28 جنوری 2026

رپورٹ: حضرت علی


چمن: پاکستان اور افغانستان کے درمیان چمن سرحدی گزرگاہ کی بندش چوتھے ماہ میں داخل ہو چکی ہے۔ یہ اہم تجارتی راستہ ہر قسم کی کاروباری سرگرمیوں اور پیدل آمدورفت کے لیے مکمل طور پر بند ہے، جس کے باعث روزانہ کروڑوں روپے کے مالی نقصانات کا سلسلہ جاری ہے۔

چمن چیمبر آف کامرس کے رہنما داود باچا خان کا کہنا ہے کہ دو طرفہ تجارت کی معطلی سے روزانہ ایک ملین ڈالر کا نقصان ہو رہا ہے۔ “چمن پاک افغان بارڈر کی بندش کو اب تقریباً ایک سو دس دن مکمل ہونے کو ہیں، جس کے نتیجے میں مجموعی طور پر 100 ملین ڈالر سے زائد کا نقصان ہو چکا ہے،” انہوں نے وائس پی کے ڈاٹ نیٹ کو بتایا۔

بارڈر کی بندش کے باعث ٹرانسپورٹرز بھی شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔ ان کے ٹرک افغانستان کے ضلع اسپین بولدک میں پھنسے ہوئے ہیں، جبکہ کئی ٹرکوں کے ذریعے افغان مہاجرین کو افغانستان واپس لے جایا گیا۔ اس سرحدی راستے کی بندش کے اثرات کراچی سے لے کر چمن بارڈر اور سرحد کے اُس پار قندھار سے کابل تک محسوس کیے جا رہے ہیں، جہاں لاکھوں افراد متاثر ہو رہے ہیں۔

ماہِ صیام اور عید سے قبل بڑھتی پریشانیاں

داود باچا خان نے مزید کہا کہ “ماہِ صیام اور عید قریب آ رہی ہے جبکہ لوگوں کے معاش کے ذرائع بند ہو چکے ہیں۔” انہوں نے دونوں حکومتوں سے مطالبہ کیا کہ مل بیٹھ کر اس سرحدی مسئلے کا پائیدار حل نکالا جائے اور سیاست و جنگ کو تجارت اور انسانی ضروریات سے الگ رکھا جائے۔

سرحدی بندش کا سب سے گہرا اثر چمن سبزی منڈی میں دیکھا جا رہا ہے، جہاں روزانہ سینکڑوں مزدور دیہاڑی کی تلاش میں صبح سویرے پہنچتے ہیں۔ موجودہ حالات میں زیادہ تر مزدور پورا دن انتظار کے باوجود کام حاصل نہیں کر پاتے اور مایوس ہو کر خالی ہاتھ گھروں کو لوٹنے پر مجبور ہیں۔

“ہم سخت تنگ دستی کا شکار ہیں”

دیہاڑی دار شاہ محمد نے اپنی مشکلات بیان کرتے ہوئے کہا کہ بارڈر بند ہونے کی وجہ سے ان کی پریشانیاں روز بروز بڑھتی جا رہی ہیں۔ “میں گزشتہ پندرہ سالوں سے چمن سبزی منڈی میں دیہاڑی پر کام کر رہا ہوں۔ پہلے میرا بیٹا بھی میرے ساتھ کام کرتا تھا،” انہوں نے بتایا۔

شاہ محمد نے کہا کہ “جب بارڈر کھلا ہوتا تھا تو میں روزانہ ایک ہزار سے بارہ سو روپے کما لیتا تھا، لیکن اب چار دن ہو گئے ہیں کہ کوئی کام نہیں ملا۔” ان کے مطابق، ان کا بیٹا جو پہلے یہاں کام کرتا تھا، اب روزگار کی تلاش میں کراچی چلا گیا ہے جہاں وہ مزدوری کر رہا ہے۔

پندرہ افراد پر مشتمل خاندان کے کفیل شاہ محمد نے اپنی بے بسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا: “ایک طرف چمن شہر میں اچانک مہنگائی میں اضافہ ہو گیا ہے اور دوسری جانب روزگار کے مواقع ختم ہو چکے ہیں۔ ایسے میں ہم کیا کریں؟ ہم سخت تنگ دستی کا شکار ہیں۔ حکومتوں سے اپیل ہے کہ وہ عام لوگوں پر رحم کریں کیونکہ ہمارے حالات دن بدن بدتر ہوتے جا رہے ہیں۔”

تاجروں کو کروڑوں کا نقصان

دو طرفہ تجارت کی بندش نے مزدوروں کے ساتھ ساتھ چمن سبزی منڈی سے وابستہ تاجروں کو بھی شدید مالی بحران سے دوچار کر دیا ہے۔ پاکستان اور افغانستان کے درمیان سبزیوں اور پھلوں کی ترسیل رکنے کے باعث کاروباری سرگرمیاں مکمل طور پر ٹھپ ہو چکی ہیں۔

چمن سبزی منڈی یونین کے صدر سدا اللہ نے بتایا کہ “جب بارڈر کھلا تھا تو تاجروں نے کروڑوں روپے کا مال خریدا تھا، لیکن دونوں حکومتوں کے درمیان کشیدگی اور راستوں کی بندش کے باعث تاجروں کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا اور ان کا بیشتر مال خراب ہو گیا۔”

انہوں نے مزید کہا: “اب بھی تاجر نقصان میں جا رہے ہیں کیونکہ جب بھی کوئی مال منڈی میں لایا جاتا ہے تو وہ خسارے کا باعث بنتا ہے۔” سدا اللہ کے مطابق، تاجر شدید پریشانی کا شکار ہیں اور اب بھی اس امید میں ہیں کہ شاید آج یا کل راستہ کھل جائے۔ “اگر صورتحال اسی طرح برقرار رہی تو ممکن ہے کہ بہت سے تاجر یہ کاروبار چھوڑ کر کسی اور شعبے کا رخ کریں،” انہوں نے خدشہ ظاہر کیا۔

فوری حل کی ضرورت

چمن شہر کی لاکھوں آبادی کا روزگار پاک افغان بارڈر سے وابستہ ہے۔ مقامی تاجر، مزدور پیشہ افراد اور شہری دونوں حکومتوں سے مطالبہ کر رہے ہیں کہ سرحدی بندش کا مسئلہ جلد از جلد حل کیا جائے، بصورتِ دیگر غربت اور بے روزگاری میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here