16 دسمبر 2025

رپورٹ: رانا مالہی


اسلام اباد: اسلام آباد ہائیکورٹ نے منگل کے روز ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کے خلاف زیرِ سماعت مقدمے میں ٹرائل کورٹ کو شہادتیں دوبارہ ریکارڈ کرنے کی ہدایت جاری کر دی۔

جسٹس اعظم خان نے سماعت کے دوران کہا کہ عدالت میرٹس میں جائے بغیر صرف اس حد تک حکم دے رہی ہے کہ شہادتیں ازسرِنو ریکارڈ کی جائیں۔ عدالت نے ٹرائل کورٹ کو ہدایت کی کہ تین دن کے اندر شہادتیں دوبارہ قلم بند کی جائیں۔

سماعت کے دوران ریاست کے وکیل علی آزاد ایڈووکیٹ نے مؤقف اختیار کیا کہ سپریم کورٹ کے حکم سمیت مکمل ریکارڈ عدالت میں پیش کیا جانا ہے اور اس کے لیے وقت دیا جائے۔ انہوں نے بتایا کہ سینئر وکیل فیصل صدیقی کا وکالت نامہ آ چکا ہے اور وہ آئندہ سماعت پر دلائل دیں گے۔

جسٹس اعظم خان نے ریمارکس دیے کہ سپریم کورٹ نے درخواست پر جلد فیصلہ کرنے کا حکم دیا ہے اور دونوں فریقین کو سن کر فیصلہ کیا جانا ضروری ہے۔ اس موقع پر اسسٹنٹ اٹارنی جنرل نے کہا کہ عدالت کے سامنے تمام ریکارڈ موجود ہے اور فیصلہ کیا جا سکتا ہے، جبکہ ریاستی وکیل نے مؤقف اپنایا کہ دیگر ٹرائلز میں اس قدر عجلت نہیں دکھائی جاتی اور ملزمان کا فیئر ٹرائل آئینی حق ہے۔

ریاستی وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ایمان مزاری کی جانب سے بیماری کے باعث سماعت ملتوی کرنے کی درخواست دی گئی تھی، اس کے باوجود اسی دن چار گواہوں کے بیانات ملزمان یا ان کے وکیل کی غیرموجودگی میں ریکارڈ کیے گئے، جو غیرقانونی ہیں۔ علیم عباسی ایڈووکیٹ نے بھی مؤقف اختیار کیا کہ ملزم یا اس کے پلیڈر کی عدم موجودگی میں ریکارڈ کی گئی شہادت قانونی حیثیت نہیں رکھتی۔

اس پر اسسٹنٹ اٹارنی جنرل نے کہا کہ جو شہادت ریکارڈ ہوئی وہ قانونی ہے اور تاخیر کی کوشش کی جا رہی ہے۔ جسٹس اعظم خان نے ریمارکس دیے کہ ٹرائل میں استثنیٰ اسی لیے دیا جاتا ہے کہ کارروائی متاثر نہ ہو، اور سوال کیا کہ اگر ایمان مزاری عدالت میں موجود نہیں تھیں تو کیا ان کا کوئی پلیڈر موجود تھا۔

عدالت نے بعد ازاں واضح کیا کہ وہ میرٹس پر نہیں جا رہی بلکہ صرف شہادتیں دوبارہ ریکارڈ کرنے کا حکم دے رہی ہے۔ آخر میں عدالت نے دونوں فریقین کی رضامندی سے ٹرائل کورٹ کو شہادتیں دوبارہ ریکارڈ کرنے کی ہدایت جاری کردی۔

واضح رہے کہ جمعرات کے روز سپریم کورٹ میں ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کے خلاف متنازع ٹوئٹس کیس کی سماعت کے دوران عدالتِ عظمیٰ نے ٹرائل روکنے کا حکم جاری کرتے ہوئے قرار دیا تھا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے تک ٹرائل کورٹ مزید کارروائی آگے نہ بڑھائے۔

اس سے قبل اسلام آباد ہائی کورٹ میں کیس ٹرانسفر سے متعلق اپیلیں زیرِ سماعت ہونے کے باعث ڈسٹرکٹ کورٹ نے بھی کارروائی 15 دسمبر تک ملتوی کر رکھی تھی۔

کیس کا پس منظر

یہ مقدمہ اس وقت سامنے آیا جب ایمان مزاری نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کچھ ٹوئٹس پوسٹ کیں جنہیں حکام نے متنازع اور ریاست مخالف قرار دیا۔ ان ٹوئٹس کی بنیاد پر نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی نے پیکا کے تحت ان کے خلاف مقدمہ درج کیا۔ بعد ازاں ہادی علی چٹھہ کو بھی کیس میں اس بنیاد پر شامل کیا گیا کہ انہوں نے انہی پوسٹس کو ری ٹوئٹ کیا تھا۔

استغاثہ کے مطابق ان آن لائن پوسٹس سے ریاستی اداروں کی ساکھ متاثر ہوئی، تاہم ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ نے عدالت میں الزامات کی تردید کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ یہ کارروائی سیاسی نوعیت کی ہے۔

مقدمے کے دوران دونوں کے خلاف فردِ جرم عائد کی گئی، استغاثہ کے گواہوں کے بیانات قلمبند ہوئے اور متعدد مواقع پر عدم پیشی پر ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری بھی جاری کیے گئے۔ ہادی علی چٹھہ کو ایک موقع پر عدالت کے باہر سے گرفتار کیا گیا، جبکہ ایمان مزاری نے اپنے وکلاء کے ذریعے ٹرائل کو غیر شفاف قرار دیتے ہوئے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ بعض گواہوں کے بیانات ملزمان یا ان کے وکلاء کی غیر موجودگی میں ریکارڈ کیے گئے، جو منصفانہ ٹرائل کے اصولوں کے خلاف ہے۔

ملکی اور بین الاقوامی سول سوسائٹی نے بھی مقدمے کی تیز رفتاری اور ٹرائل کے طریقہ کار پر تشویش کا اظہار کیا۔ وکلاء اور انسانی حقوق کی تنظیموں کا کہنا تھا کہ دفاع کے حق اور منصفانہ سماعت کو ہر صورت یقینی بنایا جانا چاہیے، جبکہ مطالبہ کیا گیا ہے کہ ٹرائل شفاف، غیر جانبدار اور قانونی تقاضوں کے مطابق مکمل کیا جائے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here