22 جنوری 2026
رپورٹ: سٹاف رپورٹ
پاکستان میں ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نے کہا ہے کہ ایران میں پرامن احتجاج کرنے پر کوئی سزا نہیں دی جاتی، تاہم احتجاج کے نام پر تشدد میں ملوث عناصر کو قانون کے مطابق سزا ضرور ملے گی۔
آج نیوز کے پروگرام اسپاٹ لائٹ میں میزبان منیزہ جہانگیر سے گفتگو کرتے ہوئے ایرانی سفیر نے کہا کہ گرفتار افراد کو پھانسی دیے جانے سے متعلق خبریں مغربی ممالک کا پروپیگنڈا تھیں، جن کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ایران میں احتجاج کے نام پر حالات خراب کرنے والوں کے خلاف کھلی عدالتوں میں مقدمات چلیں گے، انہیں وکیل کرنے کا حق حاصل ہوگا اور یہ بھی ممکن ہے کہ عدالتیں بعض افراد کو رہا کر دیں۔
واضح رہے کہ ایران میں اٹھائیس دسمبر دو ہزار پچیس کو مہنگائی اور بگڑتی ہوئی معاشی صورتحال کے خلاف احتجاجی مظاہرے شروع ہوئے، جو چند ہی دنوں میں پورے ملک میں پھیل گئے۔ لاکھوں افراد سڑکوں پر نکل آئے اور یہ احتجاج بعد ازاں حکومت مخالف تحریک میں تبدیل ہو گیا۔
ابتدا میں مظاہرے پرامن تھے، تاہم بعد میں مظاہرین اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئیں۔ حکومت نے احتجاج ختم کرانے کے لیے سخت کریک ڈاؤن کیا جبکہ ملک بھر میں انٹرنیٹ اور بین الاقوامی کالنگ سروسز بھی بند کر دی گئیں۔
مختلف انسانی حقوق کی تنظیموں کے مطابق کریک ڈاؤن کے دوران سینکڑوں افراد ہلاک اور ہزاروں گرفتار کیے گئے، جن میں عام شہریوں کے ساتھ ساتھ سیکیورٹی اہلکار بھی شامل تھے۔
ایرانی حکومت نے مظاہروں کے پیچھے مغربی ممالک اور بیرونی طاقتوں کے اثر و رسوخ کا الزام عائد کیا۔ سرکاری بیانات میں کہا گیا کہ مظاہرین میں مسلح عناصر شامل ہو گئے تھے جنہوں نے سیکیورٹی فورسز پر فائرنگ کی، حملے کیے اور متعدد اہلکاروں کو ہلاک کیا۔ حکومت کے مطابق ان عناصر کا مقصد ملک میں انتشار پھیلانا اور غیر ملکی مداخلت کی راہ ہموار کرنا تھا۔
‘اقوام متحدہ غیر جانبدار ادارہ نہیں ہے’
ایرانی سفیر نے انٹرویو میں کہا کہ آٹھ جنوری تک حالات قابو میں تھے، تاہم اس کے بعد امریکا کے کہنے پر پرامن احتجاج میں تخریب کار عناصر داخل ہو گئے جنہوں نے صورتحال کو خراب کر دیا۔
انسانی حقوق کی تنظیموں کی جانب سے مظاہرین کے قتل کے الزامات پر ردعمل دیتے ہوئے ایرانی سفیر نے سوال اٹھایا کہ انسانی حقوق کے ادارے مظاہروں کے دوران ایرانی سیکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کی ہلاکتوں کے اعداد و شمار کیوں جاری نہیں کرتے۔ ان کا کہنا تھا کہ جس نرس کو زندہ جلایا گیا، کیا وہ انسان نہیں تھی؟
انہوں نے کہا کہ امریکا میں بھی حکومت کے خلاف بغاوت کرنے والوں کو جیلوں میں ڈالا جاتا ہے۔ دنیا کا کون سا ملک ہے جو اپنے ملک میں فساد برپا کرنے کی اجازت دیتا ہے؟ کیا برطانیہ پرتشدد مظاہروں کی اجازت دے گا؟ انہوں نے الزام عائد کیا کہ گارڈین اخبار امریکا کی حمایت کرتا ہے۔
اس سوال کے جواب میں کہ آیا ایران غیر جانبدار انسانی حقوق کے اداروں کو حالیہ مظاہروں کی رپورٹنگ کے لیے ملک آنے کی اجازت دے گا، ایرانی سفیر نے کہا کہ اقوام متحدہ ایک غیر جانبدار ادارہ نہیں۔
ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی پر بات کرتے ہوئے ایرانی سفیر نے کہا کہ ایران جنگ نہیں چاہتا، تاہم جارحیت کی صورت میں بھرپور جواب دیا جائے گا۔
‘امریکی افواج اور نیتن یاہو نے صدر ٹرمپ کو حملے سے روکا’
حالیہ بحران میں پاکستان کے کردار پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان نے عالمی فورمز پر ایران کی حمایت کی اور ایران اور امریکا کے درمیان بات چیت کرانے کی کوشش بھی کی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ایک ہمسائے کے طور پر مثبت کردار ادا کیا جس پر ایران شکر گزار ہے۔
اس سوال پر کہ صدر ٹرمپ نے دھمکیوں کے باوجود ایران پر حملے سے کیوں گریز کیا، ایرانی سفیر نے کہا کہ امریکی افواج اور اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے صدر ٹرمپ کو حملے سے روکا۔
ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات سے متعلق سوال پر رضا امیری مقدم نے بتایا کہ تیرہ جون کے بعد سے کوئی براہ راست مذاکرات نہیں ہو رہے، تاہم ایرانی وزیر خارجہ اور اسٹیو وٹکوف کے درمیان پیغامات کا تبادلہ جاری ہے۔ اس کے علاوہ پاکستان، قطر اور عمان بھی ثالث کا کردار ادا کر رہے ہیں۔
ایران پاکستان گیس پائپ لائن کے حوالے سے ایرانی سفیر نے کہا کہ پاکستان اس معاملے کو عدالت سے باہر حل کرنا چاہتا ہے اور انہیں امید ہے کہ یہ مسئلہ خوش اسلوبی سے حل ہو جائے گا۔
ایرانی اور پاکستانی بلوچستان کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بلوچ علیحدگی پسند یہ دعویٰ کرتے ہیں کہ ایران کے صوبہ سیستان و بلوچستان اور پاکستان کے بلوچستان کو ملا کر ایک علیحدہ ملک بنایا جائے۔ بعض گروہوں کے پاس اسلحہ بھی ہے، تاہم وہ ایران کے صوبہ سیستان و بلوچستان میں کسی بڑی شورش کو جنم دینے میں ناکام رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ایران کو اس معاملے پر باہمی تعاون بڑھانا چاہیے کیونکہ یہ عناصر غربت اور محرومی کا فائدہ اٹھا کر لوگوں کو گمراہ کرتے ہیں۔
۔