14 فروری 2026
تحریر:عمیر خان آباد ، مانسہرہ
مانسہرہ کے نواحی علاقے تھانہ پھلڑہ کی حدود میں 13 فروری 2026 کو سہ پہر 4 بجے ایس ایچ او پھلڑہ حمزہ خان نے اپنے ساتھیوں سمیت راہگیر شہری بنام عباس ارشد ولد محمد ارشد کو مبینہ طور پر ناکہ لگا کر قتل کر دیا۔
پولیس نے مقتول کے چچازاد بھائی علی اصغر کی مدعیت میں ایس ایچ او حمزہ خان اور اس کے ساتھیوں کے خلاف تعزیراتِ پاکستان کی دفعہ 302 کے تحت مقدمہ درج کر دیا۔ جبکہ ابتدائی تفتیش میں وجہ قتل سابقہ عداوت بتائی گئی۔
مدعی علی اصغر نے ایف آئی آر درج کرواتے وقت پولیس کو بتایا کہ مقتول عباس اپنے دیگر دو ساتھیوں کے ہمراہ اپنی آلٹو گاڑی میں گلی بدرال سے مانسہرہ کی طرف آ رہے تھے ، تو وہاں پہلے سے ناکہ لگائے ہوئے ایس ایچ او حمزہ خان اور اس کے ساتھیوں نے ہماری گاڑی کو رکنے کا اشارہ کیا ، جیسے ہی گاڑی رکی تو حمزہ خان نے عباس ولد محمد ارشد پر سٹریٹ فائرنگ کر دی ،متعدد گولیاں لگنے سے عباس ارشد موقع پر ہی جانبحق ہوگیا۔
علی اصغر کے مطابق ایس ایچ او حمزہ خان سابقہ عداوت کی وجہ سے پہلے بھی ہمیں دھمکیاں دیتا رہا ہے، جبکہ مقتول عباس ارشد پر نہ کوئی ایف آئی آر تھی اور نہ ہی وہ کسی کیس میں مفرور تھا۔ انہوں نے کہا ذاتی عناد کی وجہ سے حمزہ خان نے عباس ارشد کو قتل کیا۔
مانسہرہ پولیس کا موقف
اس حوالے سے جب وائس پی کے نے پی آر او مانسہرہ پولیس سے موقف لینا چاہا تو انہوں نے کہا کہ ملزم ایس ایچ او حمزہ خان پر ایف آئی آر درج ہو چکی ہے ، جس کے بعد عدالتی کارروائی ہوگی ، جبکہ محکمانہ انکوائری بھی ہوگی ، لیکن چونکہ ابھی یہ معاملہ زیر تفتیش ہے ، لہذا اس اثنا ہم کچھ کہہ نہیں سکتے۔ پی آر او مانسہرہ پولیس سے جب ملزم ایس ایچ او حمزہ خان کی گرفتاری کے حوالے سے پوچھا گیا تو انہوں کے کہا کہ ملزم حمزہ خان نے آج بروز ہفتہ 14 فروری 2026 کو اپنی BBA کروا دی۔
وائس پی کے نے اس کیس کے بارے مزید معلومات اکھٹی کرنے کیلئے جب مانسہرہ پولیس کے ایک اہلکار سے رابطہ کیا تو انہوں نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر ایس ایچ او حمزہ خان پر گزشتہ دو واقعات کے الزامات کی تصدیق بھی کی۔ انہوں نے کہا اس سے پہلے تھانہ بٹل میں حمزہ خان کا ٹمبر مافیا کے ساتھ بھی ذاتی معاملات بگڑنے کی وجہ سے فائرنگ کا الزام ہے ، جبکہ تھانہ خاکی میں بھی حمزہ خان کی جانب سے منشیات فروش پر فائرنگ کا الزام ہے، ماضی میں ان واقعات کے خلاف شہریوں نے حمزہ خان پر مقدمہ بھی درج کیا تھا۔
پولیس ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ حمزہ خان کی شُہرت ، شہریوں کو ڈرانے دھمکانے ، رشوت لینے اور سخت رویوں کی رہی ہے جسکی شکایت پہلے بھی ملتی رہی ہیں۔
مقامی صحافی کا موقف
گزشتہ اٹھارہ سال سے مانسہرہ میں پرنٹ ، الیکٹرک اور ڈیجیٹل میڈیا کی صحافت کرنے والے شیر افضل گوجر نے اس حوالے سے کہا کہ “بطور صحافی ہم دیکھتے ہیں بہت سے پولیس اہلکار خود کو قانون سے بالاتر سمجھتے ہیں، جبکہ خود کو یہ شہریوں ، اداروں اور قانون کے سامنے جوابدہ نہیں سمجھتے اور اکثر پولیس اپنے اختیارات کے ناجائز استعمال کرتے ہوئے حدود سے تجاوز کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ قتل جرم ہے ، اور ایسے پولیس اہلکار جرم اور قانون میں فرق نہیں کرتے۔ خطرناک پہلو یہ ہے کہ سرکاری اہلکار بے لگام ہیں اور محکمانہ جوابدہی کا نظام بھی انتہائی کمزور ہے۔
شیر افضل گوجر نے اس کیس کے حوالے سے بتایا کہ وقوعہ کے بعد مقامی لوگوں نے پہلے نعش شہر لا کر کنگ عبداللہ ہسپتال میں رکھ کر احتجاج کیا، چونکہ پولیس ایف آئی آر کے اندارج میں تعاون نہیں کر رہی تھی تو اس وجہ سے لوگوں نے احتجاجاً نعش کو شاہرائے ریشم پر رکھ کر رات تقریباً 12 بجے تک ٹریفک جام کیے رکھا۔ پھر جب احتجاج مزید بڑھنے لگا تو پولیس نے احتجاج ختم کرنے کیلئے ایف آئی آر درج کر دی۔
مقتول کے خاندان کا موقف
احتجاجی مظاہرین اور مقتول عباس ارشد کے خاندان کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ ہمیں انصاف چاہیے ،انہوں نے کہا کہ حمزہ خان کے خلاف پہلے ماورائے قانون اقدامات پر گرفت ہوتی تو فائرنگ کر کے شہریوں کو زخمی کرنے سے لیکر شہری کو قتل کرنے تک کی نوبت نہ آتی۔ اہلِ علاقہ نے اس حوالے سے کہا کہ پولیس شہریوں کی محافظ ہوتی ہے ، اگر یہی محافظ عوام دشمن بنے گی تو عام آدمی کہاں محفوظ رہے گا ؟ انہوں نے محکمہ پولیس ، عدالت اور دیگر ریاستی اداروں سے انصاف کی اپیل کی اور مستقبل میں ایسے اقدامات نہ کرنی کی یقین دھیانی مانگی۔