19 جنوری 2026

رپورٹ: محمد عامر اورکزئی


ضلع ہنگو میں واقع گاؤں پریم نگر پاکستان میں امن، رواداری اور باہمی احترام کی ایک شاندار مثال ہے۔ یہ وہ بستی ہے جہاں مسلمان، سکھ، عیسائی اور دیگر اقلیتی برادریاں کئی دہائیوں سے نہایت پرامن ماحول میں ایک ساتھ زندگی گزار رہی ہیں۔

مختلف عبادت گاہیں، ایک گاؤں

پریم نگر کی سب سے نمایاں خصوصیت یہ ہے کہ یہاں مسجد، گردوارہ، مندر اور چرچ ایک ہی گاؤں میں موجود ہیں۔ یہ عبادت گاہیں نہ صرف مذہبی آزادی کی علامت ہیں بلکہ اس بات کا عملی ثبوت بھی ہیں کہ مختلف مذاہب کے پیروکار ایک دوسرے کے عقائد کا احترام کرتے ہوئے امن کے ساتھ زندگی گزار سکتے ہیں۔

صحافی عمر فاروق عمر کا کہنا ہے کہ “پریم نگر پاکستان کا شاید پہلا یا واحد گاؤں ہے جہاں مختلف مذاہب کے لوگ ایک ہی بستی میں آباد ہیں اور ان کی تمام عبادت گاہیں بھی موجود ہیں۔” ان کے مطابق یہ گاؤں دنیا کے لیے ایک مثبت پیغام رکھتا ہے کہ مذہبی تنوع کسی بھی معاشرے کے لیے کمزوری نہیں بلکہ طاقت بن سکتا ہے۔

صدیوں پرانی رہائش

یونین کونسل کے اقلیتی چیئرمین فرید سنگھ نے بتایا کہ ان کی برادری 1901 سے پریم نگر میں آباد ہے۔ “قیامِ پاکستان کے وقت ہم نے پاکستان کے حق میں ووٹ بھی کاسٹ کیا تھا۔ آزادی کے بعد صرف ایک گھر بھارت منتقل ہوا جبکہ باقی تمام خاندان اور برادری آج بھی پریم نگر میں مقیم ہے،” فرید سنگھ نے کہا۔

انہوں نے مزید کہا: “یہاں مسلمان، عیسائی اور دیگر مذاہب کے لوگ نہایت محبت اور احترام کے ساتھ رہتے ہیں اور سب کو اپنی عبادات کی مکمل آزادی حاصل ہے۔”

فرید سنگھ نے دنیا بھر کے لوگوں کو دعوت دیتے ہوئے کہا: “اگر آپ حقیقی امن اور بھائی چارے کو دیکھنا چاہتے ہیں تو ایک بار ضرور پریم نگر کا دورہ کریں۔”

محبت سے بھرا نام

گاؤں کے نوجوان رہائشی پریم کمار نے بتایا کہ اس بستی کا نام پریم نگر رکھنے کے پیچھے ایک خوبصورت سوچ کارفرما ہے۔ “پریم کا مطلب پیار اور محبت ہے، اسی لیے ہمارے بڑوں نے اس گاؤں کا نام پریم نگر رکھا تاکہ یہاں ہمیشہ محبت، اخوت اور امن قائم رہے،” پریم کومار نے وضاحت کی۔

باہمی اتحاد اور یکجہتی

گاؤں کا سماجی ماحول باہمی احترام اور محبت پر مبنی ہے۔ پریم نگر کے لوگ ایک دوسرے کے دکھ سکھ میں برابر کے شریک ہوتے ہیں۔ شادی بیاہ کی تقریبات ہوں یا کسی گھر میں سوگ کا موقع، تہوار ہوں یا عبادات، ہر موقع پر گاؤں کے تمام مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے نظر آتے ہیں۔

امید کی کرن

پریم نگر آج کے دور میں فرقہ واریت، نفرت اور عدم برداشت کے ماحول میں ایک امید کی کرن ہے۔ یہ گاؤں ثابت کرتا ہے کہ اگر دلوں میں احترام، برداشت اور انسانیت ہو تو مذهبی اختلاف کبھی بھی نفرت یا تصادم کا سبب نہیں بنتا۔

پریم نگر نہ صرف ضلع ہنگو بلکہ پورے پاکستان کے لیے ایک قابلِ فخر مثال ہے، جو یہ سبق دیتا ہے کہ امن، اتحاد اور بھائی چارہ ہی ایک مضبوط اور خوشحال معاشرے کی بنیاد ہیں۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here