23 دسمبر 2025
رپورٹ: عمر فاروق
پشاور یونیورسٹی میں طلبہ کا دھرنا آٹھویں روز بھی جاری ہے۔ یہ دھرنا اس وقت شروع ہوا جب گزشتہ ماہ خیبر پختونخوا میں امن و امان کی صورتحال پر وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کی جانب سے ایک جرگہ بلایا گیا تھا، جس میں پشتون تحفظ موومنٹ کے قائدین کو بھی مدعو کیا گیا تھا۔ واپسی پر پی ٹی ایم کے رہنما سمیت یونیورسٹی کے طلبہ کو بھی گرفتار کیا گیا۔
اسی تناظر میں دھرنے میں شریک طلبہ کا کہنا ہے کہ ان کا احتجاج اس وقت تک جاری رہے گا جب تک حراست میں لیے گئے طلبہ کو رہا نہیں کیا جاتا۔ ان کے مطابق یہ دھرنا کسی ذاتی مفاد کے لیے نہیں بلکہ اپنے ساتھیوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے کیا جا رہا ہے۔ اس مقصد کے لیے انہوں نے ایک احتجاجی کیمپ قائم کر رکھا ہے۔
انہی طلبہ میں شامل ایک طالب علم زیشان بیٹنی نے وائس پی کے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ ہمارے ساتھی فوری طور پر رہا ہوں۔ ہم پرامن احتجاج کر رہے ہیں، لیکن اگر ہمارے مطالبات تسلیم نہیں کیے گئے تو ہمیں نئی حکمت عملی اختیار کرنا پڑے گی۔
انہوں نے خبردار کیا کہ مطالبات پورے نہ ہونے کی صورت میں اس احتجاج کا رخ اسلام آباد، وہاں قائم امریکی سفارت خانے یا دیگر اہم مقامات کی جانب بھی کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ “اس حوالے سے ہمارے مشیران، مختلف سول سوسائٹیز اور دیگر تنظیمی رہنما سب ایک پیج پر ہیں، اور ہم سب مل کر آئندہ کے لائحۂ عمل کا فیصلہ کریں گے۔ جب تک ہمارے ساتھی رہا نہیں کیے جاتے، ہم کسی صورت یہ دھرنا ختم نہیں کریں گے۔”
احتجاج پر بیٹھے طلبہ نے بتایا کہ تاحال کسی بھی اعلیٰ حکام کی جانب سے ان سے باضابطہ مذاکرات نہیں کیے گئے۔ اس کے باوجود کہ انہوں نے متعدد بار رابطے کیے، انتظامیہ کی جانب سے انہیں کوئی مثبت جواب نہیں ملا، جس کے باعث دھرنا آج آٹھویں روز بھی جاری ہے۔
پولیٹیکل سائنس کے طالب علم فرقان اللہ کا کہنا ہے کہ “ہمارا دھرنا کئی دنوں سے پشاور یونیورسٹی میں جاری ہے۔ صوبے کے وزیراعلیٰ سمیت متعلقہ حکام اور یونیورسٹی انتظامیہ سے مسلسل رابطہ بھی رہا ہے، لیکن ابھی تک ہمیں کوئی مثبت جواب نہیں ملا۔ نہ ہی کسی اعلیٰ حکام کی جانب سے کوئی پیش رفت ہوئی ہے۔ ہمارا یہ دھرنا صرف ایک ہی نکتے پر ہے کہ ہمارے دو طلبہ کو بازیاب کرایا جائے، اور جب تک یہ مطالبہ پورا نہیں ہوتا، یونیورسٹی بند رہے گی۔”
دھرنے کے باعث یونیورسٹی میں تعلیمی سرگرمیاں بھی شدید متاثر ہو رہی ہیں۔ بعض شعبہ جات میں کلاسز نہیں ہو پا رہی ہیں، جس کے باعث طلبہ اور اساتذہ دونوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
دھرنے میں شریک طلبہ انتظامیہ اور اعلیٰ حکام سے مطالبہ کر رہے ہیں کہ ان کے ساتھ فوری طور پر مذاکرات شروع کیے جائیں اور مسئلہ افہام و تفہیم کے ذریعے حل کیا جائے، تاکہ مزید طلبہ کا قیمتی وقت ضائع نہ ہو۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے اس بات کا بھی عندیہ دیا ہے کہ اگر ان کے مطالبات کو مسلسل نظر انداز کیا گیا تو وہ آئندہ کے لیے نئی حکمت عملی اپنائیں گے، جس کی ذمہ داری انتظامیہ پر عائد ہوگی۔
یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے تاحال اس معاملے پر کوئی باضابطہ مؤقف سامنے نہیں آیا، تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ صورتحال پر نظر رکھی جا رہی ہے اور ممکنہ حل کے لیے اقدامات پر غور جاری ہے۔