01 جنوری 2026
رپورٹ: دانیال عزیز
پشاور: خیبرپختونخوا میں خواجہ سراء کمیونٹی کو درپیش متعدد مسائل میں سب سے سنگین مسئلہ جائیداد اور وراثت کے حق سے محرومی ہے۔ اگرچہ پاکستان میں خواجہ سراؤں کے حقوق سے متعلق قانون موجود ہے، مگر زمینی حقائق اس کے بالکل برعکس تصویر پیش کرتے ہیں۔
75 فیصد خواجہ سراء جائیداد سے محروم
خواجہ سراء کمیونٹی خیبرپختونخوا کی چیئرپرسن فرزانہ ریاض کے مطابق صوبے میں صورتِ حال نہایت تشویشناک ہے۔ “سو میں سے پچہتر فیصد خواجہ سراؤں کو جائیداد میں حصہ نہیں دیا جاتا، چاہے وہ اس فیلڈ میں ہوں یا نہ ہوں۔ زیادہ تر خواجہ سراؤں کو تعلیم سے محروم رکھا جاتا ہے اور اسی کمزوری کا فائدہ اٹھا کر ان سے دھوکے سے دستخط کروائے جاتے ہیں،” فرزانہ ریاض نے بتایا۔
ان کا کہنا ہے کہ اکثر خواجہ سراؤں کو یہ کہہ کر دستخط لیے جاتے ہیں کہ گیس یا بجلی کنکشن کے کاغذات ہیں، جبکہ درحقیقت وہ زمین اور جائیداد کی دستاویزات ہوتی ہیں۔ “میرے کئی طلبہ ایسے ہیں جن کے ساتھ ان کے اپنے گھر والوں نے یہ دھوکہ کیا۔ جب جائیداد میں حصہ نہیں ملتا تو ان کا مستقبل تاریک ہو جاتا ہے۔ بڑھاپے میں تو ان کے پاس کھانے پینے کا بھی کوئی سہارا نہیں ہوتا،” انہوں نے مزید کہا۔
فرزانہ ریاض خود بھی اس تلخ حقیقت کا شکار رہی ہیں۔ “میرا بھی خاندان مجھے قبول نہیں کرتا تھا، اسی لیے مجھے بھی جائیداد میں حصہ نہیں ملا۔”
جان کے خوف میں خاموش رہنے پر مجبور
پشاور میں مقیم خواجہ سراء زہرہ کا کہنا ہے کہ مسئلہ صرف جائیداد کا نہیں بلکہ جان کے خوف کا بھی ہے۔ “میرے خاندان کے پاس بنگلے، دکانیں اور بڑی جائیداد ہے، لیکن نہ مجھے اور نہ کسی اور خواجہ سراء کو کوئی حصہ ملتا ہے۔ والد اور بھائی کے خلاف عدالت اس لیے نہیں جاتے کہ جان کا خطرہ ہوتا ہے،” زہرہ نے کہا۔
ان کے مطابق اکثر خواجہ سراء اسی خوف کے سبب خاموشی اختیار کر لیتے ہیں اور اپنا حق چھوڑ دیتے ہیں۔ “کون نہیں چاہتا کہ اسے خاندان سے وراثت ملے؟ یہ سب دیکھ کر بہت افسردگی ہوتی ہے، مگر ہم کچھ نہیں کر پاتے۔”
گھر سے نکالے جانے کا درد
خواجہ سراء ببلی کے مطابق مسئلہ جائیداد سے بھی آگے کا ہے۔ “ہمیں خاندان اپناتا ہی نہیں، تو جائیداد بہت بڑی بات ہے۔ والد اور بھائی صاف کہہ دیتے ہیں کہ گھر نہ آیا کریں،” ببلی نے بتایا۔ انہوں نے کہا کہ خواجہ سراؤں کو نہ صرف گھروں بلکہ اسپتالوں اور عوامی مقامات پر بھی شدید امتیازی سلوک کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
“اسپتال میں ہمیں مریض نہیں سمجھا جاتا، لوگ تماشہ بناتے ہیں، وارڈز سے نکال دیا جاتا ہے۔ آخر ہم جائیں تو کہاں جائیں؟” ببلی نے سوال کیا۔
قانون موجود ہے، عملدرآمد نہیں
ایڈووکیٹ عالم خان ادینزئی کے مطابق خواجہ سراؤں کے وراثتی حقوق کے تحفظ کے لیے ٹرانسجنڈر پرسنز (پروٹیکشن آف رائٹس) ایکٹ 2018 میں واضح شقیں موجود ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ دفعہ 7 کے تحت وراثت کی تین صورتیں بیان کی گئی ہیں:
– جس خواجہ سراء میں مردانہ خصوصیات زیادہ ہوں، اسے مرد کے برابر وراثتی حصہ ملے گا
– جس میں نسوانی خصوصیات زیادہ ہوں، اسے عورت کے برابر حصہ دیا جائے گا
– جس کی خصوصیات واضح نہ ہوں، اس کا 18 سال تک انتظار کیا جائے گا۔ اگر 18 سال بعد بھی تعین ممکن نہ ہو تو اسے مرد اور عورت کے حصے کا نصف دیا جائے گا
“ہمارا معاشرہ مردانہ بالادستی پر مبنی ہے۔ یہاں خواتین کے وراثتی حقوق بھی سلب ہوتے ہیں، جبکہ خواجہ سراؤں کو تو مکمل طور پر جائیداد سے محروم رکھا جاتا ہے،” ایڈووکیٹ عالم خان نے کہا۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگرچہ خاندان خواجہ سراؤں کو گھروں سے نکال دیتے ہیں، قانونی راستہ موجود ہے اور عدالت کے ذریعے وہ اپنا حق حاصل کر سکتے ہیں۔
تشویشناک اعداد و شمار
سرکاری اور سماجی تنظیموں کے مطابق پاکستان میں تقریباً پانچ لاکھ سے زائد خواجہ سراء موجود ہیں، جن میں سے بڑی تعداد کو تعلیم تک رسائی حاصل نہیں، خاندان کی جانب سے قبولیت نہیں ملتی اور وراثت و جائیداد سے محروم رکھا جاتا ہے۔
خیبرپختونخوا میں کام کرنے والی تنظیموں کے مطابق اکثریت بڑھاپے میں مکمل طور پر بے سہارا ہو جاتی ہے، کیونکہ نہ جائیداد ہوتی ہے اور نہ ہی مستقل آمدن کا کوئی ذریعہ۔
خواجہ سراؤں کے وراثتی حقوق سے متعلق قانون موجود ہے، مگر سماجی رویے، خاندانی دباؤ اور جان کے خوف نے اس قانون کو کاغذی حد تک محدود کر دیا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ جب تک معاشرہ قبولیت، ریاست مؤثر عملدرآمد اور قانونی معاونت کو یقینی نہیں بناتی، تب تک خواجہ سراؤں کے لیے جائیداد محض ایک خواب ہی رہے گی۔