13 جنوری 2026
رپورٹ: اسلام گل
باڑہ: وادی تیراہ سے جاری نقل مکانی کے عمل میں حقیقی متاثرین کو سنگین مشکلات کا سامنا ہے۔ مالی فوائد کے حصول کے لیے دوسرے علاقوں سے آنے والے افراد کی بڑی تعداد نے اصل بے گھر ہونے والے خاندانوں کے مسائل کئی گنا بڑھا دیے ہیں۔
ضلعی حکام اور چوبیس رکنی کمیٹی نے متاثرین کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے طریقہ کار میں تبدیلیاں کی ہیں۔ اب ٹوکن دوتوئی کے بجائے تیراہ مرکز لرباغ میں جاری کیے جاتے ہیں، جبکہ ٹرانسپورٹ کی رقم پائیندہ چینہ کے بجائے باڑہ منڈی کس میں دی جاتی ہے۔ تاہم ان تبدیلیوں کے باوجود متاثرین اس نظام سے مطمئن نہیں ہیں۔
رجسٹریشن میں تاخیر اور انتظامی خامیاں
ساٹھ سالہ جان اکبر وادی تیراہ کے برقمبر خیل علاقے سے آٹھ جنوری کو بے گھر ہوئے۔ وہ سفری اخراجات کے بائیس ہزار روپے کی وصولی کے لیے دو گھنٹے سے قطار میں کھڑے ہیں۔ انہیں بتایا گیا کہ دس اور گیارہ جنوری سے پہلے آنے والے خاندانوں کو رقم کی ادائیگی کے حوالے سے بعد میں فیصلہ کیا جائے گا۔
“ہم پہلے نقل مکانی کر چکے ہیں، لہٰذا ہمیں ادائیگی ہونی چاہیے تھی،” جان اکبر نے کہا۔
منڈی کس مرکز پر پولیس کی جانب سے سیکیورٹی کے انتظامات تو کر دیے گئے ہیں، لیکن رقم کی تقسیم کے حوالے سے درپیش مسائل کے بارے میں معلومات یا مدد فراہم کرنے کے لیے ضلعی حکام یا صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کا کوئی عہدیدار موجود نہیں تھا۔
غیر مقامی افراد کی رجسٹریشن سے پیدا ہونے والے مسائل
آصف خان وادی تیراہ کے ملک دین خیل علاقے سے بے گھر ہو کر اپنے خاندان کے ساتھ باڑہ پہنچ چکے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ گاؤں میں مستقل رہائش پذیر بہت کم لوگ نقل مکانی کر چکے ہیں، جبکہ خیبر کے میدانی علاقوں یا پشاور سے صرف رجسٹریشن کے لیے آنے والوں کی تعداد بہت زیادہ ہے۔
“ان لوگوں کی وجہ سے اصل متاثرین کی حق تلفی ہو رہی ہے اور رجسٹریشن کے عمل میں مشکلات بڑھی ہیں۔ حکومت کو چاہیے کہ فوری طور پر مقامی لوگوں کی تصدیق کے عمل میں چوبیس رکنی کمیٹی کی خدمات حاصل کریں تاکہ نقل مکانی کرنے والے خاندانوں کے مسائل کم ہو سکیں،” آصف خان نے کہا۔
تیس سالہ سید محمد کا تعلق ملک دین خیل قبیلے سے ہے۔ وہ ٹرانسپورٹ کے مد میں رقم حاصل کرنے کے لیے کاؤنٹر پر موجود تھے، لیکن انہیں بتایا گیا کہ نادرا کی جانب سے وادی تیراہ کے مستقل باشندے کی عدم تصدیق کی بنا پر انہیں صرف گاڑی کے کرایے کے پیسے ملیں گے۔
ٹرانسپورٹ کرایے کی ادائیگی میں تاخیر
ساجد علی ایک ٹرک ڈرائیور ہیں جنہوں نے گزشتہ رات پچاس ہزار روپے کرایے پر ایک خاندان کا گھریلو سامان باڑہ پہنچایا۔ تاہم اب انہیں کہا گیا ہے کہ جب تک حکومت کی جانب سے رقم نہیں ملتی، وہ باڑہ میں مجوزہ مرکز کے سامنے انتظار کریں۔
“ہم نے متاثرہ خاندان کے مالک سے دو دن کی بات کی تھی، لیکن رش کی وجہ سے ہم تین دن میں باڑہ پہنچے۔ ہم صبح سے انتظار کر رہے ہیں لیکن تاحال رقم کے حصول کے بارے میں کچھ معلوم نہیں۔ ہم نے مالک کو بتایا کہ حکومت سے ہمارا کوئی لینا دینا نہیں، ہم اپنا کرایہ ادا کریں،” ساجد علی نے کہا۔
آصف خان نے بتایا کہ وہ باڑہ میں عارضی طور پر اپنے رشتہ داروں کے ہاں قیام پذیر ہیں کیونکہ کرایے پر گھر نہیں مل رہا۔ “بے سروسامانی کی حالت میں گھر بار چھوڑنا پڑا،” انہوں نے کہا۔
احتجاج اور سیاسی رہنماؤں کی مداخلت
رقم کی وصولی میں درپیش مسائل کی بنا پر تیراہ متاثرین نے باڑہ تیراہ شاہراہ کو احتجاجاً بند کر دیا۔ مقامی سیاسی رہنما خان والی آفریدی نے مظاہرین کے مسائل کے حل کی یقین دہانی کرا کے سڑک ٹریفک کے لیے کھلوا دی۔
پاکستان تحریک انصاف کے سرگرم کارکن زاہد اللہ آفریدی نے الزام لگایا کہ ضلعی حکام کے کچھ اہلکار رشوت لے کر دوسرے علاقوں میں مقیم آفریدی قبائل کی رجسٹریشن کر رہے ہیں۔ “ایک طرف وادی تیراہ سے شدید سردی میں بے دخلی ہے، جبکہ دوسری جانب نامکمل انتظامات نے ان لوگوں کے مسائل میں کئی گنا اضافہ کر دیا ہے۔ تمام متعلقہ اداروں کو چاہیے کہ وادی تیراہ میں مستقل باشندوں کی رجسٹریشن اور دیگر سہولیات میں آسانی پیدا کرنے کے لیے انتظامات کریں،” زاہد اللہ آفریدی نے کہا۔
تاریخی پس منظر اور موجودہ صورتحال
2013 میں تیراہ سے پہلی بار نقل مکانی کے حوالے سے عالمی ادارہ برائے مہاجرین کی ایک رپورٹ کے مطابق گیارہ ہزار 404 خاندان، جن کی آبادی 55 ہزار 194 تھی، نقل مکانی کر چکے تھے۔ رپورٹ کے مطابق بے گھر افراد جلوزئی کیمپ، نیو درانی کیمپ، کرم اور کوہاٹ میں کرایے پر یا رشتہ داروں کے ہاں قیام پذیر تھے۔
وادی تیراہ کے عمائدین پر مشتمل چوبیس رکنی کمیٹی، سیکیورٹی حکام اور ضلعی انتظامیہ کے درمیان دسمبر کے آخر میں ایک معاہدہ طے ہوا۔ اس کے تحت وادی تیراہ سے دس جنوری سے نقل مکانی کا عمل شروع ہوا جو پچیس جنوری کو مکمل ہو جائے گا۔
کمیٹی نے پہلے پچیس جبکہ بعد میں تیس سے زائد مطالبات حکام کے سامنے رکھے، جن میں کرایے کی مد میں مالی معاونت، سم کارڈ کے ذریعے ایک دفعہ ڈھائی لاکھ اور ماہانہ پچاس ہزار روپے دینے کے ساتھ پانچ اپریل سے بے گھر افراد کی مرحلہ وار واپسی کا عمل شامل ہے۔
ضلعی حکام کے مطابق نومبر سے وادی سے نکلنے والے خاندانوں کو ٹوکن جاری کرنے کا عمل شروع کر دیا گیا تھا، جبکہ پائیندہ چینہ کے مقام پر دس کی بجائے پانچ جنوری سے اندراج کا عمل شروع ہوا۔ ذرائع کے مطابق پچیس جنوری تک رجسٹریشن کا عمل مکمل ہونا ممکن نہیں ہے۔
متاثرین کے مطالبات
مقامی لوگوں نے بتایا کہ ٹوکن کے حصول سے لے کر باقاعدہ رجسٹریشن تک کے عمل میں غیر معمولی تاخیر ہو رہی ہے۔ سہولیات نہ ہونے کے باعث گاڑیوں میں خواتین، بچوں اور بزرگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
بے گھر افراد کا کہنا ہے کہ وادی میں مستقل طور پر مقیم افراد کے بجائے دیگر علاقوں سے بڑی تعداد میں رجسٹریشن کے لیے آنے والوں کے باعث مسائل کئی گنا بڑھ چکے ہیں۔ متاثرین نے مطالبہ کیا ہے کہ دوسرے علاقوں سے صرف مالی فوائد حاصل کرنے کے لیے آنے والے افراد کی رجسٹریشن فوری طور پر بند کی جائے تاکہ اصل متاثرین کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔