31 جنوری 2026

رپورٹ: اسلام گل


خیبر: باڑہ سیاسی اتحاد کے زیر اہتمام منعقدہ جرگے نے تیراہ میں امن کی فوری بحالی، تیراہ متاثرین کی باعزت واپسی، جبکہ رجسٹریشن میں سیاسی مداخلت، اقربا پروری، انتظامی نااہلی اور کرپشن کی تحقیقات اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کر دیا۔

جرگے کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ باڑہ میں اغوا برائے تاوان، دھمکی آمیز کالوں اور عام شہریوں میں خوف و ہراس کے خاتمے کے لیے حکومت اپنی آئینی ذمہ داری پوری کرتے ہوئے عوام کو تحفظ فراہم کرے۔

جرگے میں واضح کیا گیا کہ صوبہ اور وفاق متاثرینِ تیراہ کے مسائل حل کریں، بصورتِ دیگر دونوں کے خلاف احتجاجی تحریک شروع کی جائے گی۔

ضلع خیبر کے تحصیل باڑہ میں سیاسی اتحاد کے زیر اہتمام وادی تیراہ سے جاری نقل مکانی اور بے گھر افراد کے مسائل کے حل کے حوالے سے خیبر قومی جرگے کا انعقاد کیا گیا۔ اس جرگے میں حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کے نمائندگان، مقامی عمائدین اور وادی تیراہ کے نمائندہ وفود نے شرکت کی۔

جرگے کے منتظمین کا کہنا تھا کہ اس مشاورتی نشست کا دو نکاتی ایجنڈا رکھا گیا ہے: ایک، وادی تیراہ سے لوگوں کو نقل مکانی کرانے والے ذمہ داروں کا تعین کرنا، اور دوسرا، بے گھر خاندانوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے اقدامات کو موثر بنانا۔

سیاسی سکورنگ بند کرنے کا مطالبہ

جرگے میں شریک وادی تیراہ سے تعلق رکھنے والے سیاسی کارکن صاحب جان نے کہا: “اس جرگے میں شرکت کا بنیادی مقصد بے گھر خاندانوں پر جاری سیاسی بیان بازی کو روکنا اور ان لوگوں کے مسائل کا حل تلاش کرنا ہے۔”

انہوں نے مزید کہا: “ایک طرف اس شدید سردی میں وادی تیراہ سے لوگوں کو جبری طور پر اپنے گھروں سے بے دخل کر دیا گیا، جس کی وجہ سے جانی اور مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔ بڑی تعداد میں مویشیوں کی اموات بھی واقع ہوئی ہیں، لیکن دوسری جانب ان مشکل صورت حال سے دوچار لوگوں کے مسائل پر سیاسی سکورنگ کا عمل انتہائی قابلِ افسوس ہے۔”

صاحب جان نے اس وقت مقامی سطح پر تمام سیاسی جماعتوں میں اتفاق کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ صرف اسی طرح ہزاروں بے گھر خاندانوں کے مسائل کم ہو سکتے ہیں۔

وفاق اور صوبے کے درمیان سیاسی کشمکش

سیاسی اتحاد کی جانب سے قومی جرگے کا انعقاد ایسے وقت میں کیا گیا جب تیراہ سے جاری نقل مکانی پر وفاق اور صوبے کے درمیان سیاسی بیانات کا میدان گرم ہے۔ وفاقی حکومت کا موقف ہے کہ وادی تیراہ کے لوگوں کو سیکیورٹی اداروں کی جانب سے کسی قسم کی نقل مکانی کے لیے نہیں کہا گیا اور علاقے میں امن کے قیام کے لیے معلومات کی بنیاد پر ٹارگیٹڈ آپریشنز کیے جا رہے ہیں۔ دوسری جانب صوبائی حکومت اس نقل مکانی کی ذمہ داری سیکیورٹی اداروں اور وفاقی حکومت پر ڈال رہی ہے۔

نقل مکانی کا معاہدہ مقامی عمائدین نے کیا: پی ٹی آئی کا موقف

صوبے میں برسرِ اقتدار جماعت پاکستان تحریک انصاف کی نمائندگی پر عابد آفریدی نے جرگے میں شرکت کی۔ وائس پی کے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا: “علاقے میں بدامنی کی شدید لہر نے وہاں کی مقامی آبادی کی زندگی اجیرن کر دی تھی اور مقامی عمائدین نے مجبوراً سیکیورٹی حکام کے حکم پر نقل مکانی کے لیے ایک معاہدہ کر لیا۔”

انہوں نے مزید کہا: “موجودہ وقت میں سیاسی بیان بازی اور الزامات سے ان بے گھر لوگوں کے مسائل میں اضافے کے سوا کچھ حاصل نہیں ہوگا۔”

ایک سوال کے جواب میں عابد آفریدی نے کہا: “بے گھر افراد کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنا صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے، تاہم اگر اس عمل میں کسی قسم کے مسائل سامنے آ رہے ہیں تو ان کی نشان دہی کرنا سیاسی جماعتوں کی ذمہ داری ہے، لیکن بغیر تحقیق کے تنقید کرنے سے ان لوگوں کے مسائل میں اضافہ ہوگا۔”

متاثرین کی تعداد اور رجسٹریشن

ضلعی حکام کے مطابق دس نومبر سے وادی تیراہ میں ممکنہ فوجی آپریشن کے سبب نقل مکانی کا عمل شروع ہو چکا ہے، جبکہ بے گھر خاندانوں کی رجسٹریشن کا عمل پانچ جنوری سے جاری ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق 19 ہزار 586 خاندان رجسٹرڈ ہو چکے ہیں، جبکہ 30 ہزار سے زیادہ خاندانوں کو ٹوکن جاری کر دیے گئے ہیں۔

تیراہ وفد کا احتجاجی واک آؤٹ

قومی جرگے سے وادی تیراہ کے نمائندہ وفد نے بائیکاٹ کر کے تمام شرکاء احتجاجاً چلے گئے۔ وفد کے سربراہ اور سیاسی رہنما صحبت خان آفریدی نے اپنا موقف پیش کرتے ہوئے کہا: “ہم اس جرگے میں اس امید کے ساتھ شریک ہوئے تھے کہ یہاں تیراہ کی اصل صورت حال پوری قوم کے سامنے رکھنے کا موقع دیا جائے گا، تاہم چند گھنٹے گزرنے کے بعد معلوم ہوا کہ یہاں سیاسی سکورنگ کے لیے لوگ اکٹھے ہوئے ہیں اور ہمیں بات کرنے کا موقع ہی نہیں دیا گیا۔”

صحبت خان آفریدی نے مزید کہا: “موجودہ وقت سیاست کا نہیں بلکہ ہم ایک انسانی بحران کا شکار ہیں جس کے حل کے لیے موثر اقدامات کی ضرورت ہے۔”

انہوں نے بتایا کہ وادی تیراہ سے لوگوں کو جبری طور پر بے دخل کر دیا گیا اور علاقے میں جاری بدامنی سے 150 بے گناہ افراد مارے گئے، جبکہ 200 سے زیادہ زخمی ہو چکے ہیں۔ انہوں نے صوبائی اور مرکزی قیادت سے مطالبہ کیا کہ تیراہ متاثرین پر سیاسی بیان بازی کا سلسلہ بند کر کے لوگوں کے مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ اقدامات کا لائحہ عمل طے کریں۔

میڈیا میں متضاد بیانات

وفاقی حکومت کے تیراہ سے متعلق پالیسی بیان کے بعد ملکی میڈیا بھی بڑی تیزی سے متحرک ہو گیا ہے۔ ایک نجی ٹیلی ویژن نے باڑہ سیاسی اتحاد کے سربراہ ہاشم خان آفریدی سے منسوب ایک بیان چلایا جس میں کہا گیا کہ وادی تیراہ سے جاری نقل مکانی آبادی کی رضامندی سے ہو رہی ہے۔

تاہم اس حوالے سے ہاشم خان آفریدی نے وائس پاکستان کو بتایا: “میں نے ایک صوبائی وزیر کے بیان کا حوالہ دیا تھا، جبکہ اس بات کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا۔ تیراہ سے لوگوں کو جبری طور پر بے دخل کر دیا گیا اور یہ لوگ ایک مشکل صورت حال کا سامنا کر رہے ہیں۔”

جرگے کے انعقاد کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اس میں صرف دو نکاتی ایجنڈا رکھا گیا تھا: ایک یہ کہ وادی تیراہ سے جبری نقل مکانی کے ذمہ دار صوبائی حکومت، مرکزی حکومت یا سیکیورٹی حکام میں سے کون ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی اتحاد بے گھر خاندانوں کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گا۔

صوبائی اور مرکزی حکومت کے بیانات کے بعد یہی امید کی جا رہی تھی کہ وادی تیراہ کے عمائدین پر مشتمل 24 رکنی کمیٹی اس معاہدے کو سامنے لائے گی جو تیراہ سے نقل مکانی کے حوالے سے کیا گیا ہے، تاہم ابھی تک ان کی طرف سے باقاعدہ کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا۔ قومی جرگے میں بھی کوئی ممبر شریک نہیں تھا۔

خیبر قومی جرگے کا تفصیلی اعلامیہ

باڑہ سیاسی اتحاد نے تیراہ سے نقل مکانی کرنے والے تمام متاثرہ خاندانوں کے ساتھ مکمل یکجہتی اور حمایت کا اعلان کیا اور خیبر میں متنازعہ آپریشنز کے نتیجے میں برسوں سے بے گھر، عدم تحفظ اور مشکلات کا شکار متاثرین کی فوری اور باعزت بحالی کا مطالبہ کیا۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ یہ متاثرین وہ لوگ ہیں جنہوں نے ریاست کے ساتھ تعاون اور قربانی کی مثالیں قائم کیں، مگر آج بھی بنیادی انسانی، آئینی اور قبائلی حقوق سے محروم ہیں۔

اتحاد نے واضح کیا کہ متاثرینِ تیراہ کا مسئلہ ایک اجتماعی قومی مسئلہ ہے جس میں تاخیر ناقابلِ قبول ہے۔ لہٰذا درج ذیل مطالبات کیے گئے:

• وادی تیراہ میں فوری امن کی بحالی

• فوجی کارروائیوں کی بندش

• متاثرین کی شفاف رجسٹریشن

• سیاسی مداخلت، اقربا پروری، انتظامی نااہلی اور کرپشن کی تحقیقات

• تمام حقیقی متاثرین کو آئی ڈی پیز کا درجہ اور امدادی پیکیج

• اغوا برائے تاوان اور بدامنی کا خاتمہ

• صوبائی و وفاقی حکومتوں کی سنجیدہ مشترکہ حکمتِ عملی

اتحاد نے خبردار کیا کہ اگر ان آئینی، قانونی اور اخلاقی مطالبات پر فوری عمل درآمد نہ ہوا تو متاثرینِ تیراہ اور ضلع خیبر کے عوام کے ساتھ مل کر بھرپور احتجاجی تحریک شروع کی جائے گی۔ سیاسی اتحاد ہر فورم پر متاثرین کے حقوق کے لیے جدوجہد جاری رکھے گا۔

وادی تیراہ کے حوالے سے جمرود فٹ بال سٹیڈیم میں وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا کی قیادت میں ایک جرگہ طلب کر دیا گیا ہے جس میں پورے ضلع خیبر کے تمام مکاتبِ فکر کے لوگوں کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔

پشاور ہائی کورٹ میں سماعت

پشاور ہائی کورٹ میں وفاقی اور صوبائی حکومت نے وادی تیراہ میں آپریشن کی اجازت سے لاتعلقی ظاہر کر دی۔ دونوں حکومتوں کے قانونی افسران نے عدالت میں موقف اپنایا کہ تیراہ میں فوجی آپریشن کی اجازت نہ تو وفاقی محکمہ داخلہ نے دی اور نہ ہی صوبائی حکومت نے۔

یہ انکشاف پشاور ہائی کورٹ کے دو رکنی بنچ کے سامنے ایڈووکیٹ جنرل خیبر پختونخوا شاہ فیصل اتمان خیل اور ایڈیشنل اٹارنی جنرل ثناء اللہ نے وادی تیراہ میں فوجی آپریشن اور اس کے باعث نامساعد حالات میں لوگوں کو درپیش شدید مشکلات اور نقل مکانی کے خلاف دائر رٹ درخواست کی سماعت کے دوران کیا۔

عدالت نے پی ڈی ایم اے کو نوٹس جاری کر کے ایک ہفتے میں رپورٹ جمع کرنے کی ہدایت کی۔ عدالت نے تیراہ متاثرین کو فوری فنڈز جاری کرنے کی ہدایت جاری کر دی اور اگلی پیشی پر قبائلی مشران کو طلب کرتے ہوئے قرار دیا کہ عدالت کو بتایا جائے کہ صوبائی حکومت کے قائم کردہ امدادی کیمپوں میں متاثرین کو امداد مل رہی ہے یا نہیں۔

رٹ کی سماعت پشاور ہائی کورٹ کے جسٹس وقار احمد اور جسٹس فہیم ولی پر مشتمل دو رکنی بنچ نے کی۔ عدالت میں درخواست گزار کے وکیل بیرسٹر سعود جاوید، ایڈیشنل اٹارنی جنرل ثناء اللہ اور ایڈووکیٹ جنرل پیش ہوئے۔

درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ تیراہ میں آپریشن ہو رہا ہے اور ممکنہ فوجی آپریشن کے باعث مقامی لوگ شدید سردی اور برف باری میں نقل مکانی کر رہے ہیں۔ یہ لوگ اپنے گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہوئے ہیں۔

انہوں نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ابھی تک یہ معلوم نہیں ہوا کہ آپریشن کی اجازت کس نے دی، کیونکہ دونوں حکومتیں آپریشن کی اجازت سے لاتعلقی کا اظہار کر چکی ہیں۔ یہ بھی واضح نہیں کہ اسمبلی سے اس کی منظوری لی گئی ہے یا نہیں۔

وفاقی حکومت کے نمائندے ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا: “وفاقی حکومت نے آپریشن کی اجازت نہیں دی ہے۔ وفاقی وزراء بھی کہہ چکے ہیں کہ ہم نے آپریشن یا لوگوں کو گھر چھوڑنے کے لیے نہیں کہا اور نہ وفاقی حکومت نے کوئی اعلامیہ جاری کیا ہے۔”

ایڈووکیٹ جنرل خیبر پختونخوا شاہ فیصل نے عدالت کو بتایا: “صوبائی حکومت نے بھی کسی قسم کے آپریشن کی اجازت نہیں دی ہے۔”

عدالت نے قرار دیا کہ تیراہ متاثرین کے لیے فنڈز جاری کیے جائیں تاکہ لوگوں کو مشکلات نہ ہوں۔ تیراہ متاثرین کے مشران بھی آئندہ سماعت پر عدالت میں پیش ہوں۔ عدالت نے تیراہ متاثرین سے متعلق صوبائی حکومت اور پی ڈی ایم اے سے رپورٹ طلب کر لی، جبکہ سیکرٹری ریلیف کو آئندہ سماعت پر طلب کر لیا۔

عدالت نے صوبائی و وفاقی حکومت کو ایک ہفتے کے اندر رپورٹ جمع کرنے کا حکم دیا اور سماعت 12 فروری تک ملتوی کر دی۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here