15 جنوری 2026

رپورٹ: شوکت کورائی


کراچی: نیشنل ٹریڈ یونین فیڈریشن کے رہنما اقبال ابڑو نو جنوری کو کراچی سے لاپتا ہو گئے۔ چار روز بعد پولیس نے انہیں عدالت میں پیش کیا، جہاں ان کے خلاف فیکٹری مالکان سے بھتہ وصولی کے الزام میں دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔

بھتہ خوری کا مقدمہ

نجی فیکٹری کے سیکیورٹی انچارج محمد اصغر کی مدعیت میں یہ مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ عدالت میں پولیس نے موقف اختیار کیا کہ اقبال ابڑو فیکٹری مالکان سے بھتہ وصول کرتے اور انہیں دھمکیاں دیتے ہیں، اس لیے دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے اور تفتیش کے لیے انہیں پولیس تحویل میں دیا جائے۔

عدالت نے پولیس کے موقف پر حیرت کا اظہار کیا، تاہم ریمانڈ کی استدعا منظور کرتے ہوئے اقبال ابڑو کو تین روز تک پولیس کی تحویل میں دے دیا۔ انہیں سولہ جنوری کو دوبارہ عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

مقدمہ صحیح ہے یا غلط، اس کا فیصلہ عدالت کرے گی: پراسیکیوٹر جنرل

سندھ کے پراسیکیوٹر جنرل منتظر مہدی کا کہنا ہے: “مقدمہ صحیح ہے یا غلط، اس کا فیصلہ عدالت شواہد کی روشنی میں کرے گی۔ پولیس مقدمات درج کر لیتی ہے لیکن شواہد نہیں ہوتے توملزمان بری ہو جاتے ہیں۔ اس طرح کے مقدمات میں بریت کا تناسب زیادہ ہے۔”

انہوں نے مزید کہا: “قانون کے مطابق شک کا فائدہ ملزم کو جاتا ہے، اس لیے اکثر ملزمان عدالتوں سے بری ہو جاتے ہیں۔ البتہ اب بریت کا تناسب کم ہوا ہے کیونکہ تفتیشی افسران نئے آئے ہیں اور ان کی تربیت بھی ہوئی ہے۔”

اقبال کو چار روز تک انہیں بغیر کیس درج کیے تھانے میں بند رکھا گیا: اہل خانہ

اقبال ابڑو کے بھائی کا کہنا ہے کہ ان کے بھائی ٹریڈ یونین کے رہنما ہیں اور مزدوروں کے حقوق کے لیے جدوجہد کرتے رہتے ہیں۔ “کورنگی میں فیکٹری مالکان کے کہنے پر پولیس نے جمعہ کے روز بات چیت کے لیے انہیں تھانے میں بلایا اور پھر گرفتار کر لیا۔ چار روز تک انہیں بغیر کیس درج کیے تھانے میں بند رکھا گیا۔ چوتھے روز دوپہر کو انہیں عدالت میں پیش کیا گیا۔ اس سے قبل پولیس گرفتاری سے انکاری تھی۔”

مزدور کی برطرفی پر احتجاج کی بنا اقبال کو نشانہ بنایا گیا: ٹریڈ یونین

نیشنل ٹریڈ یونین فیڈریشن کے جنرل سیکرٹری ناصر منصور نے کہا: “اقبال ابڑو ایک مزدور رہنما ہیں۔ فیکٹری انتظامیہ نے ایک مزدور شہزاد کو بلاوجہ ملازمت سے برطرف کیا تھا، جس کے خلاف اقبال ابڑو مزاحمت کر رہے تھے۔ اسی لیے فیکٹری انتظامیہ کے اشارے پر پولیس نے انہیں گرفتار کیا اور گرفتاری کے بعد تشدد بھی کیا گیا۔”

ہوم بیسڈ ویمن ورکرز فیڈریشن پاکستان کی رہنما زہرہ خان نے کہا: “مزدور قوانین کے تحت مزدوروں کے حقوق کے لیے آواز اٹھانا ہمارا قانونی حق ہے۔ پولیس کو یہ اختیار نہیں کہ وہ مزدوروں کے قانونی حقوق میں مداخلت کرے۔ اقبال ابڑو نیشنل فیڈریشن کے رہنما ہیں اور فیڈریشن قانونی طور پر رجسٹرڈ ہے۔ قانون کے مطابق وہ مزدوروں کے حقوق کے لیے جدوجہد کر سکتے ہیں۔”

اقبال ابڑو کی بازیابی کے لیے مزدور تنظیموں نے کراچی پریس کلب کے باہر احتجاج بھی کیا تھا۔

دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمے کی مذمت

ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان نے اقبال ابڑو کے خلاف دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمے کے اندراج پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ایچ آر سی پی کے مطابق، پولیس پہلے گرفتاری سے انکار کرتی رہی۔ کسی بھی شہری کی بلاجواز گرفتاری اور انہیں لاپتا کرنا ان کی آزادی اور جان کے تحفظ کے لیے بنائے گئے ریاستی قوانین کے برعکس ہے۔

ہیومن رائٹس کمیشن کا کہنا ہے کہ پولیس کا یہ عمل مزدور حقوق کی آواز کو دبانے کے مترادف ہے، جو خلاف آئین ہے۔ ایچ آر سی پی نے اقبال ابڑو کی فوری رہائی اور ان کی گرفتاری اور تشدد میں ملوث تمام سول اور سرکاری افسران کو قانون کے کٹہرے میں لانے کا مطالبہ کیا ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here