28 جنوری 2026

سٹاف رپورٹ


معاونِ خصوصی برائے اطلاعات خیبر پختونخوا شفیع جان کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت دہشت گردی ختم کرنا ہی نہیں چاہتی، ان کا اصل نشانہ وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی ہیں۔

آج نیوز کے پروگرام اسپاٹ لائٹ میں میزبان منیزے جہانگیر کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے شفیع جان نے اعلان کیا کہ صوبائی حکومت وادی تیراہ سے نقل مکانی کرنے والے خاندانوں کو اتوار کے بعد خود واپس ان کے گھروں میں چھوڑ کر آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ وادی تیراہ سے نقل مکانی کے لیے صوبائی حکومت نے جرگے کے ساتھ کوئی بات نہیں کی تھی۔

پروگرام میں شریک پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما زاہد خان کا کہنا تھا کہ اگر صوبائی حکومت کہتی ہے کہ وہ جرگے میں شامل نہیں تھی تو پھر ڈپٹی کمشنر خیبر اور کمشنر پشاور وہاں کیوں موجود تھے، کیونکہ یہ دونوں صوبائی حکومت کے ماتحت آتے ہیں۔

اس موقع پر عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما نثار باز خان نے کہا کہ صوبائی اور وفاقی حکومت دونوں ہی آپریشن سے انکار کر رہی ہیں، جبکہ ان کی سیاسی لڑائی کا خمیازہ خیبر پختونخوا کے عوام بھگت رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب تک کوئی حکومت حالات کی ذمہ داری نہیں لے گی، صورتحال یونہی رہے گی۔

واضح رہے کہ وادی تیراہ میں ممکنہ فوجی آپریشن کے لیے لوگوں کے انخلا پر خیبر پختونخوا اور وفاقی حکومت کے درمیان نیا تنازع پیدا ہو گیا ہے۔ اب تک وادی تیراہ سے دس ہزار سے زائد خاندان نقل مکانی کر چکے ہیں۔

وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ لوگ شدید سردی کے باعث نقل مکانی کر رہے ہیں اور تیراہ میں کوئی آپریشن نہیں ہو رہا۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال پندرہ دسمبر کو تیراہ کے عوام پر مشتمل چوبیس رکنی جرگے نے صوبائی حکومت سے مذاکرات کے بعد ایک معاہدے کے تحت نقل مکانی پر آمادگی ظاہر کی تھی۔

اس معاہدے کے تحت صوبائی حکومت نے نقل مکانی کرنے والوں کو نقد امداد فراہم کرنی تھی، جس کے لیے چار ارب روپے کی گرانٹ کی منظوری دی گئی تھی۔

وفاقی حکومت نے ایک وضاحتی بیان میں کہا تھا کہ بعض حلقے جان بوجھ کر یہ دعوے پھیلا رہے ہیں کہ فوج نے وادی تیراہ کو خالی کرنے کا حکم دیا ہے، جبکہ ایسا کوئی حکم جاری نہیں کیا گیا۔ بیان کے مطابق سیکیورٹی ادارے معمول کے مطابق انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کر رہے ہیں۔

پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے زاہد خان کا کہنا تھا کہ اگر آپریشن کرنا بھی ہے تو وہ صوبائی اور وفاقی حکومت کو مل کر کرنا ہوگا، تاہم نقل مکانی کرنے والوں کی دیکھ بھال صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے۔

نثار باز خان نے کہا کہ تیراہ کے معاملے پر صوبائی اور وفاقی حکومت بے بس نظر آتی ہیں، اور جب تک دونوں کے درمیان فاصلے ختم نہیں ہوں گے، ایسے المیے جنم لیتے رہیں گے۔

زاہد خان کا کہنا تھا کہ اگر صوبائی حکومت کو وادی تیراہ کے حوالے سے کوئی مسئلہ ہے تو اسے اپیکس کمیٹی کا اجلاس بلانا چاہیے، جہاں کور کمانڈر اور آئی جی ایف سی بھی موجود ہوتے ہیں، اور فیصلے وزیر اعلیٰ کی سربراہی میں ہوتے ہیں۔

اس پر معاونِ خصوصی شفیع جان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت جلد اپیکس کمیٹی کا اجلاس بلائے گی اور وفاقی حکومت کو ایکسپوز کیا جائے گا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here