05 جنوری 2026
رپورٹ: اسلام گل
خیبر: ضلع خیبر کے تجارتی مرکز باچاخان چوک میں احتجاج کرنے والوں کی آوازیں گونج رہی تھیں۔ طورخم مزدور یونین، کسٹم کلیئرنس ایجنٹس، تاجر اور ٹرانسپورٹ یونینز کے نمائندے، سیاسی و سماجی رہنما سب ایک مطالبے پر متفق تھے: “پاک افغان سرحد کھول کر ہمارا معاشی قتل بند کیا جائے۔”
پچھلے تین ماہ سے طورخم سرحدی گزرگاہ کی بندش نے نہ صرف تجارت کو مفلوج کر دیا ہے بلکہ ہزاروں خانوادوں کو فاقہ کشی کے دہانے پر لا کھڑا کیا ہے۔
مزدوروں کی کہانی: روزی روٹی کا بحران
مظاہرے میں شریک مزدوروں کی بڑی تعداد وہ لوگ تھے جو یومیہ کمائی پر گزر بسر کرتے تھے۔ سعید اللہ، جو اپنے بیٹے کے ساتھ احتجاج میں شامل ہوئے، نے اپنی کہانی سناتے ہوئے کہا: “یہاں کے مقامی لوگوں کی کمائی کا واحد ذریعہ طورخم سرحد پر ہونے والی دو طرفہ تجارت تھی، تاہم پچھلے تین مہینوں کی بندش سے ہم گھروں میں فاقوں پر مجبور ہو چکے ہیں۔ علاج اور بچوں کی فیسوں کی عدم ادائیگی کی وجہ سے ہم ذہنی اذیت میں مبتلا ہیں۔”
طورخم سرحد مزدور یونین کے سابق صدر فرمان شنواری نے انکشاف کیا: “طورخم سرحد کی بندش سے مقامی پانچ ہزار مزدور براہ راست متاثر ہو چکے ہیں۔ مزدور یومیہ کمائی کر کے لنڈی کوتل بازار سے گھر کے لیے خریداری کرتے تھے، لیکن اب صرف مزدور ہی نہیں بلکہ علاقے کی بڑی تعداد میں لوگ مالی مسائل کا شکار ہو چکے ہیں۔”
مزدوروں نے بتایا کہ ان کے بچوں کو فیسوں کی عدم ادائیگی کے باعث سکولوں سے نکال دیا گیا ہے جبکہ گھر کے اخراجات پورے کرنے کے لیے کچھ نہیں بچا۔
تجارتی نقصانات: اربوں ڈالر کا خسارہ
دو طرفہ تجارت سے وابستہ افراد کی محرومی کا اندازہ ان اعداد و شمار سے لگایا جا سکتا ہے جو تاجروں نے فراہم کیے۔ ان کے مطابق یومیہ برآمدات میں 2.5 ملین ڈالر جبکہ درآمدات میں 450 ملین روپے کا نقصان ہو رہا ہے۔
صدر آل کسٹم کلیئرنس ایجنٹس ایسوسی ایشن مجیب شنواری نے کہا: “دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تجارت سے اتنا مالی نقصان ہو رہا ہے کہ اس کے اعداد و شمار سمجھ سے بالاتر ہیں۔ تجارت کے لیے سرحدی گزرگاہوں کو کھولنے کے لیے مختلف سطح پر دونوں ممالک کے لوگ مذاکرات کر رہے ہیں اور ہمیں امید ہے کہ جلد اس کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔”
ایوان صنعت و تجارت لاہور کے صدر فہیم الرحمان سہگل نے خبردار کیا: “پاکستان کی سب سے زیادہ تجارت افغانستان کے ساتھ ہوتی ہے، لیکن سرحد بند ہونے سے پنجاب کو ماہانہ 80 ارب روپے سے زیادہ کا نقصان ہو رہا ہے۔ صوبے کی سیمنٹ اور زرعی ادویات بنانے والی صنعتیں سب سے زیادہ متاثر ہو رہی ہیں۔”
انہوں نے مزید کہا: “ہماری برآمدات کا سب سے زیادہ انحصار ہمسایہ ممالک سے تجارت پر ہے۔ ان ملکوں سے ہم درآمد کم اور برآمد زیادہ کرتے ہیں جس کا سالانہ حجم اڑھائی ارب ڈالر ہے۔ پاکستان اور افغانستان دونوں طرف آمدن میں کمی جب کہ مہنگائی میں اضافہ ہو رہا ہے۔ دونوں ملکوں کے عوام اور سرمایہ کار پریشان ہیں۔”
تجارتی تعلقات: ایک نظر میں
مالی سال 2024-25 کے اعداد و شمار کے مطابق، پاکستان کی افغانستان کو برآمدات تقریباً 1.05 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں۔ سب سے زیادہ برآمد ہونے والی اشیا میں آناج (400.8 ملین ڈالر)، چینی اور شکر سے بنی مٹھائیاں (235.4 ملین ڈالر)، ادویات (186.7 ملین ڈالر)، سیمنٹ (85.6 ملین ڈالر) اور سبزیاں شامل ہیں۔
دوسری جانب، پاکستان افغانستان سے 658.72 ملین ڈالر کی اشیا درآمد کرتا ہے جن میں کپاس (224.82 ملین ڈالر)، سبزیاں (203.49 ملین ڈالر)، پھل اور گریاں (91.57 ملین ڈالر) نمایاں ہیں۔
بندش کی وجوہات
گزشتہ سال 11 اور 12 اکتوبر کی درمیانی رات افغان طالبان کی جانب سے پاکستانی چوکیوں پر بھاری ہتھیاروں سے حملوں کے بعد پاکستان نے احتجاجاً طورخم، خرلچی، غلام خان، انگور آدہ اور چمن سمیت پانچ تجارتی راستے بند کر دیے۔
قطر کے دارالحکومت دوحہ اور ترکی کے شہر استنبول میں ہونے والے مذاکراتی عمل بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوئے۔ اسلام آباد اور کابل کے درمیان کشیدگی کی بنیادی وجہ پاکستان میں بڑھتی بدامنی کے واقعات ہیں جن کے لیے پاکستان تحریک طالبان کو ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے الزام لگاتا ہے کہ ان کی محفوظ پناہ گاہیں افغانستان میں ہیں۔ تاہم افغان طالبان اس قسم کے الزامات کی سختی سے تردید کرتے ہیں۔
یکم جنوری کو پاکستان نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر اقوام متحدہ کے امدادی سامان سے بھرے آٹھ کنٹینرز کو افغانستان جانے کی اجازت دی، تاہم افغان طالبان نے انہیں بارڈر سے واپس کر دیا اور موقف اختیار کیا کہ جب تک پاکستان تجارتی راستے مستقل طور پر کھولنے کی ضمانت نہیں دیتا، کسی مال بردار گاڑی کو آنے جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
پھنسے ہوئے تاجر اور مال
سرحد کی بندش کے باعث دونوں اطراف پانچ ہزار مال بردار گاڑیاں کھڑی ہیں۔ افغان چیمبر آف کامرس کا دعویٰ ہے کہ افغان تاجروں کے پاکستان میں بارہ ہزار کنٹینر پھنس چکے ہیں۔ پاکستانی تاجروں کا کہنا ہے کہ نہ صرف افغانستان سے بلکہ وسطی ایشیائی ممالک سے درآمدی اشیا کے ٹرک بھی سرحد پر کھڑے ہیں۔
ایک اندازے کے مطابق تقریباً تین ہزار تاجر دونوں جانب پھنسے ہوئے ہیں جن میں 1200 پاکستانی اور 1800 افغان شامل ہیں۔
امید کی کرن
حال ہی میں پاکستان اور افغانستان کی تاجر برادری کے مرکزی قائدین کے درمیان ایک اہم زوم اجلاس منعقد ہوا۔ فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عاطف اکرم شیخ اور ایس ایم تنویر اور افغان چیمبر آف کامرس کے چیئرمین الحاج سید کریم ہاشمی نے اجلاس کی قیادت کی۔
اجلاس میں دونوں ممالک کی جانب سے چھ، چھ ارکان پر مشتمل 12 رکنی مشترکہ کمیٹی تشکیل دینے پر اتفاق ہوا جو 6 جنوری کو طورخم سرحد پر اجلاس منعقد کرے گی۔
عاطف اکرم شیخ اور ایس ایم تنویر نے کہا: “تاجر برادری دونوں ممالک کے درمیان پل کا کردار ادا کر رہی ہے اور حالات معمول پر لانے کے لیے مکمل اختیار حاصل ہے۔”
سرحد کی بندش سے نہ صرف تجارت متاثر ہوئی ہے بلکہ علاج کے لیے پاکستان آنے والے افغانی مریض اور طب کی تعلیم حاصل کرنے والے ہزاروں پاکستانی طلبا بھی شدید پریشانی کا شکار ہیں۔
موجودہ صورتحال میں کابل اور اسلام آباد کے حالیہ بیانات سے تعلقات میں بہتری کی امید نظر آ رہی ہے، تاہم یہ معلوم نہیں کہ دوبارہ مذاکراتی عمل کب اور کہاں شروع ہوگا۔
فہیم سہگل نے زور دیتے ہوئے کہا: “دونوں ممالک کی حکومتوں کو چاہیے کہ بات چیت کے ذریعے تجارتی تعلقات فوری بحال کریں۔”
لنڈی کوتل کے بازاروں میں سناٹا چھایا ہوا ہے۔ مزدوروں کے گھروں میں چولہے ٹھنڈے ہیں اور تاجروں کے گودام خالی پڑے ہیں۔ دونوں ممالک کے لاکھوں لوگ اس امید میں ہیں کہ ان کی حکومتیں باہمی مفاہمت سے یہ تعطل جلد ختم کریں گی۔