29 دسمبر 2025
رپورٹ: اسلام گل
پشاور: ضلع خیبر کے تجارتی مرکز باڑہ میں پشتون سٹوڈنٹس خیبر نے پشاور یونیورسٹی کے لاپتہ طلباء کی بازیابی اور وادی تیراہ سے جاری جبری نقل مکانی کے خلاف خاموش احتجاج کیا۔
پشتون سٹوڈنٹس خیبر کے زیر اہتمام باڑہ کے خیبر چوک میں منعقدہ احتجاجی مظاہرے میں نوجوانوں نے منہ پر پٹیاں باندھ کر اور بینرز اٹھا کر اپنے مطالبات کا اظہار کیا۔ مظاہرین نے خیبر چوک سے باڑہ پریس کلب تک پیدل مارچ کیا۔
باڑہ سیاسی اتحاد کے صدر ہاشم خان آفریدی نے بتایا کہ نوجوانوں کے اس خاموش احتجاج کا بنیادی مقصد حکمران طبقے کو واضح پیغام پہنچانا ہے۔
“مسلسل بدامنی کی وجہ سے ہمیں بھاری جانی و مالی نقصان کا سامنا ہے۔ جو کوئی اس کے خلاف آواز اٹھاتا ہے، اسے بھی خاموش کر دیا جاتا ہے،” انہوں نے کہا۔
وادی تیراہ سے نقل مکانی کے حوالے سے انہوں نے واضح کیا کہ سیاسی اتحاد کا موقف یہ ہے کہ مقامی عمائدین اور صوبائی حکومت جو فیصلہ کریں، اس کی حمایت کی جائے گی۔
لاپتہ طلباء: امن جرگے سے واپسی پر گرفتاری
فاٹا یونیورسٹی کے طالب علم نقیب اللہ آفریدی نے تفصیلات دیتے ہوئے بتایا کہ صوبائی حکومت کی جانب سے 12 اکتوبر کو منعقدہ امن جرگے میں پشاور یونیورسٹی کے دو طلباء بھی شریک ہوئے تھے۔
“شعبہ سیاست کے عدنان خان اور شعبہ بین الاقوامی تعلقات کے حبیب وزیر نے دیگر افراد کی طرح جرگے میں شرکت کی، تاہم واپسی پر انہیں دیگر پانچ افراد کے ساتھ لاپتہ کر دیا گیا۔ بار بار کوششوں کے باوجود گرفتار افراد کو کسی عدالت میں پیش نہیں کیا گیا،” نقیب اللہ نے بتایا۔
انہوں نے مزید کہا: “ایک دفعہ پھر وادی تیراہ سے مقامی آبادی کی جبری بے دخلی کا عمل شروع کر دیا گیا ہے، جس کی وجہ سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔”
تین سال سے جاری تشدد اور خوف کا ماحول
پچھلے تین سالوں سے وادی تیراہ میں سیکیورٹی فورسز اور مسلح گروہوں کے درمیان چھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے۔ علاقے میں موجود لوگ شدید خوف میں زندگی گزار رہے ہیں اور متعدد واقعات میں بے گناہ افراد نشانہ بنائے گئے۔ امن کے قیام کے لیے حکومت نے بار بار مقامی آبادی سے علاقہ خالی کرنے کو کہا، تاہم سیاسی قیادت اور مقامی لوگ انکار کرتے رہے۔
نقل مکانی کا معاہدہ
طویل مذاکرات کے بعد وادی تیراہ کی 24 رکنی کمیٹی، سیکیورٹی فورسز اور ضلعی انتظامیہ کے درمیان نقل مکانی کے معاہدے پر اتفاق ہوا۔ معاہدے کی اہم شرائط میں شامل ہیں:
– رجسٹریشن: 10 جنوری سے 25 جنوری تک تمام بے گھر خاندانوں کی رجسٹریشن
– واپسی: 5 اپریل سے واپسی کے عمل کا آغاز
– معاوضہ: مکمل طور پر منہدم ہونے والے مکان کے لیے 30 لاکھ روپے، جزوی نقصان کی صورت میں 10 لاکھ روپے
– نقد امداد: بائیو میٹرک تصدیق کے بعد 2 لاکھ 50 ہزار روپے نقد امداد اور ماہانہ 50 ہزار روپے
– دیگر سہولیات: ٹرانسپورٹ، طبی سہولیات اور خوراک کی فراہمی
ذرائع کے مطابق بائیو میٹرک تصدیق کی سہولت باغ مرکز اور پندی چینہ کے مقامات پر دستیاب ہوگی۔ 10 جنوری سے قبل نقل مکانی کرنے والے خاندانوں کو باقاعدہ سروے میں شامل کیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ نے وادی تیراہ میں فوجی آپریشن کو مسترد کیا
ممکنہ فوجی آپریشن کی وجہ سے وادی تیراہ کی ڈھائی سے تین لاکھ آبادی دوسری بار نقل مکانی پر مجبور ہو رہی ہے۔ یہ وادی خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی کا آبائی علاقہ ہے۔
اپنے حلقے کے حالیہ دورے کے دوران وزیر اعلیٰ نے ایک بار پھر وادی تیراہ میں فوجی آپریشن کو مسترد کر دیا۔ اجتماع عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے 12 اکتوبر کو امن جرگہ منعقد کیا، لیکن واپسی پر سات مہمانوں کو گرفتار کر کے غائب کر دیا گیا۔
“اس اقدام سے اندازہ ہوتا ہے کہ کون امن کے قیام میں سنجیدہ نہیں۔ امن جرگہ منعقد کیا، اس میں شریک لوگوں کو غائب کر کے جرگے کو ناکام بنانے کی کوشش کی گئی۔ آپ امن کے خواہ نہیں اور دہشت گردی کا خاتمہ نہیں چاہتے۔ آپ کا مقصد انتقام ہے، جو میں اور پوری پشتون قوم جانتی ہے،” وزیر اعلیٰ نے شدید لہجے میں کہا۔
انہوں نے مزید کہا: “امن کے لیے 22 آپریشن ہو چکے ہیں، لیکن امن قائم نہیں ہوا۔ آپریشن مسائل کا حل نہیں۔ یہاں بند کمروں میں فیصلے ہوتے ہیں۔ پوری قوم کا مطالبہ ہے کہ فوجی آپریشن نہیں ہونا چاہیے۔”
تیراہ معاہدے کے حوالے سے انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا: “مقامی لوگ شدید مشکلات کا شکار ہو کر مجبوری کے تحت یہ سب کچھ کر رہے ہیں۔”
20 دسمبر کو باڑہ کے علاقے کڑاپہ، حدود برقمبر خیل میں سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر آئی ای ڈی بم حملہ ہوا۔ مقامی ذرائع کے مطابق دھماکے میں تین جوان شہید جبکہ دو زخمی ہوئے۔
اس سے قبل 17 دسمبر کو باڑہ بازار کے قریب پاک افغان شاہراہ پر موٹر سائیکل میں نصب بارودی مواد سے سیکیورٹی فورسز کے قافلے کو نشانہ بنایا گیا، جس میں آٹھ سیکیورٹی اہلکار زخمی ہوئے۔
مقامی قبیلے کی مخالفت
نقل مکانی کے معاہدے کے حوالے سے وادی تیراہ کے مقامی قبیلے ملک دین خیل کے عمائدین نے باڑہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے معاہدے کو مسترد کر دیا۔ محمد اقبال نے کہا: “وادی تیراہ کی 24 رکنی کمیٹی نے نقل مکانی کے حوالے سے حکومت کے ساتھ جو معاہدہ کیا ہے، وہ مقامی قبائل سے مشاورت کے بغیر طے پایا ہے، جو کسی صورت قابل قبول نہیں۔”
انہوں نے مزید کہا: “بڑے جرگے میں شریک سینکڑوں مقامی لوگوں نے نقل مکانی کو مسترد کیا، تاہم کمیٹی نے اس کے باوجود معاہدہ کر لیا۔ ایسے حساس اور اجتماعی نوعیت کے فیصلے عوامی رائے اور قبائلی مشاورت کے بغیر کرنا قبائلی روایات اور اصولوں کے منافی ہے۔”
عمائدین نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر اس معاہدے پر نظر ثانی کرے اور تمام متعلقہ اقوام کو اعتماد میں لیا جائے۔ انہوں نے پیر میلہ بازار میں ہونے والے نقصانات کا بھی ذکر کرتے ہوئے متاثرین کے لیے فوری امداد کا مطالبہ کیا۔
اعتماد بحال کرنے کے لیے پیر کے روز جرگہ منعقد کیا جا رہا ہے، جس میں 24 رکنی کمیٹی اپنا موقف پیش کرے گی۔ ذرائع کے مطابق چیف سیکریٹری، آئی جی ایف نارتھ، کمشنر پشاور اور ڈپٹی کمشنر خیبر کے ساتھ ملاقات متوقع ہے، جس میں نقل مکانی کے طریقہ کار پر کمیٹی کا اعتماد بحال کرنے پر غور کیا جائے گا۔
کمیٹی کے مطابق نقل مکانی سے متعلق کچھ شرائط براہ راست سیکیورٹی فورسز کے ساتھ منسلک ہیں، جن میں علاقے میں مستقل امن، شیڈول کے مطابق بے گھر افراد کی واپسی، اور مقامی لوگوں کی زمینوں پر قبضہ نہ ہونا جیسے اہم مسائل شامل ہیں۔
ملاقات کے بعد وادی تیراہ سے نقل مکانی کے حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا، جو تاحال جاری نہیں کیا گیا۔
پاکستان تحریک انصاف کی مخالفت
صوبے میں حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف نہ صرف اس معاہدے سے لاتعلقی کا اظہار کر رہی ہے، بلکہ علاقے سے نقل مکانی اور کسی قسم کے فوجی آپریشن کی شدید مخالفت بھی کر رہی ہے۔
2013 کی نقل مکانی
وادی تیراہ میں مسلکی بنیاد پر شورش اور مسلح گروہوں کے خلاف فوجی آپریشن کے سبب 2013 میں مقامی لوگوں نے نقل مکانی کر کے پشاور، کوہاٹ اور دیگر علاقوں میں کیمپ، کرائے کے گھروں اور رشتہ داروں کے ہاں قیام کیا۔
ایک سال بعد بے گھر افراد کی واپسی کا عمل شروع ہوا، تاہم علاقے میں لوگوں کے گھر تباہ ہو چکے تھے اور زرعی زمینیں بنجر ہو گئی تھیں۔ بنیادی سہولیات مکمل طور پر ختم ہو چکی تھیں۔ مقامی آبادی نے اپنی مدد آپ کے تحت علاقے میں دوبارہ نئے سرے سے مشکل زندگی کا آغاز کیا تھا۔
اب گیارہ سال بعد، تیراہ کے باسی ایک بار پھر بے یقینی اور خوف کے سائے میں اپنے آبائی علاقے کو خیرباد کہنے پر مجبور ہیں۔