24 جنوری 2026

تحریر: عصمت اللہ نیازی


کراچی کا گُل پلازہ جل کر راکھ ہو گیا۔ درجنوں افراد جھلس کر آگ کی نذر ہو گئے، جبکہ آگ لگنے کے کئی روز بعد بھی اب تک چند لاپتہ افراد کی تلاش جاری ہے۔ ان کے لواحقین اس اذیت ناک انتظار میں ہیں کہ شاید ان کے پیاروں کی لاشوں کے چند حصے ہی مل جائیں تاکہ وہ تدفین کا فریضہ ادا کر سکیں۔ لیکن ستم ظریفی یہ ہے کہ نہ صرف شہر کی سیاسی اشرافیہ بلکہ سندھ بھر اور پارلیمان میں ہونے والی تقاریر میں بھی سیاسی رہنما اس بات پر شرمندہ ہونے کے بجائے کہ ملک کے سب سے بڑے تجارتی مرکز اور تقریباً تین کروڑ آبادی والے شہر کو اس حال تک پہنچایا گیا، اس سانحے پر سیاست کھیل رہے ہیں۔ الزامات کا تبادلہ جاری ہے کہ عمارت میں غیر قانونی تعمیرات اور توسیع کی اجازت ان کے دور میں نہیں بلکہ متحدہ قومی موومنٹ یا جماعت اسلامی کے میئر کے دور میں دی گئی تھی، اور یہ الزام تراشی تھمنے کا نام نہیں لے رہی۔ یہاں تک کہ سندھ میں سترہ برس سے برسر اقتدار جماعت، پاکستان پیپلز پارٹی، نے گویا یہ طے کر لیا ہے کہ کراچی میں سنگین بدانتظامی اور شہریوں کی زندگی خواہ کتنی ہی اجیرن کیوں نہ ہو جائے، اس کے وزیروں اور مشیروں کی فوج اپنی ناکامیوں اور بدانتظامی کا ملبہ دوسری جماعتوں پر ڈال کر ہی دفاع کرے گی۔

گُل پلازہ جل کر راکھ ہو گیا، لیکن نوے کی دہائی اور اس کے بعد کی نسلیں، چاہے والدین ہوں یا بچے، اپنی یادوں سے گُل پلازہ کو کیسے مٹا سکیں گی؟ والدین اپنے بچوں کے کھلونوں سے لے کر کپڑوں اور روزمرہ استعمال کی ہر چیز کے لیے گُل پلازہ، زینب مارکیٹ یا بوہری بازار کا رخ کیا کرتے تھے۔

مجھے یاد ہے کہ جب میرا بڑا بیٹا پیدا ہوا تو یہ تمام مقامات ہماری خریداری کے اہم مراکز تھے۔ گُل پلازہ میں جس طرح آگ لگی اور جس انداز سے پھیلی، اس نے کنکریٹ کے پلرز تک کو پگھلا دیا اور پوری عمارت لمحوں میں خاک کا ڈھیر بن گئی۔ اس سانحے نے ان بھارتی فلموں کی یاد تازہ کر دی جن میں بمبئی، جو اب ممبئی کہلاتا ہے، کے انڈر ورلڈ کی کہانیاں دکھائی جاتی ہیں جہاں بلڈر اور لینڈ مافیا کی ایما پر بستیوں کی بستیاں جلا کر راکھ کر دی جاتی ہیں تاکہ زمین خالی ہو اور اس پر کثیر المنزلہ پلازے تعمیر کر کے اربوں کمائے جا سکیں۔

سی سی ٹی وی فوٹیج سے اس بات کی تصدیق ہوتی ہے کہ مارکیٹ میں رات ساڑھے دس بجے کے قریب آگ لگی، جو دیکھتے ہی دیکھتے پھیلتی چلی گئی۔ آگ اس قدر تیزی سے پھیلی کہ عمارت میں موجود افراد کو باہر نکلنے کا موقع بھی نہ مل سکا۔ اگر گل پلازہ میں آگ کی وجوہات کا جائزہ لیا جائے اور ذمہ داری کا تعین کیا جائے تو سب سے پہلی ذمہ داری پلازہ کے دکانداروں کی انجمن پر عائد ہوتی ہے۔ تنویر پاستہ، جو گل پلازہ کی انجمن کے صدر ہیں، نے میڈیا کو بتایا کہ انجمن ہر ماہ بارہ سو دکانداروں سے پندرہ سو روپے وصول کرتی تھی، یعنی ہر ماہ اٹھارہ لاکھ روپے پلازہ کی مرمت اور تزئین و آرائش کے لیے جمع ہوتے تھے۔ لیکن سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ یہ رقم کہاں خرچ کی جاتی رہی، جب کراچی کے مصروف ترین علاقے میں واقع یہ تجارتی مرکز اس حال کو پہنچ چکا تھا کہ اس کی الیکٹریکل وائرنگ تاروں کا ایک خطرناک گچھا بن چکی تھی اور مکمل طور پر خستہ حال تھی، مگر اس کی مرمت پر کوئی توجہ نہ دی گئی۔

پھر بیسمنٹ، جو بظاہر پارکنگ کے لیے مختص تھی، وہاں بھی دکانیں بنا دی گئیں۔ گل پلازہ (جینوا سینٹر) کی تعمیر 1980 کی دہائی میں ہوئی، جس کے لیے کراچی بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی نے 1998 میں اضافی تعمیر کی اجازت دی۔ 2003 میں گل پلازہ میں مزید دکانوں کو ریگولرائز کیا گیا۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے تسلیم کیا کہ اصل میں صرف 1017 دکانوں کی منظوری دی گئی تھی، جبکہ تنویر پاستہ نے خود میڈیا کو بتایا کہ پلازہ میں بارہ سو دکانیں موجود تھیں۔ انہوں نے یہ بھی تسلیم کیا کہ گل پلازہ میں آگ بجھانے کی سہولتیں ناکافی تھیں۔ سوال یہ ہے کہ انجمن نے اضافی دکانوں کے باعث پیدا ہونے والے مسائل اور فائر سیفٹی کی ناکافی سہولتوں پر بروقت آواز کیوں نہیں اٹھائی؟

کثیر المنزلہ عمارتوں کے لیے بین الاقوامی معیارات اس بات کا تقاضا کرتے ہیں کہ عمارتوں کے مالکان آگ سے بچاؤ کے جامع حفاظتی اقدامات کریں، جن میں فعال فائر فائٹنگ آلات کی تنصیب، واضح اور قابلِ رسائی ہنگامی راستے، فائر الارم، آتش گیر مواد کی مناسب دیکھ بھال اور گنجائش سے زیادہ افراد کی موجودگی سے گریز شامل ہے۔ اگر یہ اقدامات موجود ہوں تو آگ کی شدت میں 95 فیصد تک کمی لائی جا سکتی ہے۔

اگلی ذمہ داری نہ صرف پیپلز پارٹی کے کراچی کے میئر پر عائد ہوتی ہے، جو مبینہ طور پر سانحہ گل پلازہ کے 23 گھنٹے بعد جائے حادثہ پر پہنچے، جو ہر صورت مجرمانہ غفلت کے زمرے میں آتا ہے اور فوری استعفے کا تقاضا کرتا ہے، بلکہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے حکام اور افسران بھی اتنے ہی ذمہ دار ہیں۔ بلڈنگ کوڈ آف پاکستان (فائر سیفٹی پروویژنز 2016) میں بلند و بالا عمارتوں کے لیے قوانین تو موجود ہیں، مگر ان پر نہ عمل ہوتا ہے اور نہ ہی مؤثر نگرانی کی جاتی ہے۔ کراچی جیسے بڑے شہر میں اتھارٹی کے اہلکاروں کی کرپشن، نااہلی اور بدانتظامی نے صورتحال کو مزید خراب کر دیا ہے، جہاں اپنے ہی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے نہ صرف سیفٹی کو نظر انداز کیا جاتا ہے بلکہ تعمیر کے بعد اضافی تعمیرات کی اجازت بھی دی جاتی ہے۔

بین الاقوامی فائر سیفٹی پروٹوکولز کے مطابق ہر ایک لاکھ کی آبادی کے لیے ایک فائر اسٹیشن ہونا چاہیے۔ 2023 کی مردم شماری کے مطابق دو کروڑ سے زائد آبادی والے شہر کراچی میں محض 28 فائر اسٹیشنز فعال ہیں، جو شہر کی ضروریات کا دس فیصد بھی پورا نہیں کرتے۔ مثالی طور پر شہر کے ہر علاقے میں ایک فائر اسٹیشن ہونا چاہیے، جہاں دو فائر ٹرک ہمہ وقت موجود ہوں۔ گزشتہ ماہ سندھ اسمبلی کے ایک سیشن کے دوران انکشاف ہوا کہ کراچی کے پاس صرف 36 فائر ٹینڈرز، چار اسنارکلز اور تقریباً 700 ملازمین ہیں، جبکہ حقیقت میں شہر کو تقریباً 200 اسٹیشنز اور 34 ہزار ملازمین کی ضرورت ہے۔ یہ اعداد و شمار ظاہر کرتے ہیں کہ شہر میں فائر فائٹنگ کی سہولتیں انتہائی ناکافی ہیں۔

سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے قوانین کے مطابق کسی بھی بلند و بالا عمارت کی تعمیر مکمل ہونے کے بعد کمپلیشن سرٹیفکیٹ کا حصول لازمی ہے، جو اسی صورت جاری کیا جاتا ہے جب معائنے کے دوران عمارت نقشے کے مطابق ہو اور آگ بجھانے کے فعال نظام سمیت تمام حفاظتی انتظامات موجود ہوں۔ عمارت کے آپریشنل ہونے کے بعد بھی اتھارٹی کو یہ اختیار حاصل ہے کہ وہ وقتاً فوقتاً جانچ پڑتال کرے تاکہ پارکنگ کے لیے مختص جگہوں کو غیر قانونی طور پر دکانوں یا گوداموں میں تبدیل نہ کیا گیا ہو اور ہنگامی اخراج کے راستے کھلے ہوں۔ قوانین کے تحت اب عمارتوں کے مالکان کے لیے سالانہ بنیادوں پر فائر سیفٹی فٹنس سرٹیفکیٹ جمع کرانا لازم قرار دیا گیا ہے، جس کی خلاف ورزی پر عمارت سیل کرنے، بھاری جرمانے اور گرفتاری جیسے اختیارات موجود ہیں۔ لیکن سوال یہ ہے کہ کیا ان قوانین پر عمل ہوتا ہے؟

2024 کی ایک فائر سیفٹی رپورٹ کے مطابق کراچی کی بلند عمارتوں کے ایک سروے میں 260 عمارتوں میں سے صرف چھ عمارتیں فائر سیفٹی کے معیار پر پوری اتریں۔ اس کے باوجود شہر کے ذمہ دار ادارے خاموش رہے اور شاید آئندہ بھی خاموش ہی رہیں گے۔ بلند و بالا تجارتی مراکز اور مارکیٹوں میں آگ اور دیگر حادثات کا خدشہ پورے ملک میں اس لیے موجود ہے کہ فائر سیفٹی کی سہولتیں ناکافی ہیں اور پرانی و نئی مارکیٹوں میں الیکٹریکل وائرنگ خطرناک حد تک ناقص ہے، جو کسی بھی وقت بڑے سانحے کا سبب بن سکتی ہے۔

ملک میں مؤثر بلدیاتی نظام کی کمی ہمیشہ محسوس کی گئی۔ آمروں نے اسے عوام میں اپنا اثر بڑھانے کے لیے اہمیت دی اور بلدیاتی انتخابات کرائے، جبکہ سیاسی جماعتوں نے لوکل گورنمنٹ کو اپنے لیے خطرہ اور متوازی نظام سمجھتے ہوئے نہ صرف نظر انداز کیا بلکہ اکثر بلدیاتی انتخابات کے انعقاد سے گریز کیا۔ اس کی ایک بڑی وجہ یہ بھی ہے کہ اگر گلیوں، نالیوں اور سڑکوں جیسے ترقیاتی کام بلدیاتی اداروں کے حوالے ہو جائیں تو ارکانِ اسمبلی اور سینیٹروں کے ہاتھ سے اربوں روپے کے ترقیاتی بجٹ نکل جائیں۔ حالانکہ مؤثر بلدیاتی ادارے ہی شہری سہولتوں اور حفاظتی انتظامات کو یقینی بنانے کا واحد حل ہیں۔

حد تو یہ ہے کہ وفاقی وزیروں اور مشیروں نے گل پلازہ کی آگ کو اٹھارہویں ترمیم کی ناکامی سے جوڑ دیا اور سارا ملبہ اسی ترمیم پر ڈال دیا۔ صورتحال کا تقاضا ہے کہ سانحہ گل پلازہ کے تمام ذمہ داروں، بالخصوص انجمن کے عہدیداروں اور ان سرکاری اہلکاروں کو جن کی ذمہ داری ہنگامی حالات میں فوری اقدامات کرنا تھی، نہ صرف گرفتار کیا جائے بلکہ ان کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں بھی شامل کیے جائیں تاکہ وہ ملک سے فرار نہ ہو سکیں۔ اس کے ساتھ ساتھ ایک مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) تشکیل دی جائے تاکہ اس بدترین سانحے میں ملوث افراد کی نشاندہی کر کے ذمہ داری کا تعین کیا جا سکے اور آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے ایک مثال قائم کی جا سکے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here