05 جنوری 2026

رپورٹ: رانا مالہی


اسلام آباد: پیر کے روز نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے باہر پاکستان سوشلسٹ فورم کی جانب سے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، جس میں سول سوسائٹی، انسانی حقوق کے کارکنان اور سماجی حلقوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ یہ احتجاج امریکہ کی جانب سے وینزویلا کے خلاف حالیہ کارروائی کے خلاف کیا گیا۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ امریکی کارروائی کے نتیجے میں وینزویلا میں معصوم شہری متاثر ہوئے ہیں، جبکہ انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں سامنے آئی ہیں۔ شرکاء کے مطابق عالمی طاقتوں کی جانب سے طاقت کے بے جا استعمال نے عام شہریوں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈال دیا ہے، جو عالمی قوانین اور انسانی حقوق کے اصولوں کے منافی ہے۔

احتجاج کے دوران مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے، جن پر ہوسٹیجز کی بازیابی اور امریکہ مخالف نعرے درج تھے۔ مظاہرین نے امریکی پالیسیوں پر شدید تنقید کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ عالمی برادری اس صورتحال کا نوٹس لے۔

مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے معروف انسانی حقوق کی کارکن طاہرہ عبداللہ نے کہا کہ اقوامِ متحدہ سمیت دیگر عالمی انسانی حقوق کی تنظیمیں وینزویلا میں پیش آنے والے واقعات پر خاموش تماشائی بنی ہوئی ہیں، جبکہ انہیں چاہیے کہ فوری طور پر اس معاملے کا نوٹس لیں اور متاثرہ شہریوں کو انصاف دلانے کے لیے عملی اقدامات کریں۔

اس موقع پر انسانی حقوق کے کارکن خالد ہمایوں نے کہا کہ موجودہ دور کی جنگیں دراصل سرمایہ دار طبقے کے مفادات کے لیے لڑی جا رہی ہیں، جن کی قیادت وار انڈسٹری کر رہی ہے۔ ان کے مطابق اصل مسئلہ عوام نہیں بلکہ جنگی صنعت کے مفادات ہیں، جس کا خمیازہ عام شہری بھگت رہے ہیں۔

احتجاج میں شریک سول سوسائٹی ایکٹیوسٹ خالد رشید کا کہنا تھا کہ اس مظاہرے کا مقصد یہ واضح پیغام دینا ہے کہ جہاں کہیں بھی محنت کش طبقے پر ظلم و ستم ہوتا ہے، سول سوسائٹی اس کے خلاف آواز بلند کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کی جانب سے وینزویلا پر کی جانے والی کارروائی بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ امریکہ طویل عرصے سے عالمی قوانین اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی کرتا آ رہا ہے، جبکہ ایسے واقعات پر عالمی اداروں کی خاموشی تشویشناک ہے۔ شرکاء نے مطالبہ کیا کہ وینزویلا میں ہونے والی کارروائی کی شفاف تحقیقات کی جائیں اور ذمہ داروں کو جوابدہ بنایا جائے۔

احتجاج پُرامن رہا، جبکہ مظاہرین نے اعلان کیا کہ اگر انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں نہ رکیں تو وہ آئندہ بھی ایسے احتجاج جاری رکھیں گے.

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here