اسلام گل


خیبر

صبح سویرے لوگوں کی لمبی قطاریں باڑہ میں اس مرکز کے سامنے لگی ہوئی ہیں جہاں تیراہ سے بے گھر ہونے والوں کو گاڑی کے کرایے کی رقم نقد ادا کی جاتی ہے۔ حکام کی جانب سے واضح ہدایات ہیں کہ صرف انہی لوگوں کو اندر جانے کی اجازت دی جائے گی جن کے پاس مکمل تصدیق شدہ اندراج فارم موجود ہوں۔ نامکمل کاغذات والوں کو اپنے علاقے میں قائم مراکز سے تمام کارروائی مکمل کرنے کی ہدایت کی جا رہی ہے۔

رجسٹریشن کا آغاز اور مسلسل مسائل

پانچ جنوری سے وادی تیراہ سے نقل مکانی کرنے والوں کی باقاعدہ رجسٹریشن کا عمل شروع ہو چکا ہے، تاہم پہلے دن سے لے کر اب تک بے گھر افراد کو اندراج سے لے کر مالی معاونت کے حصول تک ہر مرحلے پر مشکلات کا سامنا ہے۔
متاثرین کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے مزید مراکز کھولنے سے امید پیدا ہوئی تھی کہ درپیش مسائل میں کمی آئے گی، لیکن صورتحال میں کوئی خاطر خواہ بہتری نظر نہیں آ رہی۔ مسائل کو کم کرنے کے لیے باڑہ سے ساٹھ کلومیٹر دور پائیندہ چینہ میں قائم رجسٹریشن مرکز میں زیادہ رش کی وجہ سے 19 جنوری سے باڑہ بازار کے قریب تمام قبیلوں کے لیے اپنے اپنے علاقوں میں اندراج اور دیگر کارروائی کے لیے علیحدہ مراکز قائم کیے گئے۔ تاہم کل اور آج تمام مراکز کے سامنے احتجاجی مظاہرے ہوئے۔

متاثرین کی داستان مصائب

وادی تیراہ برقمبر خیل کے رہائشی زرولی خان نے بتایا: “میں جمعے کے دن اپنے خاندان کے ساتھ تیراہ سے نقل مکانی کر چکا ہوں۔ جب میں پائیندہ چینہ مرکز گیا تو بتایا گیا کہ آج نادرا کا دفتر بند ہے اور تصدیق کا عمل ممکن نہیں۔”
انہوں نے مزید کہا: “میں سیدھا باڑہ آیا اور دو دن سے کرائے کے حصول کے لیے قائم کردہ مرکز آ رہا ہوں، تاہم حکام نے بتایا کہ آپ کے ٹوکن پر نادرا کا تصدیقی سٹیمپ نہیں ہے، لہٰذا آپ کرائے کی رقم کے حصول کے اہل نہیں ہیں۔ تیراہ سے بے گھر افراد کو کبھی ایک تو کبھی دوسری جگہ بھیج کر ذلیل کیا جا رہا ہے۔”

سڑکیں بند، احتجاج جاری

نقل مکانی کا عمل پانچ جنوری سے شروع ہو چکا ہے، لیکن ہر روز ایک نیا مسئلہ پیدا ہونے کی وجہ سے لوگ احتجاجاً تیراہ جانے والی اور دیگر شاہراہوں کو بند کر دیتے ہیں۔ آج بھی باڑہ میں مختلف علاقوں میں قائم مراکز کے سامنے راستوں کو احتجاجاً بند کر دیا گیا۔

حکومتی وعدوں پر عمل درآمد نہیں ہورہا: مقامی رہنما

لوگوں کے مسائل کم کرنے کے لیے مقامی سیاسی قیادت بھی کوشاں ہے اور صوبائی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنا رہی ہے۔ پیپلز پارٹی کے مقامی رہنما شیر شاہ آفریدی ڈوگرہ کے مقام پر مظاہرین کی جانب سے بند کی گئی سڑک پر موجود تھے۔
شیر شاہ آفریدی نے کہا: “حکومت نے نقل مکانی کے سلسلے میں جو وعدے کیے تھے، ان پر عمل درآمد نہ ہونے کی وجہ سے بے گھر افراد کے مسائل کافی بڑھ چکے ہیں۔ تیراہ کے اصل متاثرین کے بجائے دیگر علاقوں سے آئے ہوئے لوگوں کو سہولیات اور مراعات فراہم کی جا رہی ہیں۔” انہوں نے مطالبہ کیا: “صوبائی حکومت لوگوں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کرے۔”

وزیراعلیٰ کا دورہ اور ہدایات

نقل مکانی کے عمل میں درپیش مسائل کے حل کے لیے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے دو دفعہ علاقے میں قائم مراکز کا دورہ کیا اور لوگوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کی ہدایات جاری کیں، تاہم اس کے باوجود لوگوں کو مختلف قسم کے مسائل کا سامنا ہے۔

جعلی ٹوکن: سب سے بڑا مسئلہ

نقل مکانی کے عمل میں حائل رکاوٹوں کی وجہ سے حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف کو شدید تنقید کا سامنا ہے۔ علاقے سے منتخب نمائندوں کا کہنا ہے کہ اصل متاثرین کے بجائے دوسرے علاقوں سے اندراج کے لیے آنے والے لوگوں کی بڑی تعداد مسائل میں اضافے کا سبب بن رہی ہے۔
علاقے سے ممبر صوبائی اسمبلی عبدالغنی آفریدی نے بتایا: “وزیراعلیٰ نے خود آ کر بے گھر لوگوں کے مسائل سنے اور ان کے حل کے احکامات بھی جاری کیے، لیکن سب سے بڑا مسئلہ جعلی ٹوکن کا ہے۔ یعنی تیراہ کے متاثرین کے بجائے دیگر علاقوں کے لوگ بڑی تعداد میں مالی معاونت کے حصول کے لیے آ رہے ہیں، جس کی وجہ سے مسائل پیدا ہو رہے ہیں۔”

شفافیت کے لیے نیا طریقہ کار

عبدالغنی آفریدی نے مزید کہا: “اس عمل کو شفاف بنانے کے لیے فیصلہ کر لیا گیا ہے کہ علاقے میں پولیو ویکسین کے اعداد و شمار کے مطابق انیس ہزار خاندان وادی تیراہ میں موجود ہیں اور ان کی فہرستوں کو ہر مرکز میں آویزاں کیا جائے گا اور باقاعدہ نادرا سے بھی تصدیق کی جائے گی۔” انہوں نے دیگر علاقوں کے لوگوں سے اپیل کی: “اندراج کے عمل میں پہلے تیراہ سے بے گھر خاندانوں کو مواقع فراہم کریں تاکہ ان کو درپیش مسائل میں کمی آ سکے۔”

تیس ہزار سے زائد خاندانوں کو ٹوکن جاری

ضلعی حکام کے مطابق تیراہ سے بے گھر تیس ہزار سے زائد خاندانوں کو ٹوکن جاری کیے گئے ہیں، جن میں سے ساڑھے سات ہزار خاندانوں کی تمام کارروائی مکمل کر دی گئی ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here