3 جنوری 2026
رپورٹ: انور انجم
مینگورہ: سوات سے تعلق رکھنے والے دو افراد کو پنجاب پولیس نے گوجرانوالہ میں ایک مبینہ پولیس مقابلے کے دوران ہلاک کر دیا، جس کے خلاف سوات میں شدید احتجاج کیا جا رہا ہے۔ اس واقعے نے قانون کی بالادستی اور انسانی حقوق سے متعلق سنگین سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔
سوات کے علاقے پانڑ کوکاری سے تعلق رکھنے والے تین افراد شعیب، اکرام اور فیصل کو 8 دسمبر کو پنجاب پولیس نے مقامی پولیس کے تعاون سے گرفتار کیا تھا۔ ان پر گوجرانوالہ میں 5 دسمبر کو مسیحی برادری سے تعلق رکھنے والے پادری کامران کے قتل کا الزام عائد تھا۔
گرفتاری کے بعد تینوں ملزمان کو کوکاری پولیس نے سوات جیل منتقل کیا، جہاں سے عدالتی حکم پر 19 دسمبر کو پنجاب پولیس انہیں گوجرانوالہ لے گئی۔ پنجاب پولیس نے ملزمان کو پانچ روز تک حراست میں رکھنے کے بعد 24 دسمبر کو ایک مبینہ مقابلے میں شعیب اور اکرام کو ہلاک کر دیا، جبکہ تیسرا ملزم فیصل ابھی تک پولیس کی تحویل میں ہے۔
پولیس پر ماورائے عدالت قتل کا الزام
مقتول اکرام کے بھائی عرفان کا کہنا ہے: “اگر ہمارے بھائی قصوروار تھے تو انہیں عدالت میں پیش کر کے قانون کے مطابق سزا دی جاتی، مگر پولیس نے انصاف کا راستہ اختیار کرنے کے بجائے ماورائے عدالت اقدام کیا۔”
شعیب کے بھائی عباس نے کہا: “یہ سراسر ناانصافی ہے، الزام ثابت کرنا عدالت کا کام ہے، نہ کہ پولیس کا۔”
ہلاک ہونے والے شعیب کے تین چھوٹے بیٹے ہیں جن کی عمریں سات ماہ سے دس سال تک ہیں، جبکہ اکرام کی تین بیٹیاں ہیں جن کی عمریں پانچ سے آٹھ سال کے درمیان بتائی جاتی ہیں۔ لواحقین کا کہنا ہے کہ چاہے ملزمان پر کوئی بھی الزام ہو، انہیں عدالت میں پیش کر کے قانونی طریقہ کار کے مطابق سزا دی جانی چاہیے تھی۔
سیاسی قیادت کی مذمت
سٹی میئر مینگورہ شاہد علی خان نے واقعے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا: “ماورائے عدالت قتل کسی صورت قابل قبول نہیں، اور اس واقعے میں ملوث اہلکاروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہونی چاہیے۔”
پنجاب پولیس خاموش
اس معاملے پر وائس پی کے نے گوجرانوالہ پولیس سے متعدد بار رابطہ کیا، تاہم ابھی تک کوئی جواب موصول نہیں ہو سکا۔ لواحقین اور یتیم بچوں نے حکومت اور اعلیٰ حکام سے فوری طور پر انصاف کی فراہمی اور ملوث اہلکاروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔