30 دسمبر 2025

سٹاف رپورٹ


پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق ایڈووکیٹ جنرل سندھ، سینیٹر ضمیر گھمرو نے کراچی سٹی کورٹ میں یوٹیوبر رجب بٹ پر ہونے والے تشدد کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہر ملزم کو منصفانہ ٹرائل کا حق حاصل ہے اور اس کی ذمہ داری حکومت، بار کونسلز اور متعلقہ بنچ پر عائد ہوتی ہے۔

آج نیوز کے پروگرام اسپاٹ لائٹ میں گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر ضمیر گھمرو کا کہنا تھا کہ رجب بٹ کے ساتھ پیش آنے والا واقعہ بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ سندھ بار کونسل اس واقعے کا فوری نوٹس لے، بصورت دیگر عوام عدالتوں میں آنے سے خوفزدہ ہوں گے۔

پروگرام میں شریک صوبائی وزیر قانون خیبر پختونخوا نے بھی واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ریاست سے کوئی بھی بالاتر نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سینیٹر ضمیر گھمرو کا بار کونسل سے نوٹس لینے کا مطالبہ سندھ حکومت کی بے بسی کو ظاہر کرتا ہے۔

واضح رہے کہ کراچی میں معروف یوٹیوبر رجب بٹ کو سٹی کورٹ میں پیشی کے دوران وکلا کی جانب سے تشدد کا نشانہ بنایا گیا، جس کے باعث ان کے جبڑے اور منہ سے خون بہنے لگا۔ رجب بٹ توہین مذہب کے مقدمے میں پیشی کے لیے کراچی سٹی کورٹس آئے تھے۔

تشدد میں ملوث وکلا کا مؤقف ہے کہ رجب بٹ نے ایک ویڈیو میں وکلا کو گالیاں دی تھیں، تاہم رجب بٹ کے وکیل میاں علی اشفاق نے اس الزام کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا کہ رجب بٹ نے وکلا کے خلاف کوئی ویڈیو نہیں بنائی۔ ان کے مطابق تشدد کرنے والے وکلا ہی نے رجب بٹ کے خلاف مقدمہ درج کروا رکھا تھا، جبکہ یہ وکلا عادی پٹیشنرز ہیں اور درجنوں مقدمات دائر کر چکے ہیں۔

دوسری جانب کراچی کی سیشنز کورٹ میں مذہبی جذبات مجروح کرنے کے زیرِ سماعت مقدمے کے دوران رجب بٹ پر تشدد کے واقعے کا مقدمہ بھی درج کر لیا گیا ہے۔

ایف آئی آر کے مطابق، رجب بٹ پیر کو سیشنز کورٹ سینٹرل میں پیش ہوئے، جہاں ان کی عبوری ضمانت کی مدت 20 دسمبر کو ختم ہو چکی تھی۔ سماعت کے بعد 15 سے 20 وکلا نے ان پر حملہ کیا، انہیں تشدد کا نشانہ بنایا اور ان کا بیگ چھین لیا، جس میں تین لاکھ روپے موجود تھے۔

مقدمے کے متن کے مطابق بعد ازاں ایک وکیل نے بیگ واپس دلایا، تاہم رقم موجود نہیں تھی، جبکہ رجب بٹ کو جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دی گئیں۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here