کرتی ہے اور ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاری کو محدود کرتی ہے۔‘‘

اس صورتحال میں چاہے اسٹیبلشمنٹ ہو یا سول حکومت، ملک کی ترقی کے لئے کیاایسا جامع اور کامیاب پلان دے پائے گی کہ عالمی اداروں کے خدشات اور تحفظات غلط ثابت ہوں، عوام مالی مشکلات سے نکلیں، نوجوان جنکی بے روزگاری ایک ریکارڈ سطح پر پہنچ چکی ہے، وہ ختم ہو؟ دہشت گردی اور انتہا پسندی سے چھٹکارا مل جائے؟ اور یہ بھی کہ پہلی بار کوئی وزیر اعظم اپنی آئینی مدت ہی پوری کر پائے؟ کاش کہ ان سوالات کے جوابات آئندہ آنے والے دنوں میں نہیں تو کم ازکم سالوں میں ہی مل جائیں۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here