شوکت کورائی
جامشورو
غربت سے لڑتے ہوئے اپنے بچوں کا پیٹ پالنے والی سبرین عرف سبرو پٹھان اب اس دنیا میں نہیں رہی۔ جامشورو ضلع کے نواحی علاقوں کی گلیوں میں کپڑے فروخت کر کے گھر چلانے والی اس خاتون کو پہلے جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا، پھر تشدد کر کے قتل کیا گیا اور آخر میں اس کی لاش جامشورو کے پہاڑی علاقے میں پھینک دی گئی۔
وہ شام تک گھر نہیں آئی
اہلِ خانہ کے مطابق سبرین معمول کے مطابق کپڑے فروخت کرنے نکلی تھی، لیکن شام ڈھلے بھی واپس نہ آئی۔ پریشان خاندان نے پولیس کو اطلاع دی، مگر کئی دن تک کوئی سراغ نہ ملا۔
سبرین کے والد نے دکھ بھری آواز میں بتایا: نو روز تک مسلسل تلاش کے بعد ان کی لاش پہاڑی علاقے سے برآمد ہوئی۔ وہ بے گناہ تھی، اپنی محنت مزدوری کرتی تھی اور اپنے بچوں کا پیٹ پالتی تھی۔ میری بیٹی سے بڑا ظلم ہوا ہے، ہم انصاف مانگ رہے ہیں۔
سبرین کے بھائی نے بتایا کہ مقتولہ کے چار بچے ہیں جن میں ایک بیٹا صرف پانچ ماہ کا ہے۔ انہوں نے کہا: ہم اپنی بہن اور ان معصوم بچوں کے لیے انصاف کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
پولیس کارروائی اور ملزمان
ایس ایس پی جامشورو ظفر صدیقی نے بتایا کہ اس کیس میں مجموعی طور پر 13 ملزمان ہیں، جن میں سے پانچ نامزد ہیں اور آٹھ نامعلوم ہیں۔ اب تک 12 ملزمان فرار ہیں جبکہ ایک مرکزی ملزم گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ملزمان پر اغوا، جنسی زیادتی اور قتل کے مقدمات درج کیے گئے ہیں۔
ایس ایس پی نے کہا: ملزمان کی گرفتاری کے لیے ایک سے زائد ریڈ کیے گئے ہیں۔ ہم نے ملزمان کے قریبی افراد کو بھی تحویل میں لیا ہے جنہوں نے تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔ یہ بہت افسوس ناک واقعہ ہے، ہم سب اس پر دکھی ہیں اور مجھے امید ہے کہ بہت جلد باقی ملزمان بھی گرفتار ہو جائیں گے۔
وومن کمپلینٹ سیل کا کردار
انچارج وومن کمپلینٹ سیل جامشورو، قرعت شاہ نے وائس پی کے سے گفتگو میں بتایا کہ ان کی اولین ترجیح سبرین کے اہلِ خانہ کو انصاف دلانا اور خاندان کی دیگر خواتین کو خوف کے احساس سے نکالنا ہے۔
انہوں نے کہا: ہم سبرین کو واپس تو نہیں لا سکتے، لیکن ہم انہیں انصاف دلانے کی یقین دہانی کراتے ہیں۔ کیس کی ایف آئی آر درج کروا دی گئی ہے، میڈیکل کارروائی مکمل ہو چکی ہے اور ہم مقامی پولیس کے ساتھ مشترکہ طور پر کام کر رہے ہیں۔
قرعت شاہ کا مزید کہنا تھا کہ وومن سیل نہ صرف خاندان کو قانونی مدد فراہم کر رہی ہے بلکہ ان کی سیکیورٹی بھی یقینی بنائی جا رہی ہے۔ انہوں نے خاندان کے تمام افراد کے علاوہ پختون برادری کے دیگر لوگوں سے بھی ملاقات کی اور انہیں انصاف کی فراہمی کا یقین دلایا۔
انصاف کب ملے گا؟
سبرین کی کہانی صرف ایک خاتون کے قتل کی کہانی نہیں، یہ اس غربت اور بے بسی کی داستان بھی ہے جس میں ایک ماں اپنے شیرخوار بچے کو گھر چھوڑ کر روزی کمانے نکلتی ہے اور پھر کبھی واپس نہیں آتی۔ پولیس کے مطابق آنے والے چند روز میں باقی ملزمان کی گرفتاری بھی یقینی بنائی جائے گی، تاہم سبرین کے بوڑھے باپ کی آنکھیں اب بھی انصاف کی منتظر ہیں۔