23 جنوری 2026

رپورٹ: شوکت کورائی


کراچی: شہر کے علاقے بلدیہ کے رہائشی قیصر خان گذشتہ چھ روز سے اپنی بیوی، نند اور بہن کے بارے میں کچھ نہیں جانتے۔ ان کا کہنا ہے کہ اب انہیں یقین ہو گیا ہے کہ وہ زندہ نہیں رہیں، لیکن اگر انہیں لاشیں مل جائیں تو وہ کم از کم آخری رسومات ادا کر سکیں۔

قیصر خان سمیت کئی خاندان گل پلازا کے باہر اپنے پیاروں کی لاش کی بازیابی کے لیے انتظار کر رہے ہیں۔ وہ بتاتے ہیں: “میرے بیٹے کی شادی کو چار ماہ ہوئے تھے۔ میری بیوی، بہن اور نند گل پلازا میں شاپنگ کرنے گئی تھیں۔ رات دیر تک جب واپس نہیں آئیں تو میں پریشان ہو گیا۔ فون بجاتے رہے لیکن کوئی جواب نہیں ملا۔ جب رات بارہ بج گئے تو پریشانی اور بڑھ گئی، اور پھر گل پلازا میں آگ کی خبر بھی آنے لگی۔”

قیصر خان کے بیٹے صبح سات بجے تک گل پلازا میں اپنی ماں اور خالاؤں کو تلاش کرتے رہے لیکن کوئی سراغ نہیں ملا۔ “بس اب انتظار ہے کہ ان کی لاشیں مل جائیں،” وہ مایوسی سے کہتے ہیں۔

“مجھے میرا بھائی چاہیے”

پچیس سالہ سعد کی بہن سعدیہ پلازا کے باہر پولیس اور رینجرز کے سامنے چیختی اور گڑگڑاتی نظر آتی ہیں۔ وہ کہتی ہیں: “میرے اکلوتے بھائی کا پتا بتائیں! کئی روز گزر گئے ہیں، ہمیں کیوں نہیں بتایا جاتا کہ میرا بھائی کہاں ہے؟”

سعد گل پلازا میں ایک دکان پر ملازمت کرتے تھے۔ آگ کے اس سانحے میں ان کی زندگی کا چراغ گل ہو گیا۔ سعدیہ غصے اور درد میں کہتی ہیں: “جو ریسکیو کیا جا رہا ہے وہ ناکافی ہے۔ ہمیں اپنا بھائی چاہیے! اگر یہ کچھ نہیں کر سکتے تو ہمیں اجازت دیں، ہم خود اپنے بھائی کو ڈھونڈیں۔ یہ خود کچھ نہیں کر پا رہے، نہ ہی ہمیں کرنے دے رہے ہیں۔”

وہ رو رو کر بتاتی ہیں: “وہ ہمارے گھر کا واحد کفیل تھا۔ اب ہمارا گھر اجڑ گیا ہے۔ ابھی تک ان کی لاش بھی نہیں ملی۔ ڈیوٹی پر جاتے وقت سعد نے ماں سے رات کو واپس آنے کا وعدہ کیا تھا، لیکن واپس نہیں آئے۔”

سعدیہ کے ساتھ سعد کی پھوپھیاں اور دیگر محلے کے لوگ بھی موجود تھے جو انتظامیہ کے خلاف احتجاج کر رہے تھے۔

دہلا دینے والا منظر

گل پلازا کے دکاندار عدنان، جن کا بھائی اس سانحے میں لاپتہ ہے، واقعے کی تفصیل بیان کرتے ہوئے کہتے ہیں: “رات جب آگ لگی، میں، میرا بھائی اور ہمارا ملازم پلازا میں موجود تھے۔ اچانک آگ بھڑک اٹھی۔ ہم نے بھاگنے کی کوشش کی۔ دونوں بھائیوں کے ہاتھ میں ہاتھ تھا، لیکن لوگوں کی بہت بھیڑ تھی، ہر طرف افراتفری تھی۔ بدقسمتی سے میرے بھائی کا ہاتھ چھوٹ گیا۔ میں تو باہر آ گیا لیکن میرا بھائی باہر نہیں آ سکا۔”

عدنان نے بتایا کہ انہوں نے واپس جا کر بھائی کو ڈھونڈنے کی کوشش کی لیکن پلازا میں بلیک آؤٹ تھا، بجلی بند ہو چکی تھی۔ “ابھی تک میرے بھائی کی لاش نہیں مل پائی۔”

لمحوں میں پورے پلازا میں آگ لگی: ریسکیو

ریسکیو آپریشن میں حصہ لینے والے فائر فائٹر ظفر علی خان کہتے ہیں: “میں کئی برس سے آگ بجھانے والے ادارے میں کام کر رہا ہوں لیکن یہ آگ سب سے مختلف تھی۔ اتنی تیزی سے آگ نہیں پھیلتی، لیکن گل پلازا کی آگ نے لمحوں میں پورے پلازا کو اپنے گھیرے میں لے لیا اور پلک جھپکتے پلازا کو راکھ کا ڈھیر بنا دیا۔ آگ کی شدت اتنی تھی کہ تین روز تک آگ بجھانے میں لگ گئے۔”

چھیپا سروس کے رضاکار غلام اکبر بتاتے ہیں: “آگ کی شدت بہت زیادہ تھی۔ لوگ پلازا کی چھت پر آ گئے تھے لیکن سیڑھی نہیں تھی جس سے لوگ اتر سکیں۔ ہم نے لوگوں سے کہا کہ کود جائیں لیکن اونچائی زیادہ تھی، اس لیے کوئی نہیں کود پایا۔” انہوں نے بتایا کہ انہوں نے تین زخمیوں کو ایمبولینس میں اٹھایا اور قریبی ہسپتال پہنچایا۔

حفاظتی اقدامات کی کمی

قریبی مال کے ایک شاپ کیپر آصف کہتے ہیں: “مجھے جو ویڈیوز ملی ہیں، ان میں ایک پھولوں کی دکان سے آگ لگی دکھائی دے رہی ہے، لیکن ایسا لگ رہا تھا جیسے مختلف دکانوں میں آگ لگی ہو۔ اس کی تحقیقات سے ہی پتا چل سکتا ہے۔”

انہوں نے ریسکیو اداروں کی ناکامی کا بھی ذکر کیا: “ان کی ہنگامی حالات سے نمٹنے کی صلاحیت ہی نہیں ہے۔ آگ پر قابو پانے کے لیے ہیلی کاپٹر کا استعمال کرنا چاہیے تھا، لیکن ایسا نہیں کیا گیا۔ سیفٹی کے انتظامات بھی نہیں تھے۔ اس واقعے سے اربوں روپے کا نقصان ہوا ہے۔”

دکانداروں کے مطابق آگ لگنے کے وقت تمام دروازے بند تھے، صرف ایک دروازہ کھلا تھا۔ رات دس بجے کے قریب سارے دروازے بند کر دیے جاتے ہیں اور صرف ایک دروازہ کھلا رہتا ہے، اسی لیے بھی لوگ پھنس گئے۔

شناخت کا مشکل عمل

پولیس سرجن ڈاکٹر سمعیہ سید نے جمعرات کو 67 متاثرین کی فہرست جاری کی جن کی لاشیں 17 جنوری سے سول اسپتال کراچی لائی گئیں۔ انہوں نے بتایا کہ چھ لاشوں کی شناخت ان کے چہرے کے خدوخال کی مدد سے کی گئی، آٹھ کی ڈی این اے ٹیسٹنگ کے ذریعے اور ایک کی شناخت کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ کی مدد سے ہوئی۔

ڈاکٹر سمعیہ سید نے کہا کہ 37 متاثرین کے ڈی این اے میچنگ کا عمل جاری ہے۔ تاہم انہوں نے خبردار کیا کہ 15 لاشوں کی شناخت انتہائی مشکل ہوگی کیونکہ آگ کی شدت کی وجہ سے ان سے ڈی این اے نکالنا ممکن نہیں رہا۔

کراچی میں آتشزدگی کے واقعات

کراچی میں یہ آگ لگنے کا پہلا بڑا واقعہ نہیں۔ گذشتہ بیس سالوں کے دوران یہ چوتھا بڑا واقعہ ہے۔ اس سے قبل طاہر پلازہ، بلدیہ فیکٹری اور آر جے شاپنگ مال میں بھی آگ کے واقعات ہو چکے ہیں جن میں تین سو سے زائد افراد جاں بحق ہوئے۔

گل پلازا میں ہفتہ 17 جنوری کی رات کو آگ لگی جس نے چند لمحوں میں پورے پلازا کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ آگ بجھانے والے اداروں کے مطابق آگ اتنی شدید تھی کہ اس پر بروقت قابو پانا مشکل ہو گیا تھا۔ تین روز بعد ہی آگ پر قابو پایا جا سکا۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق ریسکیو کے دوران اب صرف جسم کے حصے مل رہے ہیں جن کی شناخت صرف ڈی این اے ٹیسٹ سے ہی ممکن ہے۔ انتظامیہ نے متاثرہ خاندانوں سے ڈی این اے کے نمونے لینا بھی شروع کر دیے ہیں۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here