سٹاف رپورٹ
اسلام آباد
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر افنان اللہ نے کہا ہے کہ اگر عمران خان کا ملٹری ٹرائل کیا گیا تو اس کا سیاسی فائدہ تحریک انصاف کو ہوگا، اس لیے ان کے خیال میں عمران خان کا ٹرائل سویلین عدالت میں ہی ہوگا۔
آج نیوز کے پروگرام اسپاٹ لائٹ میں میزبان منیزہ جہانگیر کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر افنان اللہ کا کہنا تھا کہ عمران خان کے ملٹری ٹرائل کا فیصلہ حکومت نے کرنا ہے، تاہم اگر ایسا کیا گیا تو تحریک انصاف اس ٹرائل کی قانونی حیثیت کو مسلسل چیلنج کرتی رہے گی۔
پروگرام میں شریک فوجی قوانین کے ماہر وکیل کرنل (ر) انعام الرحیم کا کہنا تھا کہ آرمی ایکٹ کے تحت کسی سویلین کا ٹرائل صرف دو صورتوں میں ممکن ہے: اگر کوئی سویلین فوج میں بغاوت پھیلانے کی کوشش کرے یا آفیشل سیکرٹس ایکٹ کی خلاف ورزی کرے۔ ان کے مطابق صرف انہی صورتوں میں فوجی عدالت کسی سویلین کا ٹرائل کر سکتی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر کسی شخص کو فوجی عدالت سے سزا سنائی جائے تو اس کی اپیل آرمی چیف کے پاس جاتی ہے، تاہم سزا یافتہ شخص ہائی کورٹ میں رِٹ دائر کر سکتا ہے، اگرچہ اس رِٹ کا دائرہ اختیار محدود ہوتا ہے۔
واضح رہے کہ وفاقی وزیرِ مملکت برائے قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک نے کہا ہے کہ یہ بات سامنے آ چکی ہے کہ سابق ڈی جی آئی ایس آئی فیض حمید نے عمران خان کے کہنے پر سیاست میں مداخلت کی تھی۔
بیرسٹر عقیل ملک کے مطابق اگر عمران خان اور فیض حمید کے درمیان نو مئی کے واقعات کے حوالے سے گٹھ جوڑ ثابت ہو جاتا ہے تو عمران خان کا ملٹری ٹرائل ممکن ہو سکتا ہے، تاہم اس حوالے سے تاحال کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا اور نہ ہی کسی قانونی عمل کا آغاز کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ سابق ڈی جی آئی ایس آئی فیض حمید کو فوجی عدالت کی جانب سے چودہ سال قیدِ بامشقت کی سزا سنائی جا چکی ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیض حمید کو سیاسی سرگرمیوں میں ملوث ہونے، آفیشل سیکرٹس ایکٹ کی خلاف ورزی، اختیارات اور سرکاری وسائل کے غلط استعمال اور متعلقہ افراد کو ناجائز نقصان پہنچانے کے الزامات ثابت ہونے پر سزا سنائی گئی۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ملزم کی سیاسی عناصر کے ساتھ ملی بھگت، سیاسی افراتفری اور عدم استحکام پیدا کرنے سے متعلق معاملات کو الگ سے دیکھا جا رہا ہے۔
دوسری جانب فیض حمید کے کورٹ مارشل کے بعد بعض حکومتی وزرا یہ مؤقف اختیار کر رہے ہیں کہ آنے والے دنوں میں عمران خان سے بھی نو مئی کے واقعات کے حوالے سے تفتیش ہو سکتی ہے۔
سینیٹر فیصل واوڈا نے تو یہاں تک دعویٰ کیا ہے کہ فیض حمید نو مئی کے معاملے پر عمران خان کے خلاف شواہد بھی فراہم کریں گے۔
جب اس حوالے سے سینیٹر افنان اللہ سے سوال کیا گیا کہ کیا یہ تمام اقدامات فیض حمید اکیلے کر رہے تھے تو ان کا کہنا تھا کہ فیض حمید کا ایک پورا گروپ تھا، جس نے مل کر ایک مافیا نما نظام بنا لیا تھا اور لوگ ان سے خوفزدہ تھے۔ ان کے مطابق اگر فیض حمید کو ڈی جی آئی ایس آئی سے ترقی نہ ملتی تو یہ سب کچھ نہ ہوتا۔
کرنل (ر) انعام الرحیم کا کہنا تھا کہ احتساب کا عمل ناگزیر تھا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ فیض حمید نے ڈی جی آئی ایس آئی کے طور پر بہت زیادہ مظالم کیے۔ ان کے مطابق انہیں فیض حمید کے دور میں گرفتار کیا گیا، جسے بعد ازاں ہائی کورٹ نے غیر قانونی قرار دیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان پر قاتلانہ حملہ کیا گیا، ان کی گاڑی کو نذرِ آتش کیا گیا، اور یہ سب اس وقت ہوا جب انہوں نے لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم باجوہ کی بطور چیئرمین سی پیک اتھارٹی تعیناتی اور پاکستان کی جانب سے انگور اڈا کا علاقہ افغانستان کے حوالے کرنے کے فیصلوں کو ہائی کورٹ میں چیلنج کیا۔