20 دسمبر 2025

رپورٹ: راشد لغاری

حیدرآباد


سندھ کے معروف شاعر شیخ ایاز کی یاد میں 11واں ایاز ادبی میلہ حیدرآباد میں خانہ بدوش رائٹرز کیفے کے احاطے میں شیخ ایاز کے گیتوں، سازوں اور موسیقی کی لے کے ساتھ شروع ہوگیا۔

میلے کا افتتاح صوبائی وزیر ثقافت سید ذوالفقار شاہ، میئر حیدرآباد کاشف شورو، کمشنر حیدرآباد فیاض عباسی اور ایاز میلہ کمیٹی کی خواتین رہنماؤں عرفانہ ملاح، امر سندھو سمیت دیگر شخصیات نے کیا۔ میلے کا آغاز شاہ عبداللطیف بھٹائی کی راگنیوں سے ہوا جنہیں کم عمر لڑکیوں نے راگ میں گایا۔

صوبائی وزیر ثقافت و سیاحت ذوالفقار شاہ نے خطاب میں کہا کہ “یہ ایاز میلہ ایک تہوار ہے۔ شاہ عبداللطیف بھٹائی نے سورمیوں کو گایا تھا اور آج اس میلے کو بھی سورمیوں نے سجایا ہے۔” انہوں نے بتایا کہ سندھ میں آج بھی درگاہوں پر پنجاب سے بڑی تعداد میں زائرین آتے ہیں۔

انہوں نے میلے کے لیے گرانٹ کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ بوڑینڈو کو یونیسکو نے عالمی ورثہ قرار دیا ہے جو موہنجودڑو کا ساز ہے، جبکہ بھنبھور کو جلد عالمی ورثے میں شامل کیا جائے گا۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ شاہ عبداللطیف کی شاعری کا دو سو زبانوں میں ترجمہ کروایا گیا ہے۔

وزیر ثقافت نے خواتین کے حقوق کا ذکر کرتے ہوئے کہا: “جہاں کہیں جبری شادی ہوگی ہم سب سے پہلے وہاں پہنچیں گے۔ پیپلز پارٹی نے خواتین کو بااختیار بنایا ہے۔”

شیخ ایاز: ایک عظیم شاعر کی یاد

امر سندھو نے کہا کہ “ایاز میلہ کئی مراحل طے کر چکا ہے، یہ میلہ ایاز کی شاعری کا کرشمہ ہے۔ ایاز کی محبت اور حوصلے کی وجہ سے اس میلے کی ذمہ داری اٹھائی گئی اور یہ سفر آج بھی جاری ہے۔”

پرواز میں تاخیر کے سبب شرکت نہ کرسکنے والے معروف دانشور اصغر ندیم سید نے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا: “شیخ ایاز کا یہاں کی ثقافتی وراثت میں بڑا کردار ہے، وہ دھرتی کا استعارہ ہیں۔ شیخ ایاز جیسا شاعر نہ ایشیا میں اور نہ ہی پوری دنیا میں ملتا ہے۔”

انہوں نے مزید کہا کہ “شیخ ایاز کو غداری کے القابات بھی دیے گئے۔ سندھ کی تاریخ اور ورثے کو خود سندھ ہی سنبھال رہا ہے، جسے دوسروں کی جانب سے بھی تحفظ کی ضرورت ہے۔”

کمشنر حیدرآباد فیاض عباسی نے بتایا کہ اس میلے میں سو سے زائد محققین شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہا: “ہمیں انا ختم کرنے کی ضرورت ہے، یہ میلے نئی نسل کی تربیت میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔”

میئر حیدرآباد کاشف شورو نے کہا کہ “شیخ ایاز اس صدی کے عظیم شاعر ہیں، شاہ عبداللطیف اور شیخ ایاز کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔”

شیخ ایاز: صوفی، شاعر اور مزاحمت کار

صحافی عاصمہ شیرازی نے کہا: “سندھ صوفیوں کی دھرتی ہے۔ شیخ ایاز کسی ایک دور کے نہیں بلکہ ہر دور کے شاعر ہیں۔ وہ ایک صوفی تھے، مٹی سے جڑا ہوا شاعر تھے، فسطائیت کے خلاف تھے اور جبر کا مقابلہ کیا۔”

انہوں نے مزید کہا: “پنجاب نے بھگت سنگھ کو وہ خراج نہیں دیا جو شیخ ایاز نے دیا، اسی لیے ہم شیخ ایاز کے مقروض ہیں۔ اگر شیخ ایاز ہوتے تو پوچھتے کہ سندھ میں زبردستی ہندو لڑکیوں کا مذہب کیوں تبدیل کیا جا رہا ہے۔ شیخ ایاز کے قلم کی جھنکار آج بھی زندہ ہے۔”

مصنفہ مہتاب اکبر راشدی نے خطاب میں کہا: “شیخ ایاز کی وجہ سے حرف زندہ ہے۔ میں شیخ ایاز کے ساتھ رہی ہوں، انہوں نے استاد کی حیثیت سے خواب دیے۔”

ترجمے کی اہمیت

مہتاب اکبر راشدی نے اہم نکتہ اٹھاتے ہوئے کہا: “ہمیں ایک ترجمہ ادارے کی ضرورت ہے، بیورو آف ٹرانسلیشن قائم کیا جانا چاہیے۔ اگر شیخ ایاز کو نوبل انعام نہیں ملا تو اس کی وجہ یہ ہے کہ ایاز کا فکری سرمایہ دنیا کی دوسری زبانوں تک نہیں پہنچا۔”

انہوں نے مزید کہا: “ابراہیم جویو نے بیورو آف ٹرانسلیشن کے لیے لکھا ہے، جس پر سندھ حکومت کو ادارہ قائم کرنے کی قرارداد منظور کرنی چاہیے۔ یوسف شاہین نے انگریزی میں سندھ کی تاریخ لکھی ہے، انہیں زندگی میں ہی خراج تحسین دیا جانا چاہیے۔ قومیں وہی زندہ رہتی ہیں جو اپنی زبانوں کو زندہ رکھتی ہیں۔”

خصوصی نشستیں

نفرت اور سائبر جنگ

میلے میں صحافی اشفاق لغاری کی کتاب “نفرت کی دریافت” پر خصوصی سیشن ہوا جس کی ماڈریٹر وردہ شہزادی تھیں۔ عاصمہ شیرازی نے کہا: “یہ سائبر جنگ ہے، میرے خلاف ایک مہم چل رہی ہے جس کے خلاف میں لڑ رہی ہوں۔ اے آئی گرافکس کے ذریعے گالیاں دی جاتی ہیں، روزانہ طوائف لکھا جاتا ہے۔ جو گالی دی جاتی ہے وہ گولی سے بھی زیادہ خطرناک ہوتی ہے۔ جینڈر کی بنیاد پر زیادہ نشانہ بنایا جاتا ہے۔”

ٹرانسجینڈر رائٹس ایکٹیوسٹ شہزادی رائے نے کہا: “جب ہمارا کیس شریعت کورٹ میں گیا تو ہمارے خلاف ریاستی سطح پر بڑی مہم چلائی گئی۔ یہاں آزادی کو روکا جا رہا ہے۔ ہم نفرت کے ساتھ پیدا نہیں ہوتے، ہمارے حکمران نفرت سکھاتے ہیں۔”

اشفاق لغاری نے کہا: “یہ صرف میری کہانی نہیں بلکہ مجھ جیسے سب لوگوں کی کہانی ہے۔”

کمزور جمہوریت اور آزاد صحافت

“کمزور جمہوریت اور آزاد صحافت” کے موضوع پر ایک اہم سیشن ہوا جس میں معروف تجزیہ نگار عاصم شیرازی نے کہا: “قائداعظم محمد علی جناح نے ایک ایسی ریاست کا خواب دیکھا تھا جو ماں جیسی ہو، مگر بعد میں ایک مخصوص ٹولے نے اس پر قبضہ کر لیا جو آج تک جاری ہے۔”

انہوں نے کہا: “پاکستان میں کبھی حقیقی جمہوریت رہی ہی نہیں، آمریت کے ساتھ لولی لنگڑی جمہوریت بدترین ہے۔ اظہار رائے کی آزادی کو بری طرح نقصان پہنچایا گیا ہے۔ ہمیں جھوٹی تاریخ پڑھائی گئی، جھوٹے ہیرو پیش کیے گئے، رہبروں کو رہزن اور رہزنوں کو رہبر بنایا گیا۔”

انہوں نے امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا: “پاکستان واحد ملک ہے جہاں کوششوں کے باوجود نوجوان انتشار کی طرف نہیں گئے۔ میں پرامید ہوں کہ ملک میں حقیقی جمہوری تبدیلی آئے گی۔”

معروف صحافی شاہزیب جیلانی نے کہا: “پارلیمنٹ نے اس وقت عدلیہ کے ساتھ جو کچھ کیا ہے وہ آمروں نے بھی نہیں کیا۔ عدلیہ کی آزادی کو نقصان پہنچایا گیا ہے۔”

انہوں نے مزید کہا: “موجودہ لولی لنگڑی جمہوریت کو ہی آگے بڑھانا اور مضبوط کرنا ہوگا، اسی میں مسائل کا حل ہے۔ پارلیمنٹ کو جواب دہ بنانا ہمارا فرض ہے۔ اس ملک کو دباؤ برداشت کرنے والے ذہین سیاسی لوگوں کی ضرورت ہے۔”

میلے میں کتابوں اور دستکاری کے اسٹال لگائے گئے۔ دوسرے دن بھی مختلف موضوعات پر نشستیں اور کتابوں کی رونمائی کی گئی۔ محفل موسیقی میں رفیق فقیر، حسن سرہندی نواز، ضامن علی، سیف سمیجو، مانجھی فقیر اور دیگر فنکاروں نے سروں کی کارکردگی پیش کی۔

تین روزہ ایاز ادبی میلہ سندھ کی ثقافتی روایات کو زندہ رکھنے اور نئی نسل تک منتقل کرنے کا ایک اہم ذریعہ ثابت ہوا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here