27 جنوری 2026

رپورٹ: اسلام گل


خیبر وفاقی حکومت کی جانب سے وادی تیراہ میں جاری نقل مکانی سے متعلق جاری کیے گئے بیان نے ہزاروں بے گھر خاندانوں میں مایوسی اور غصے کی لہر دوڑا دی ہے۔ حکومت کا کہنا ہے کہ فوج یا کسی ریاستی ادارے نے مقامی آبادی کو نقل مکانی کی کوئی ہدایت جاری نہیں کی، تاہم زمینی حقائق اس دعوے کی تردید کرتے نظر آتے ہیں۔

وفاقی حکومت کا موقف

وزارت اطلاعات نے اتوار کے روز ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری کردہ ایک بیان میں کہا: “حکومت نے تیراہ وادی سے فوج کے احکامات پر انخلا کے حوالے سے گمراہ کن دعووں کا نوٹس لیا ہے۔ یہ دعوے بے بنیاد، بدنیتی پر مبنی اور عوام میں خوف و ہراس پیدا کرنے کے عزائم کے تحت کیے جا رہے ہیں۔ وفاقی حکومت اور مسلح افواج کی جانب سے تیراہ سے آبادی کو نکالنے کا کوئی حکم جاری نہیں کیا گیا۔”

بیان میں مزید کہا گیا:”سیکیورٹی آپریشن مخصوص علاقوں میں خفیہ معلومات کی بنیاد پر کیے جا رہے ہیں اور شہری آبادی کے تحفظ کو اولین ترجیح دی جا رہی ہے۔ بعض خاندانوں نے سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر اپنی مرضی سے علاقہ چھوڑا ہے، تاہم حکومت اور سیکیورٹی ادارے شہریوں کو ان کے گھروں میں رہتے ہوئے معمولات زندگی جاری رکھنے میں سہولت فراہم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔”

زمینی حقائق کیا کہتے ہیں؟

وفاقی حکومت کا یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب وادی تیراہ سے پچھلے سال نومبر کے آخر سے مقامی لوگوں کی نقل مکانی کا سلسلہ جاری ہے۔ پانچ جنوری سے بے گھر خاندانوں کے باقاعدہ رجسٹریشن کا عمل شروع ہوا، اور اب تک نو ہزار خاندانوں کا اندراج مکمل ہو چکا ہے جبکہ تیس ہزار سے زائد خاندانوں کو ٹوکن جاری کیے جا چکے ہیں۔ آج بھی تیراہ سے بے گھر افراد کے باڑہ میں مختلف مقامات پر خاندانوں کے اندراج کا عمل جاری ہے۔

بے گھر افراد کا ردعمل

تیراہ سے بے گھر ذاکر اللہ نے وفاقی حکومت کے بیان پر شدید مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا: “یہ بیان انتہائی مایوس کن ہے کیونکہ ہمیں انہی کی ہدایات اور احکامات کے مطابق گھروں سے بے دخل کیا گیا۔ تیراہ کے بڑے تجارتی مراکز لرباغ اور پیرمیلہ میں باقاعدہ اعلانات کروائے گئے کہ فوری طور پر دکانیں بند کر کے سامان کسی دوسرے علاقے میں منتقل کر دیں۔”

ذاکر اللہ نے مزید بتایا:”ہم نے اپنے علاقے کے عمائدین پر مشتمل چوبیس رکنی کمیٹی کی ہدایت پر نقل مکانی کی ہے۔ اس کمیٹی نے ہمیں بتایا کہ سیکیورٹی حکام کے ساتھ باقاعدہ معاہدہ ہو چکا ہے اور پانچ جنوری سے پچیس جنوری تک انخلاء کی مدت مقرر کی گئی ہے۔”

انہوں نے کہا:”ہزاروں کی تعداد میں مقامی لوگوں کو اس شدید سردی میں اپنے گھروں سے بے دخل کر دیا گیا اور اس پورے عمل میں لوگوں نے جانی و مالی نقصان اٹھایا ہے۔ اس پوری صورتحال کا ایک واضح نتیجہ سامنے آنا چاہیے، اور جب تک ہم متاثرہ خاندان پوری طرح مطمئن نہیں ہو جاتے، تب تک ہم واپس جانے کے لیے تیار نہیں ہیں۔”

صوبائی حکومت نےمرکزی حکومت کے بیان کو مسترد کر دیا

ممبر صوبائی اسمبلی عبدالغنی آفریدی نے مرکزی حکومت کے اس بیان کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا:”وادی تیراہ سے نقل مکانی چوبیس رکنی کمیٹی کے ساتھ طے شدہ معاہدے کے تحت شروع کی گئی ہے۔ ہم جلد ہی تیراہ کی چوبیس رکنی کمیٹی اور عمائدین پر مشتمل ایک جرگے کا انعقاد کریں گے جس میں اس معاہدے کو قوم کے سامنے لایا جائے گا جس کے تحت مقامی لوگوں کو اپنے علاقوں سے بے دخل ہونا پڑا۔”

انہوں نے کہا: “یہاں موجود تمام بے گھر خاندانوں کو پتہ ہے کہ انہیں کس نے اپنے علاقے سے نقل مکانی پر مجبور کیا ہے۔ حال ہی میں کئی وفاقی وزراء کے بیانات ریکارڈ پر موجود ہیں جن میں انہوں نے کہا کہ ہم فوجی آپریشن کریں گے۔”

عبدالغنی آفریدی نے وزیر اعلیٰ ہاؤس میں صوبے کی پندرہ سیاسی جماعتوں کے متفقہ فیصلے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا:” اس اجلاس میں یہی کہا گیا تھا کہ فوجی آپریشن کسی مسئلے کا حل نہیں اور مسائل کو بات چیت کے ذریعے حل کیا جائے۔ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے بار ہا کہا ہے کہ آپریشن مسائل کا حل نہیں۔”

انہوں نے بتایا کہ آئندہ ایک دو دن میں چوبیس رکنی کمیٹی پریس کانفرنس کے ذریعے اس معاہدے کو قوم کے سامنے لائے گی جس کے تحت وادی تیراہ سے لوگوں کو بے دخل کیا گیا۔

اگر وفاقی حکومت کا بیان درست ہے تو فوری طور پر نقل مکانی کا عمل روک دیا جائے: سماجی کارکنان

وادی تیراہ کے سماجی کارکن نور حلیم نے کہا: “جاری بدامنی اور نقل مکانی کے خلاف علاقے میں بڑے احتجاجی مظاہرے ہوئے، تاہم اس کے باوجود ایک معاہدے کے تحت لوگوں کو نقل مکانی کے لیے باقاعدہ کہا گیا۔ اگر نقل مکانی کے حوالے سے وفاقی حکومت کا یہ بیان درست ہے تو یہ خوش آئند بات ہے اور فوری طور پر نقل مکانی کا عمل روک دیا جائے اور بے گھر افراد کی فوری واپسی کے لیے انتظامات کیے جائیں۔”

انہوں نے کہا:”ہم بے گھر لوگ حیران اور پریشان ہیں۔ اللہ کرے کہ جو بیان دیا گیا ہے وہ سچ ہو اور واقعی ہمیں نکلنے کے لیے نہیں کہا گیا۔ بے گھر لوگوں کی چند دنوں میں واپسی کا انتظام ہونا چاہیے اور واپسی کا عمل فوری طور پر شروع کیا جائے تاکہ مزید لوگ نہ نکلیں۔”

سابق وفاقی وزیر اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنما حمید اللہ جان آفریدی نے کہا:”تیراہ سے نقل مکانی کرنے والے ہزاروں خاندانوں کو صوبائی حکومت کی جانب سے کوئی خاطر خواہ ریلیف نہیں مل سکا اور نہ ہی ان کے پاس مناسب انتظامات موجود ہیں۔ نقل مکانی کرنے والے خاندانوں کو سفر کے دوران کافی مسائل کا سامنا کرنا پڑا اور بہت سے افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔”

انہوں نے مطالبہ کیا کہ وادی تیراہ کے تمام افراد کی جلد واپسی ممکن بنائی جائے اور مزید افراد کو نکلنے سے روکا جائے۔ تمام قبائلی عوام، بالخصوص ضلع خیبر کے عوام مزید بے گھر ہو کر نقل مکانی کے متحمل نہیں ہو سکتے۔ پہلے جو نقصانات ہوئے ان کا ازالہ تاحال نہیں ہوا تھا کہ دوبارہ گھر چھوڑنے پر مجبور ہو گئے۔

تاریخی پس منظر

وادی تیراہ میں سال 2021 میں دوبارہ مسلح گروہوں کی سرگرمیاں شروع ہوئیں۔ سیکیورٹی فورسز اور مسلح گروہوں کے درمیان جھڑپوں میں مقامی آبادی کو بھاری جانی و مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔ علاقے میں امن کے قیام کے لیے فوجی آپریشن کے حوالے سے نقل مکانی کا مطالبہ کیا گیا، تاہم علاقے کے عمائدین اور مقامی آبادی نے دوبارہ نقل مکانی سے انکار کر دیا۔

صوبے میں برسر اقتدار جماعت پاکستان تحریک انصاف نے بھی نقل مکانی اور فوجی آپریشن کی شدید مخالفت کی۔ تاہم عام لوگوں کو ہونے والے نقصان پر قابو پانے کے لیے مقامی عمائدین پر مشتمل چوبیس رکنی کمیٹی اور سیکیورٹی حکام کے درمیان تیس سے زیادہ نکات پر مشتمل ایک معاہدہ پچھلے سال دسمبر میں طے پایا۔

موجودہ صورتحال

موجودہ وقت میں بدامنی اور ممکنہ فوجی آپریشن کے سبب ضلع خیبر کی وادی تیراہ کے ساتھ ساتھ سینٹرل کرم سے بھی نقل مکانی کا عمل جاری ہے۔ اس کی وجہ سے بے گھر افراد شدید سردی اور کم سہولیات کے باعث مشکلات کا شکار ہیں۔ تیراہ سے اب تک ساڑھے سات ہزار جبکہ سینٹرل کرم سے چودہ ہزار سے زائد خاندان رجسٹرڈ ہو چکے ہیں۔

شدید سردی اور برف باری کی وجہ سے وادی سے نقل مکانی کا عمل متاثر ہوا ہے اور بڑی تعداد میں خاندان راستوں کی بندش کے سبب گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔ ضلعی حکام کے مطابق وادی تیراہ میں بیس فیصد جبکہ سینٹرل کرم میں پچاس فیصد لوگ ابھی تک وادی میں موجود ہیں۔

چوبیس رکنی کمیٹی کا امتحان

وفاقی حکومت کی جانب سے جاری بیان کے بعد یہ توقع کی جا رہی تھی کہ تیراہ عمائدین کی چوبیس رکنی کمیٹی سیکیورٹی حکام کے ساتھ طے شدہ معاہدے کے حوالے سے اپنا موقف پیش کرے گی۔ تاہم ذرائع کے مطابق کل رات دیر گئے کمیٹی کا اجلاس بغیر کسی نتیجے کے ختم ہو گیا۔ ذرائع کے مطابق کمیٹی ممبران کا آج دوبارہ اجلاس منعقد کیا جا رہا ہے۔

موجودہ وقت میں سب سے بڑا امتحان چوبیس رکنی کمیٹی کا شروع ہو چکا ہے۔ کمیٹی کو اب یہ فیصلہ کرنا ہے کہ آیا وہ سیکیورٹی حکام کے ساتھ طے شدہ معاہدے کی تفصیلات عوام کے سامنے لائے یا خاموشی اختیار کرے۔ بے گھر ہزاروں خاندان اس فیصلے کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here