کلیم اللہ
لاہور
آج ایک دفعہ پھر شمالی وزیرستان کے باسیوں کا دن دھماکوں اور شیلنگ سے شروع ہوا۔ یہ بمباری اور بھاری اسلحے کی گونج اس وقت شروع ہوئی جب معمول کے مطابق سیکیورٹی فورسز کا بم ڈسپوزل اسکواڈ سڑک کی کلیئرنگ میں مصروف تھا۔ اطلاعات کے مطابق اس دوران عسکریت پسندوں کی جانب سے ان پر ایک زوردار دھماکہ کیا گیا، جس
میں جانی نقصان کا اندیشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
مقامی لوگوں کے مطابق دھماکہ اتنا شدید تھا کہ دور دور تک اس کی آواز سنائی دی، جس کے تھوڑی دیر بعد میرعلی کے علاقے موسکی اور خسوخیل نامی دیہات میں مارٹر اور بھاری اسلحے کی فائرنگ شروع ہو گئی۔ اس کے ساتھ ہی عسکریت پسندوں اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان جھڑپ شروع ہو گئی، جو صبح چھ بجے سے لے کر دس بجے تک جاری رہی۔
میرعلی کے علاقے موسکی سے تعلق رکھنے والے مقتدر داوڑ نے وائس پی کے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ دھماکے کے بعد ان کے علاقے میں صبح سے جھڑپ جاری تھی۔ پہلے مارٹر اور دیگر اسلحے کی آوازیں آتی رہیں، جبکہ بعد میں آٹھ بجے کے قریب گن شپ ہیلی کاپٹر آئے جنہوں نے تین چار بار شیلنگ کی، جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
انہوں نے کہا، ’’اس دوران گھروں میں جانوروں کے ساتھ ساتھ کئی لوگ بھی زخمی ہو گئے، جنہیں فوری طور پر اسپتال لے جانے کا کوئی بندوبست نہیں تھا کیونکہ باہر فائرنگ ہو رہی تھی۔‘‘
موسیٰ داوڑ نے مزید بتایا کہ ساڑھے تین گھنٹوں پر محیط عسکریت پسندوں اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان یہ جھڑپ تقریباً ساڑھے دس بجے رک گئی۔ اس دوران مقامی لوگوں نے مساجد میں دونوں فریقین سے فائرنگ روکنے کے لیے اعلانات بھی کیے، جبکہ علاقے کے مشران، علما اور دیگر افراد سفید جھنڈے اٹھائے باہر نکل آئے۔
انہوں نے کہا، ’’فائرنگ رکنے کے بعد ہم گھروں سے باہر نکلے تاکہ زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا جا سکے اور زخمیوں کی تعداد معلوم کی جا سکے۔‘‘
اس جھڑپ میں عوامی نیشنل پارٹی کے ضلعی صدر ملک نثار علی خان کا گھر بھی نشانہ بنا۔ ان کے مطابق اس واقعے میں ان کی ایک بیٹی اور بھائی زخمی ہو گئے۔ انہوں نے بتایا کہ دونوں زخمی تقریباً تین گھنٹے تک گھر میں بغیر مناسب فرسٹ ایڈ کے پڑے رہے کیونکہ انہیں اسپتال منتقل کرنے کے لیے ایمبولینس کا کوئی انتظام نہیں تھا۔
انہوں نے کہا، ’’ہم دونوں فریقین سے درخواست کرتے ہیں کہ خدارا ہمارے گھروں کے قریب ایک دوسرے پر حملے نہ کریں، کیونکہ اس کا نقصان ہمیں اٹھانا پڑتا ہے۔‘‘
ملک نثار علی خان نے مزید کہا، ’’دونوں فریقین کی طرف سے ہمارے ساتھ یہ ظلم جاری ہے، کیونکہ ان میں سے کوئی بھی عام لوگوں کا خیال نہیں رکھتا، اور اسی وجہ سے ہم اپنے گھروں سے زخمیوں کو بھی نہیں نکال سکتے۔‘‘
یاد رہے کہ خیبر پختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان میں آئے روز دہشت گردی کے واقعات رونما ہوتے ہیں، جن میں سیکیورٹی فورسز اور عسکریت پسندوں کے علاوہ عام شہریوں کو بھی شدید نقصان اٹھانا پڑتا ہے۔ اس کی تصدیق حال ہی میں خیبر پختونخوا پولیس کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ سے بھی ہوتی ہے، جس کے مطابق رواں سال کے دوران دہشت گردی کے 1,588 واقعات ہوئے، جن میں 223 شہری شہید اور 570 زخمی ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق ان واقعات میں 137 پولیس اہلکار ہلاک اور 236 زخمی ہوئے، جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے 18 اہلکار بھی ہلاک ہوئے۔ اسی طرح فیڈرل کانسٹیبلری کے 124 جوان ہلاک اور 244 زخمی ہوئے۔ رواں سال مختلف کارروائیوں میں 348 دہشت گرد بھی مارے گئے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دہشت گردی کے سب سے زیادہ 394 کیسز بنوں ریجن میں درج ہوئے۔ بنوں میں 41 پولیس اہلکار ہلاک اور 89 زخمی ہوئے، جبکہ بنوں ریجن میں 54 شہری ہلاک اور 125 زخمی ہوئے۔
اس کے علاوہ ڈیرہ اسماعیل خان ریجن میں 152 مقدمات درج ہوئے اور 137 دہشت گرد مارے گئے۔ شمالی وزیرستان میں 181 کیسز رجسٹرڈ ہوئے، جن میں 38 شہری ہلاک اور 182 زخمی ہوئے، جبکہ جنوبی وزیرستان میں 103 کیسز درج ہوئے جہاں 39 شہری ہلاک اور 86 زخمی ہوئے۔