26 فروری 2027

اسلام گل


طورخم/لنڈی کوتل

افغان طالبان نے 26 فروری کی رات پاکستان کے سرحدی علاقوں میں مسلح کارروائیاں کیں اور موقف اپنایا کہ یہ اُن پاکستانی فضائی حملوں کا ردعمل ہے جو 22 فروری کو افغانستان کے مشرقی صوبوں — بالخصوص ننگرہار، پکتیکا اور خوست — میں کیے گئے تھے۔ پاکستان کا موقف تھا کہ ان حملوں میں تحریکِ طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) اور دیگر شدت پسند گروہوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا، جبکہ افغان طالبان نے اس الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ان حملوں میں عام شہری ہلاک ہوئے۔

اس کشیدگی کے نتیجے میں طورخم اور لنڈی کوتل میں چھوٹے بڑے ہتھیاروں کی آوازیں گونجتی رہیں۔ طورخم سرحد کے قریب واقع لنڈی کوتل خطے کا سب سے بڑا تجارتی مرکز ہے، جہاں تین ہزار سے زائد چھوٹے بڑے کاروباری مراکز ہیں اور پندرہ ہزار سے زیادہ افراد روزگار سے وابستہ ہیں۔

خوف کا سایہ، بازار سنسان

لنڈی کوتل بازار میں یہ کوئی معمول کا دن نہیں تھا۔ دکانیں بڑی تعداد میں بند پڑی تھیں اور گاہکوں کا نام و نشان نہ تھا۔ جو لوگ باہر نکلے، وہ صرف ضرورت کی اشیاء خرید کر جلد گھروں کو لوٹ گئے۔

لنڈی کوتل کے رہائشی فیصل ملوک افطاری اور سحری کا سامان خرید کر گاڑی میں رکھ رہے تھے کہ اُن سے بات ہوئی۔ اُنہوں نے کہا: “خوف کی کوئی بات نہیں، البتہ لوگ احتیاط کے طور پر بازار میں کم آ رہے ہیں۔ افغان طالبان کو چاہیے کہ وہ کسی اور کے اشارے پر خطے میں بدامنی پیدا کرنے کی کوشش نہ کریں، بلکہ پاکستان کے ساتھ مسائل کو بات چیت کے ذریعے حل کریں۔”

لنڈی کوتل تاجر یونین کے قائم مقام صدر محمد رفیع نے بتایا کہ حالیہ کشیدگی نے سرحد کے دونوں جانب رہنے والوں کو شدید مشکلات میں ڈال دیا ہے۔ اُنہوں نے کہا: “کل سہ پہر جب فائرنگ میں اضافہ ہوا تو پولیس نے بازار بند کرنے کے اعلانات کیے۔ آج صبح سویرے بھی کئی گولیاں چلیں اور لوگوں نے احتیاطاً دکانیں بند رکھیں۔ ہم دونوں حکومتوں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ فوری طور پر بات چیت شروع کریں اور مسائل کا پرامن حل نکالیں۔”

سرحد پر پھنسے مہاجرین: بے گھر، بے یارومددگار

پاکستان اور افغانستان کے درمیان کشیدگی کے باعث پانچ سرحدی گزرگاہیں گزشتہ چار مہینوں سے بند ہیں — صرف واپس جانے والے افغان مہاجرین کے لیے آمدورفت کسی حد تک جاری تھی۔ حالیہ کشیدگی میں حفاظتی اقدامات کے پیشِ نظر بڑی تعداد میں افغان مہاجرین اور مال بردار گاڑیوں کو طورخم سے لنڈی کوتل واپس بھیج دیا گیا، جو اب پاک افغان شاہراہ پر جگہ جگہ کھڑی ہیں۔

ہری پور کے کیمپ نمبر بارہ سے آئے قدرت اللہ تین دن سے طورخم پر موجود تھے۔ وہ شدید بیمار ہیں اور پاکستان میں اُن کے گیارہ آپریشن ہو چکے ہیں۔ اُنہوں نے درد بھری آواز میں بتایا: “ہم نے یہاں اپنے گھر مسمار کر دیے، سارا سامان ٹرک میں ڈالا اور طورخم پہنچے تو کشیدگی کی وجہ سے سرحد بند ملی اور ہمیں واپس لنڈی کوتل بھیج دیا گیا۔ پاکستان میں علاج جاری تھا، اب افغانستان میں صحت کی سہولیات کیسی ہوں گی، کچھ معلوم نہیں۔ ابھی ٹرک میں پڑا ہوں اور دوائیں کھا رہا ہوں۔”

پچیس سالہ محمد طفیل ایبٹ آباد سے تین دن پہلے طورخم پہنچا تھا، لیکن اب وہ گھر کے سامان سے لدے ٹرک کے ساتھ لنڈی کوتل میں انتظار کر رہا ہے۔ اُس نے بتایا:

“جو پیسے تھے وہ گاڑی کے کرائے میں دے دیے، کھانے پینے کے لیے کچھ نہیں بچا۔ ڈرائیور کہہ رہا ہے کہ میں مزید انتظار نہیں کر سکتا، گاڑی خالی کرو۔ لیکن یہ ممکن نہیں کہ ہم سامان سڑک کے کنارے رکھ دیں۔”

واپس جانے والے دیگر مہاجرین نے بتایا کہ اُن کے پاس کھانے پینے کے پیسے ختم ہو چکے ہیں، جبکہ بعض خاندانوں کے کچھ افراد افغانستان جا چکے ہیں اور باقی سرحد کھلنے کے انتظار میں ٹرکوں میں بیٹھے ہیں۔

اول خان کلی: گھر چھوڑ کر سرنگوں میں پناہ

پاکستان کے آخری گاؤں اول خان کلی سے موصول اطلاعات کے مطابق مقامی لوگوں نے حفاظت کی خاطر گھربار چھوڑ کر پاک افغان شاہراہ پر ریلوے ٹریک کے لیے بنائی گئی پرانی سرنگوں میں پناہ لے لی ہے۔ علاقے کے رضاکار بے گھر افراد اور مہاجرین کو افطاری اور سحری کا کھانا مہیا کر رہے ہیں۔ مقامی لوگوں نے از خود اپنی نقل و حرکت محدود کر لی ہے۔ سرکاری سکولوں میں سردیوں کی چھٹیاں پہلے سے تھیں، تاہم ضلعی انتظامیہ نے نجی سکول بھی بند کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

فوجی ردعمل اور طالبان کا موقف

پاکستان فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ پاکستان نے “آپریشن غضب للحق” کے تحت مؤثر جوابی کارروائی کی ہے، جس میں 274 افغان طالبان کے اہلکار اور شدت پسند ہلاک اور 400 سے زائد زخمی ہوئے۔ اُنہوں نے بتایا کہ پاکستانی افواج نے 73 سرحدی پوسٹیں تباہ اور 18 پر قبضہ کیا، جبکہ 115 ٹینک اور فوجی گاڑیاں بھی ناقابلِ استعمال بنا دی گئیں۔ ترجمان کے مطابق افغان طالبان نے 53 مقامات پر حملے کیے جنہیں پاکستان نے سختی سے پسپا کیا، اور پاکستانی فوج کی کارروائیاں بین الاقوامی قوانین کے عین مطابق ہیں جن کا مقصد سرحدوں اور عوام کی حفاظت ہے۔

دوسری جانب افغان طالبان حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے 27 فروری 2026 کو پریس کانفرنس میں کہا کہ افغانستان اس تنازعے کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنا چاہتا ہے۔ اُنہوں نے کہا: “دونوں ممالک کے درمیان پیدا ہونے والے مسائل کا پرامن اور سفارتی حل ضروری ہے۔ کابل حکومت خطے میں استحکام اور امن کی خواہاں ہے اور عالمی برادری کو یقین دلاتی ہے کہ افغانستان کی سرزمین کو کسی دوسرے ملک کے خلاف استعمال نہیں ہونے دیا جائے گا۔”

سرحد کے دونوں جانب عام لوگ — مہاجر ہوں یا تاجر، بیمار ہوں یا بے گھر — ایک ہی بات کہہ رہے ہیں: جنگ نہیں، بات چیت۔ سوال یہ ہے کہ دونوں حکومتیں کب سنیں گی۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here