14 جنوری 2026
رپورٹ: شوکت کورائی
کراچی: چھ جنوری 2026 کو دادو میں پولیس کی جانب سے نوجوان زمیندار نادر خان جمالی کو مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک کر دیا گیا۔ پولیس کا دعویٰ ہے کہ نادر جمالی مختلف جرائم میں مطلوب تھا اور گرفتاری کی کوشش کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں مارا گیا، تاہم مقتول کے اہلخانہ نے پولیس کے اس دعوے کو مسترد کرتے ہوئے جعلی مقابلے کا الزام عائد کیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق اب سندھ پولیس کی جانب سے خود جوڈیشل انکوائری کی سفارش کر دی گئی ہے۔
آئی جی آفس کی جوڈیشل انکوائری کی سفارش
انسپکٹر جنرل سندھ پولیس کے دفتر نے منگل کے روز سندھ ہوم ڈیپارٹمنٹ کو درخواست بھیجی ہے کہ سندھ ہائی کورٹ سے رابطہ کر کے جوڈیشل تحقیقات کا آغاز کیا جائے۔ خط میں ایڈیشنل آئی جی آپریشنز نے تجویز دی کہ چھ اور سات جنوری کے درمیان دادو کے اے سیکشن اور بی سیکشن تھانوں کی حدود میں پیش آنے والے اس مقابلے کی تحقیقات ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کی زیرِ نگرانی کرائی جائے۔
احتجاجی مظاہرے اور مطالبات
بارہ جنوری کو دادو اور کراچی میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے جن میں مقتول کے اہلخانہ اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے جوڈیشل انکوائری کا مطالبہ کیا۔ پیر کے روز دادو میں جمالی خاندان کے افراد، رشتہ داروں اور برادری نے ملزم پولیس اہلکاروں کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی جو علامہ آئی آئی قاضی لائبریری سے دادو پریس کلب تک گئی۔
مظاہرین نے انتباہ کیا کہ اگر 18 جنوری تک ایس ایس پی، دونوں ایس ایچ اوز اور دیگر ملوث پولیس اہلکاروں کو گرفتار نہیں کیا گیا اور ان کے خلاف ایف آئی آر درج نہیں کی گئی تو وہ انڈس ہائی وے پر دھرنا دے کر راستہ بند کر دیں گے۔
اہلخانہ کا موقف
مقتول نادر جمالی کے بھائی نے تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا: “نادر جمالی کو جعلی پولیس مقابلے میں بے گناہ قتل کیا گیا ہے۔ پولیس نے ان پر جھوٹا کیس بنایا تھا۔ وہ خود پیش ہوئے لیکن پولیس نے گرفتاری کے فوری بعد انہیں جعلی مقابلے میں قتل کر دیا۔”
انہوں نے مزید کہا: “ہمارے بھائی باکر کو بھی پولیس نے گرفتار کیا تھا اور ہمارے چھ ملازمین کو بھی حراست میں لے لیا گیا تھا۔ اسی وجہ سے نادر خود پیش ہونا چاہتے تھے۔ وہ خود پولیس کے پاس چل کر گئے کیونکہ ان کا ماننا تھا کہ ان کے خلاف مقدمہ جھوٹا ہے اور وہ اپنے آپ کو بے گناہ ثابت کر دیں گے، لیکن پولیس نے بڑی زیادتی کی اور گرفتاری کے تیس چالیس منٹ میں انہیں قتل کر دیا۔”
اہلخانہ نے ایس ایس پی دادو امیر سعود مگسی، خاتون ایس ایچ او بینظیر جمالی، ایس ایچ او قربان قمبرانی، خلیل رحمان مسن سمیت انچارج سی آئی اے اور دیگر پولیس اہلکاروں کو قتل کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ ان کے خلاف فوری مقدمہ درج کر کے انہیں گرفتار کیا جائے۔
جمالی برادری اس معاملے پر پورے سندھ میں احتجاج کر رہی ہے: قبائلی سردار
جمالی قبیلے کے سردار سردار داتھل خان جمالی نے کہا کہ وہ ضلعی پولیس کی ابتدائی تحقیقات سے مطمئن نہیں ہیں۔ “نادر خان ایک بڑے زمیندار تھے اور انہیں معمولی جرائم میں پھنسایا جا رہا ہے۔” ان کے مطابق، جمالی برادری اس معاملے پر پورے سندھ میں احتجاج کر رہی ہے۔
کراچی میں احتجاج جوڈیشل انکوائری کا مطالبہ
کراچی پریس کلب کے باہر بھی مقتول نادر جمالی کے رشتہ داروں اور سول سوسائٹی کی جانب سے احتجاج کیا گیا جس میں واقعے کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل انکوائری کا مطالبہ کیا گیا۔
سول سوسائٹی کی رہنما رخسانہ ہلیپوٹو، ستار زنگیجو اور دیگر نے وائس پی سے گفتگو میں کہا: “پولیس نادر جمالی کے قتل میں ملوث ہے تو وہ کیسے شفاف انکوائری کر سکتے ہیں؟ سندھ میں پولیس کا ریکارڈ بھی انتہائی خراب ہے، ان سے شفاف تحقیقات کی کوئی امید نہیں۔”
انہوں نے مزید کہا: “پولیس انکوائری ہمیشہ جانب دارانہ ہوتی ہے۔ جوڈیشل انکوائری سے ہی حقائق سامنے آ سکتے ہیں۔ اس واقعے کی جوڈیشل انکوائری کرائی جائے تاکہ تمام حقائق سامنے آ جائیں۔ اگر جوڈیشل انکوائری نہیں کرائی گئی تو ہم سندھ بھر میں احتجاج کریں گے۔”
سیاسی جماعتوں کی مذمت
پاکستان پیپلز پارٹی کے دادو سے تعلق رکھنے والے رکن قومی اسمبلی رفیق احمد جمالی نے بھی اسے ماورائے عدالت قتل قرار دیتے ہوئے مذمت کی ہے۔ ایم این اے نے گزشتہ ہفتے سندھ کے وزیر داخلہ ضیاء الحسن لنجر سے ملاقات کی اور ایماندارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا۔
دادو میں جمالی کے قتل اور بدین ضلع میں ایک زمیندار کی جانب سے مبینہ طور پر گولی مار کر ہلاک کیے گئے کسان کیلاش کولہی کے قتل کی سیاسی اور قوم پرست جماعتوں نے بھی مذمت کی ہے۔
ورثا کا پولیس انکوائری میں شرکت سے انکار
ڈی آئی جی پولیس حیدرآباد نے ایس ایس پی حیدرآباد عدیل چانڈیو کو انکوائری آفیسر مقرر کیا تھا، تاہم مقتول کے اہلخانہ نے پولیس انکوائری کو یکسر مسترد کر دیا تھا۔ ان کا موقف تھا کہ انہیں پولیس انکوائری نہیں بلکہ جوڈیشل انکوائری چاہیے۔
انکوائری آفیسر عدیل چانڈیو نے پولیس اہلکاروں کے بیانات قلم بند کر لیے تھے جبکہ مقتول کے ورثا نے پولیس انکوائری آفیسر کے سامنے بیان ریکارڈ کرانے سے انکار کر دیا تھا۔
پولیس کا موقف
چھ جنوری کو واقعے کے فوری بعد پولیس نے ایک پریس ریلیز جاری کی جس میں دعویٰ کیا گیا کہ نادر جمالی مختلف کیسوں میں مطلوب تھے۔ پولیس نے انہیں گرفتار کرنے کی کوشش کی لیکن فائرنگ کے تبادلے میں وہ ہلاک ہو گئے۔
تاہم اب آئی جی سندھ کے دفتر کی جانب سے خود جوڈیشل انکوائری کی سفارش کیے جانے سے معاملہ نیا موڑ لے چکا ہے اور توقع ہے کہ سندھ ہائی کورٹ کی زیرِ نگرانی شفاف تحقیقات سے حقائق سامنے آ سکیں گے۔