09 جنوری 2026
رپورٹ: اسلام گل
باڑہ: وادی تیراہ سے باقاعدہ نقل مکانی کا عمل پانچ جنوری سے شروع ہوچکا ہے، تاہم ابتدائی دنوں میں انٹرنیٹ اور دیگر بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی کے باعث رجسٹریشن کا عمل شروع نہیں ہوسکا۔ تیسرے روز بھی انتظامی مسائل کی وجہ سے اندراج کا عمل تعطل کا شکار رہا، جس پر مشتعل بے گھر افراد زبردستی رجسٹریشن مرکز میں داخل ہوگئے۔
باڑہ بازار سے تقریباً ساٹھ کلومیٹر دور تیراہ کی مرکزی شاہراہ پر پائندہ چینہ میں قائم رجسٹریشن مرکز کے سامنے سامان سے لدے ہوئے گاڑیوں کی لمبی قطاریں کھڑی تھیں۔ ان گاڑیوں میں خواتین، بچے اور مویشی موجود تھے جو شدید سردی کی تپش میں راحت کے منتظر تھے۔
تیراہ سے بے گھر ہونے والے افراد نے بتایا کہ وہ گزشتہ شام مرکز پر پہنچ گئے تھے اور انہیں شدید سردی میں اپنے خاندانوں کے ساتھ رات سڑک کنارے گزارنی پڑی۔
مقامی باشندے زبیر خان نے اپنی تکلیف کا اظہار کرتے ہوئے کہا: “ہم اور ہمارے بچے سب بھوکے ہیں۔ آپ خود دیکھ سکتے ہیں کہ ہمیں کتنی تکلیف ہے۔ حکومت کو چاہیے کہ ہماری بھرپور مدد کرے۔ یہاں کھانے کا کوئی انتظام نہیں ہے۔ ہم نے رات دو توئی کے مقام پر گاڑی میں گزاری۔”
انہوں نے مزید بتایا کہ انہیں بتایا گیا تھا کہ انہیں سم کارڈ اور کرائے کے بائیس ہزار روپے ملیں گے، نیز سم پر ماہانہ راشن اور نقد رقم فراہم کی جائے گی۔
بدامنی کی صورتحال کے پیش نظر یہ وادی تیراہ سے دوسری بار نقل مکانی ہے۔ بے گھر افراد نے شکایت کی کہ حکومت کی جانب سے تمام سہولیات فراہم کرنے کا وعدہ کیا گیا تھا، لیکن موقع پر صورتحال یکسر مختلف ہے۔
چوبیس رکنی کمیٹی کے ممبر ملک شاہ نے موجودہ صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا: “پہلا بڑا مسئلہ ان لوگوں کا گھر بار چھوڑنا ہے۔ اس شدید سردی میں بچوں اور خواتین کو گھروں سے نکالنا بہت بڑا ظلم ہے۔ ہم رجسٹریشن مرکز میں لوگوں کے ساتھ سخت لہجے میں بات نہیں کرسکتے، لیکن کوشش یہ ہے کہ متاثرہ لوگوں کو نرمی سے سمجھایا جائے۔”
بے گھر افراد کے مسائل کے حل کے لیے قائم کردہ چوبیس رکنی کمیٹی کے ممبران رجسٹریشن عمل میں موجود تھے۔ صوبے کی حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف وادی تیراہ میں فوجی آپریشن کی شدید مخالفت کرتی نظر آتی ہے۔ تاہم، کل علاقے کے ممبر صوبائی اسمبلی عبدالغنی آفریدی نے رجسٹریشن مرکز کا دورہ کیا تھا۔