06 دسمبر 2025

رپورٹ: انور انجم


سوات میں صدیوں سے آباد مسیحی، ہندو اور سکھ برادریاں آج بھی بنیادی شہری سہولیات کے شدید فقدان کا سامنا کر رہی ہیں۔ مذہبی اقلیتوں کا کہنا ہے کہ نہ تو انہیں اپنی مذہبی رسومات کی ادائیگی کے لیے مناسب جگہیں فراہم کی گئی ہیں اور نہ ہی سرکاری محکموں میں آئینی حقوق کے مطابق نمائندگی مل رہی ہے۔ ان مسائل کا سب سے زیادہ بوجھ خواتین پر پڑتا ہے جو روزمرہ زندگی میں دوہرے دباؤ کا شکار ہیں۔

مذہبی رسومات کے لیے جگہوں کی کمی

ہندو کمیونٹی سے تعلق رکھنے والی کرن نے بتایا کہ ان کے پاس آج تک اپنا شمشان گاٹ موجود نہیں۔ “ہمیں اپنے پیاروں کی آخری رسومات کے لیے پشاور یا دیگر شہروں کا رخ کرنا پڑتا ہے، جو نہ صرف تکلیف دہ ہے بلکہ مالی طور پر بھی ہمارے لیے بڑا بوجھ بنتا ہے۔”

مسیحی برادری کی مہرین شاہد نے کہا کہ انہیں قبرستان کے لیے دی گئی زمین بھی غیر محفوظ اور ناکافی ہے۔ “قبروں کی حفاظت، جگہ کی کمی اور سرکاری توجہ نہ ہونے جیسے مسائل ہماری تکالیف میں مزید اضافہ کرتے ہیں۔”

سرکاری ملازمتوں میں نمائندگی کا فقدان

اقلیتی برادری کا ایک بڑا مسئلہ سرکاری ملازمتوں میں حصہ نہ ملنا ہے۔ مہرین شاہد کے مطابق بارہا درخواستوں کے باوجود سرکاری محکموں میں انہیں مناسب نمائندگی نہیں دی جاتی۔ اس صورتحال سے نہ صرف نوجوان متاثر ہو رہے ہیں بلکہ اقلیتوں میں احساسِ محرومی بھی بڑھ رہا ہے۔

ہندو کمیونٹی کے رکن وجے کا کہنا تھا: “ہم اسی معاشرے کے شہری ہیں لیکن حکومت بنیادی سہولیات دینے میں ناکام ہے۔ ہماری کمیونٹی کو مسلسل نظرانداز کیا جا رہا ہے، جبکہ ہم مساوی حقوق کا مطالبہ کرتے ہیں۔”

حکومتی یقین دہانی

ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر بابوزئی تحصیل طارق خان نے وائس پی کے سے گفتگو میں یقین دہانی کرائی کہ اقلیتوں کے تمام مسائل کے حل کے لیے متعلقہ محکموں کو فوری اقدامات کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ ان کے مطابق حکومت اقلیتی برادری کے حقوق کے تحفظ اور سہولیات کی فراہمی کے لیے سنجیدہ ہے۔

سماجی تحفظ کے پروگراموں تک رسائی کا مسئلہ

اقلیتی برادری کی خواتین کا کہنا ہے کہ ان کے مسائل صرف مذہبی رسومات تک محدود نہیں، بلکہ حکومتی سماجی تحفظ کے پروگراموں تک رسائی بھی ان کے لیے مشکل ہے۔ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام جیسے اسکیموں میں بھی انہیں مناسب طور پر شامل نہیں کیا جا رہا۔

خواتین نے بتایا کہ مالی دباؤ، محدود تعلیمی مواقع اور سماجی رکاوٹیں انہیں مزید کمزور کر رہی ہیں۔ “شدید سردی، مہنگائی اور بے روزگاری کے اس دور میں ریاستی تعاون سے محرومی ہماری مشکلات کو کئی گنا بڑھا دیتی ہے۔”

سیلاب متاثرین میں بھی نظرانداز

اقلیتی برادری نے شکایت کی کہ حالیہ تباہ کن سیلاب کے دوران ان کے گھروں اور عبادت گاہوں کو شدید نقصان پہنچا، لیکن ریلیف اور بحالی کے عمل میں انہیں ترجیح نہیں دی گئی۔ متاثرین کے مطابق نہ تو مکمل سروے کیا گیا اور نہ ہی انہیں حکومتی امدادی پیکجز میں مناسب حصہ دیا گیا۔

اقلیتی رہنماؤں کے مطالبات

اقلیتی رہنماؤں اور خواتین نے حکومت سے درج ذیل مطالبات کیے ہیں:

– سوات میں شمشان گاٹ اور قبرستان کے لیے مستقل اور محفوظ زمین فراہم کی جائے

– سرکاری محکموں میں اقلیتوں کے لیے مختص کوٹے پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے

– بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں اقلیتی خواتین کو شامل کیا جائے

– سیلاب متاثرین کی بحالی میں انہیں برابر کی توجہ دی جائے

– ان کے مسائل کے حل کے لیے ضلعی سطح پر خصوصی ٹاسک فورس تشکیل دی جائے

اقلیتی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ اگر حکومت نے بروقت اقدامات نہیں کیے تو ان کی محرومیاں مزید بڑھیں گی اور معاشرے میں ان کا احساسِ بیگانگی گہرا ہوتا جائے گا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here