16 فروری 2026

فوزیہ کلثوم رانا


لاہور کے فلیٹیز ہوٹل میں منعقد ہونے والی چھٹی عاصمہ جہانگیر کانفرنس ایک مرتبہ پھر پاکستان میں انسانی حقوق، آئینی بالادستی اور جمہوری اقدار پر سنجیدہ بحث کا مرکز بنی۔ تاہم کانفرنس کے انعقاد کے ساتھ ہی سوشل میڈیا پر ہونے والی تنقید نے ایک نئی بحث کو جنم دیا کہ کیا یہ فورم واقعی عاصمہ جہانگیر کے نظریات کی درست ترجمانی کر رہا ہے؟

اس سوال کا جواب تلاش کرنے کے لیے کانفرنس میں ہونے والے مکالمے اور اسپیکرز کی گفتگو کا جائزہ لینا ہوگا اور خصوصا نئی نسل کو عاصمہ جہانگیر کی لیگسی سے بھی متعارف کروانا ہوگا، کیونکہ عاصمہ جہانگیر جدوجہد، جرات اور اصولوں کی علامت ہونے کے ساتھ ساتھ پسے ہوئے طبقات کے درد کی دوا بھی تھیں۔ بلکہ یہ کہنا بجا ہوگا کہ عاصمہ جہانگیر پاکستان کی ان چند شخصیات میں شامل تھیں جنہوں نے آمریت، مذہبی انتہاپسندی اور ریاستی جبر کے سامنے بلاخوف و خطر کھڑے ہو کر قانون اور انسانی حقوق کا دفاع کیا۔ وہ سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کی پہلی خاتون صدر، ایچ آر سی پی کی بانی، اور اقوام متحدہ کی خصوصی نمائندہ رہیں۔

خواتین، اقلیتوں، جبری گمشدگیوں، توہینِ مذہب قوانین کے غلط استعمال اور اظہارِ رائے کی آزادی جیسے حساس معاملات پر ان کا مؤقف ہمیشہ واضح اور غیر مصلحت پسندانہ رہا۔ عاصمہ جہانگیر اختلافِ رائے کو جمہوریت کی روح اور تنقید کو سماجی صحت کی علامت سمجھتی تھیں۔

دوسری جانب عاصمہ جہانگیر کانفرنس ایک فکری روایت کی عکاس سمجھی جاتی ہے۔ عاصمہ جہانگیر کی وفات کے بعد ان کے نظریاتی ورثے کو زندہ رکھنے کے لیے عاصمہ جہانگیر کانفرنس کا آغاز کیا گیا، جس کا مقصد انسانی حقوق، آئینی آزادیوں اور ریاست و شہری کے بیچ تعلق پر کھلے مکالمے کو فروغ دینا تھا۔

پہلی کانفرنس میں جمہوریت، عدلیہ کی آزادی اور شہری حقوق پر توجہ دی گئی، جس میں وکلاء، صحافیوں اور سول سوسائٹی نے بھرپور شرکت کی۔

دوسری کانفرنس کا محور اظہارِ رائے کی آزادی، میڈیا پر قدغنیں اور سنسرشپ رہا۔

تیسری کانفرنس میں مذہبی اقلیتوں کے حقوق، خواتین کے خلاف تشدد اور توہینِ مذہب قوانین کے اثرات پر بحث ہوئی۔

چوتھی کانفرنس نے جبری گمشدگیوں، قانون کی حکمرانی اور سیکیورٹی ریاست کے تصور کو مرکزی موضوع بنایا۔

پانچویں کانفرنس میں علاقائی انسانی حقوق، افغانستان، کشمیر، فلسطین اور خطے میں جمہوری زوال جیسے موضوعات زیرِ بحث آئے۔

ان کانفرنسوں نے بتدریج خود کو پاکستان کا ایک اہم فکری اور حقیقی فورم منوایا، جہاں مشکل اور غیر مقبول سوالات بھی اٹھائے جاتے رہے۔

چھٹی کانفرنس حال ہی میں منعقد ہوئی اور سوشل میڈیا پر ناقدین اور عاصمہ جہانگیر کے چاہنے والوں نے عاصمہ کی روایت کے مطابق کھل کر اپنی رائے کا اظہار کیا۔

کانفرنس کے انعقاد کے بعد سوشل میڈیا پر ایک حلقے نے سخت تنقید کی۔ سب سے نمایاں اعتراض یہ تھا کہ ایک ایسی عوام دوست اور سادہ مزاج شخصیت کے نام سے منسوب کانفرنس کا فائیو اسٹار ہوٹل میں انعقاد ان کے نظریات سے متصادم ہے۔ ناقدین کے مطابق یہ انتخاب انسانی حقوق کی جدوجہد کو ایلیٹ دائرے تک محدود کرنے کا تاثر دیتا ہے۔ جبکہ حقیقت یہ ہے کہ اس کانفرنس میں اقوام متحدہ کے نمائندگان، دیگر ممالک سے اہم شخصیات سمیت قومی اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی اور حکومتی وزرا بھی شریک تھے، لہذا ملکی و غیر ملکی مندوبین کی سیکیورٹی اقدامات کے پیش نظر یہ کانفرنس ہر سال آواری ہوٹل یا فلیٹیز میں ہی منعقد ہوتی ہے اور اس میں عام شہریوں، وکلاء، طلبہ، سماجی کارکنان، سیاستدان اور سول سوسائٹی کی کثیر تعداد دعوت عام کے تحت شریک ہوتی ہے۔

کچھ سوشل میڈیا صارفین نے مقررین اور شرکاء کے انتخاب پر بھی سوال اٹھایا اور کہا کہ یہ فورم مخصوص لبرل طبقے تک محدود ہوتا جا رہا ہے، جبکہ متاثرہ طبقات جیسے مزدور، دیہی خواتین، اقلیتیں اور لاپتہ افراد کے اہلِ خانہ کی نمائندگی کم نظر آتی ہے۔ جبکہ حقیقت اس کے بر عکس ہے کیونکہ اقلیتی برادری کی نمائندگی وزیر مملکت برائے مذہبی ہم آہنگی کھیل داس کوہستانی نے کی، لاپتہ افراد کی آواز بلوچ یکجہتی کی اہم رکن ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ کی بہن نادیہ بلوچ تھیں اور ہر پینل میں حکومتی اور اپوزیشن رہنماؤں کو مساوی موقع فراہم کیا گیا تھا۔ جہاں حکومتی وزیر برائے قانون و انصاف سٹیج پر پائے گئے، وہیں سینیٹ میں پاکستان تحریک انصاف کے پارلیمانی لیڈر سینیٹر علی ظفر نے بھی پارلیمنٹ اور عدلیہ پر تنقید کی۔ اسی طرح خیبر پختونخواہ حکومت کے ترجمان اور وزیر اعلی سہیل آفریدی کے معاون خصوصی شفیع جان نے بھی ذوم لنک کے زریعے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ رہنما تحریک انصاف شیر علی ارباب بھی آن لائن جلوہ گر ہوئے۔ یاد رہے کہ 8 فروری کو عام انتخابات کے دو سال مکمل ہونے کے باعث مینڈیٹ چوری کے خلاف پی ٹی آئی اور تحریک تحفظ آئین پاکستان نے ملک بھر میں پہیہ جام اور شٹر ڈاون ہڑتال کی کال بھی دے رکھی تھی اور پاکستان تحریک انصاف کی لیڈرشپ عاصمہ جہانگیر کانفرنس میں براہ راست شرکت سے گریزاں تھی اور پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان کی گرفتاریوں کے باعث یہ عذر غیر فطری بھی نہیں تھا۔ مگر اس کے باوجود کانفرنس کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔

ایک اور تنقید یہ سامنے آئی کہ کیا ایسی کانفرنسیں واقعی پالیسی یا زمینی سطح پر کوئی تبدیلی لاتی بھی ہیں یا یہ محض سالانہ مکالمہ بن کر رہ گئی ہیں، جہاں مسائل دہرا دیے جاتے ہیں مگر حل آگے نہیں بڑھ پاتے۔

کانفرنس کے حامیوں اور منتظمین کا کہنا ہے کہ ایسے فورمز کا مقصد ریاستی بیانیے سے ہٹ کر متبادل آوازوں کو جگہ دینا، مسائل کو ریکارڈ پر لانا اور مکالمے کا تسلسل قائم رکھنا ہے۔ ان کے مطابق مقام کا انتخاب سیکیورٹی، انتظامی سہولت اور بین الاقوامی شرکاء کی موجودگی کے باعث کیا جاتا ہے، نہ کہ کسی طبقاتی امتیاز کے تحت۔

کانفرنس کےحامیوں کا یہ بھی مؤقف ہے کہ عاصمہ جہانگیر خود تنقید، اختلاف اور سوال اٹھانے کی حامی تھیں، اس لیے کانفرنس پر ہونے والی تنقید بھی دراصل ان کی فکر کی ہی توسیع ہے۔

حقیقت یہ ہے کہ عاصمہ جہانگیر کانفرنس پر ہونے والی سوشل میڈیا تنقید ہمارے معاشرے کو عاصمہ جہانگیر کے اصل ورثے کی طرف واپس لے جاتی ہے۔ سوال اٹھانے کا حوصلہ، طاقتور بیانیوں کو چیلنج کرنے کی جرات، اور خود احتسابی کی روایت دہراتی ہے جس طرح کانفرنس میں پروگریسو سٹوڈنٹس تحریک کے طلبا و طالبات نے شرکت کی اور ایمان مزاری، ہادی علی چٹھہ، ماہ رنگ بلوچ اور دیگر سیاسی اسیران کی رہائی کےلئے احتجاج ریکارڈ کرایا ایسا کہیں اور ممکن نہیں تھا۔ انہی طلبا ء نے جرمنی کی پاکستان میں تعینات سفیر کو جرمنی کی جانب سے اسرائیل کو ہتھیاروں کی سپلائی اور ہزاروں بچوں کے معذور ہونے پر کٹہرے میں کھڑا کر دیا جس کا چرچا پورے سوشل میڈیا پر رہا۔

اصل سوال یہ نہیں کہ کانفرنس کہاں منعقد ہوئی بلکہ اصل سوال یہ ہے کہ کیا انسانی حقوق سے متعلق یہ گفتگو عوام تک پہنچ رہی ہے یا نہیں؟ کیا متاثرہ افراد کو خود اپنے حق کے لیے آواز اٹھانے کا موقع مل رہا ہے؟ اور کیا عاصمہ جہانگیر کے نام پر ہونے والا ہر مکالمہ ان کی بے باکی، سادگی اور اصول پسندی کا عکاس ہے؟

شاید انہی سوالات کو زندہ رکھنا عاصمہ جہانگیر کو خراجِ تحسین پیش کرنے کا سب سے بہترین طریقہ ہے جو اس کانفرنس کے زریعے ہر سال کیا جاتا ہے۔ شرکاء جس آزادی کے ساتھ اپنی رائے کا اظہار یہاں کرتے ہیں، وہ کسی اور پلیٹ فارم کا خاصہ نہیں ہے۔ جس طرح بلوچستان کے سیاسی حل پر مبنی پینل میں وزیر اعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناءاللہ کو تنقید اور واک آوٹ کا سامنا کرنا پڑا، وہیں اسی سیشن میں وفاقی وزیر نے بلوچستان میں صوبائیت کو بنیاد بنا کر پنجابیوں کے قتل عام کی طرف بھی توجہ دلائی۔

اب حاصلِ بحث یہی ہے کہ تنقید کرنے والے ہوں یا سراہنے والے، دونوں ہی دراصل عاصمہ جہانگیر کی وراثت کو نہ صرف آگے لے کر چل رہے ہیں بلکہ اس بات کے بھی داعی ہیں کہ جس طرح عاصمہ جہانگیر انسانی حقوق کی ایک غیر متنازع اور یکتا آواز تھیں، اُسی شعار کو اپناتے ہوئے وقت کی ضرورت ہے کہ ان کے افعال و اقوال کو انسانی حقوق کے کارکنان عملی طور پر نافذ کریں۔ باقی تنقید تعمیری ہونی چاہیے، نہ کہ تنقید برائے تنقید۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here