27 جنوری 2026
رپورٹ: شوکت کورائی
کراچی میں انسانی حقوق کی وکیل ایمان مزاری اور حادی علی چٹھہ کو پیکا ایکٹ 2016 کے تحت ٹویٹ کرنے پر دی گئی سزا کے خلاف اتوار کو ہونے والے احتجاج کو روکنے کے لیے انتظامیہ نے شہر کی اہم شاہراؤں پر سخت سیکیورٹی انتظامات کیے۔
پولیس نے کراچی پریس کلب کی طرف جانے والے تمام راستوں پر کنٹینرز اور گاڑیاں کھڑی کر کے انہیں مکمل طور پر بند کر دیا، جس کی وجہ سے احتجاج کرنے والوں نے جہاں پولیس نے انہیں روکا، وہیں احتجاج شروع کر دیا۔
ذوالفقار بھٹو جونیئر کا احتجاج
پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما ذوالفقار بھٹو جونیئر کو پریس کلب کی طرف جانے والے داخلی راستے پر زینب مارکیٹ کے قریب روک دیا گیا، جس پر انہوں نے سڑک پر ہی دھرنا دے دیا۔ بعد میں شیما کرمانی اور دیگر کارکن بھی ان کے دھرنے میں شامل ہو گئے۔
اس موقع پر ذوالفقار بھٹو جونیئر نے کہا: “مجھے بھی کہا گیا کہ فٹ پاتھ پر نہیں چل سکتا اور کلب میں صحافیوں سے چائے پینے کے لیے بھی نہیں جا سکتا۔ یہ بات ایسے ہوئی کہ اس ملک میں چوری قانونی ہے اور پیدل چلنا غیر قانونی ہے۔”
انہوں نے مزید کہا: “ہم ایسے نظام کو نہیں مانتے بلکہ اس نظام کو گرانا چاہتے ہیں جو ایک ٹویٹ پر دس برس کی سزا سناتا ہے۔”
صحافیوں اور انسانی حقوق کارکنان کا احتجاج
ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان اور صحافی تنظیموں کی جانب سے پریس کلب کے سامنے احتجاج کیا گیا۔ احتجاج کے شرکا نے ایمان مزاری اور حادی علی چٹھہ کو دی گئی سزا کو کالعدم قرار دینے کا مطالبہ کیا۔
کراچی پریس کلب کے صدر فاضل جمیلی نے وائس پی کے سے بات کرتے ہوئے کہا: “کراچی انتظامیہ سے ہماری بات چیت ہوتی رہتی ہے۔ انہوں نے اس بات کا یقین دلایا تھا کہ وہ ایک راستہ کھلا رکھیں گے، لیکن انہوں نے ایسا نہیں کیا۔”
انہوں نے مزید کہا: “ایمان مزاری اور حادی علی چٹھہ کے خلاف سزا ایک سنگین مسئلہ ہے۔ ہم صحافی پیکا ایکٹ پاس ہونے کے وقت خدشات کا اظہار کر رہے تھے کہ آگے چل کر ایکٹ کا غلط استعمال ہوگا، اور ایسا ہی ہوا ہے۔ ایمان مزاری اور حادی علی چٹھہ کے خلاف سزا سے یہ بات ثابت ہو گئی ہے۔”
عدالتی فیصلے پر سخت تنقید
ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان سندھ چیپٹر کے وائس چیئرمن قاضی خضر حبیب نے عدالتی فیصلے پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا: “ایمان مزاری اور حادی علی چٹھہ کو دی گئی سزا کا فیصلہ مجھے عدالتی فیصلہ نہیں لگتا۔ یہ ایسا فیصلہ ہے جیسے جرگے کیے جاتے ہیں۔ اجلت میں فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس وقت عدالتیں اسٹیبلشمنٹ کی دلالی کر رہی ہیں۔”
کراچی بار ایسوسی ایشن کے سیکریٹری رحمان کورائی نے کہا: “یہ ایسا کیس ہے جس میں فیصلہ اور فریاد کرنے والا دونوں حکومت ہیں، اس لیے اس سزا کو میں نہیں مانتا۔ ملک میں اتنا ظلم بڑھ گیا ہے کہ فلسطین سے بھی زیادہ ظلم ہو رہا ہے۔ میں ایسے عدالتی فیصلے کو نہیں مانتا۔”
انہوں نے مطالبہ کیا: “آپ آزاد عدلیہ میں ہماری پٹیشنز سنیں، آزاد انتخابات کرائیں، پھر ہمارا مقابلہ کریں۔”
خوف کی سیاست اور مظلوموں کا ساتھ
انسانی حقوق کے لیے متحرک عظمیٰ نورانی نے کہا: “ملک کے طاقتور اب ایک لڑکی کے ٹویٹ سے ڈرتے ہیں۔ شاید اس سے قبل لوگوں نے وہ ٹویٹ نہیں پڑھی ہوگی، لیکن اس کے بعد سب لوگوں کو تجسس ہوگا کہ وہ ٹویٹ پڑھیں۔”
انہوں نے مزید کہا: “ان سزاؤں کا مقصد ہے کہ لوگوں کو ڈرایا جائے تاکہ کوئی ان سے نہ پوچھے۔ ایمان مزاری کو اس لیے سزا دی گئی کہ وہ مجبور لوگوں کے ساتھ کھڑی ہوتی ہے، وہ ماہ رنگ بلوچ کے ساتھ کھڑی ہوتی ہے، وہ مظلوموں کا ساتھ دیتی ہے، اس لیے انہیں اور ہم سب کو ڈرانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔”
تشویشناک صورتحال
سول سوسائٹی، انسانی حقوق کے کارکنان اور صحافیوں نے خبردار کیا کہ لوگوں کی آواز دبانے سے ریاست مزید انتشار کا شکار ہوگی اور ملک کو مزید بحران کا سامنا کرنا پڑے گا۔ واضح رہے کہ اتوار کے روز بھی بلوچستان یوتھ کونسل کی پریس کانفرنس روکنے کے لیے کراچی پریس کلب کے راستے بند کر دیے گئے تھے۔ کراچی پریس کلب کے صدر فاضل جمیلی اور ایچ آر سی پی نے انتظامیہ کی جانب سے احتجاج روکنے کی کوشش اور پریس کلب کے داخلی راستے بند کرنے پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔