23 فروری 2026
اسلام گل آفریدی
طورخم/لنڈی کوتل
طورخم بازار میں ان دنوں ایک عجیب سی خاموشی چھائی ہوئی ہے۔ نہ مال بردار گاڑیوں کی آمدورفت ہے، نہ مسافروں کا شور۔ سینکڑوں دکانوں پر تالے لٹک رہے ہیں اور مسافروں کا سامان ڈھونے والے مزدور جگہ جگہ بے کار بیٹھے گپ شپ میں وقت گزار رہے ہیں۔
یہ سب کچھ گزشتہ سال بارہ اکتوبر سے شروع ہوا جب کابل اور اسلام آباد کے درمیان کشیدگی کے باعث طورخم سمیت پانچ سرحدی گزرگاہیں پہلے ہر قسم کی آمدورفت کے لیے بند کر دی گئیں، اور بعد میں صرف افغان مہاجرین کو واپسی کی اجازت دی گئی۔
کاروبار تباہ، گھر چلانا دشوار
طورخم اڈے میں ایک بڑے جنرل اسٹور کے مالک حمید کے لیے یہ دکان نہ صرف ان کی بلکہ ان کے والد اور بھائیوں کی کمائی کا واحد ذریعہ تھی۔ چار مہینے گزر جانے کے بعد بھی صورتحال جوں کی توں ہے۔
حمید کہتے ہیں: “موجودہ وقت میں طورخم بازار میں تجارتی سرگرمیاں بالکل ختم ہو چکی ہیں۔ میں صرف دکان کی صفائی اور سامان کی حفاظت کے لیے روز آتا ہوں، لیکن گاہک کا نام و نشان تک نہیں۔ بھائی اور والد گھر پر بیٹھے ہیں۔”
طورخم بازار میں ماضی میں سات سو چھوٹے بڑے تجارتی مراکز فعال تھے جن میں ورکشاپس، جنرل اسٹورز، گودام، گاڑیوں کے اڈے اور ہوٹل شامل تھے۔ یہاں تین ہزار سے زائد مزدور کام کرتے تھے جو روزانہ تین ہزار روپے تک کما لیتے تھے، لیکن اب صبح سے شام تک بمشکل پانچ سو روپے ہاتھ آتے ہیں۔
تیس سالہ زورا دین مسافروں کا سامان ڈھونے کے لیے ریڑھی چلاتا ہے۔ سرحد کھلی ہوتی تو روزانہ تین ہزار روپے کما لیتا، اب پانچ سو روپے بھی مشکل ہو گئے ہیں۔
زورا دین کہتے ہیں: “سرحد کی بندش کے باعث بہت سے لوگ بے روزگار ہو گئے ہیں۔ ہم لنڈی کوتل سے تجارتی سامان لا کر
افغانستان لے جاتے تھے اور وہاں سے سامان لا کر لنڈی کوتل اور پشاور پہنچاتے تھے۔ اس کام سے ہزاروں لوگ روزانہ کی بنیاد پر گھر چلاتے تھے۔”
لنڈی کوتل میں اسی فیصد کاروبار متاثر
لنڈی کوتل بازار، جس میں تین ہزار تجارتی مراکز ہیں اور پندرہ ہزار سے زائد افراد روزگار سے وابستہ ہیں، پاک افغان تجارت کی بندش سے بری طرح متاثر ہوا ہے۔
بلال خان ایک بڑے جنرل اسٹور کے مالک ہیں۔ وہ بتاتے ہیں کہ طورخم کی بندش کے بعد سے گاہکوں میں نمایاں کمی آئی ہے۔
بلال خان کا کہنا ہے: “سرحد کی بندش سے لنڈی کوتل میں اسی فیصد کاروبار کم ہو چکا ہے۔ ہزاروں مقامی مزدور روزانہ کی مزدوری سے یہاں بازار میں آ کر گھر کا سامان خریدتے تھے، لیکن اب وہ بے روزگار ہیں اور مشکل زندگی کا سامنا کر رہے ہیں۔ لنڈی کوتل کی تین لاکھ آبادی کی اکثریت کا روزگار پاک افغان تجارت سے وابستہ تھا۔ اب یہاں کمائی کا کوئی ذریعہ نہیں بچا۔”
قیمتوں میں اضافہ، اجناس ناپید
لنڈی کوتل تاجر یونین کے مطابق یہ پہلا موقع ہے کہ پاک افغان سرحد اتنے طویل عرصے کے لیے بند کی گئی ہو۔ اس بندش سے نہ صرف روزگار متاثر ہوا بلکہ دونوں ممالک کے درمیان زرعی اجناس کی درآمد و برآمد بھی رک جانے سے بازار میں کئی اشیاء کی قیمتیں بڑھ گئیں اور بعض چیزیں سیزن میں بھی دستیاب نہ رہیں۔
تاجر یونین کے قائم مقام صدر محمد رفیع کہتے ہیں کہ کشیدگی کم کرنے کے لیے کئی جرگے ہوئے لیکن کوئی خاطر خواہ نتیجہ نہیں نکلا۔
محمد رفیع کا کہنا ہے: “پہلی بار سرحد کو اتنے طویل عرصے کے لیے بند کیا گیا ہے، جس کی کسی کو توقع نہیں تھی۔ سبزیوں اور پھلوں کی قیمتیں بہت بڑھ گئی ہیں، بعض اشیاء سیزن میں بھی ناپید تھیں اور ملک کے دوسرے حصوں سے منگوانے کی وجہ سے ان کی قیمت اتنی زیادہ ہو گئی کہ عام آدمی خریدنے کی سکت نہیں رکھتا تھا۔”
سفارتی کوششیں بھی بے نتیجہ
کابل اور اسلام آباد کے درمیان تعلقات معمول پر لانے کے لیے سعودی حکام نے بھی ثالثی کی کوشش کی، تاہم ابھی تک کسی مثبت پیش رفت کے آثار نظر نہیں آتے۔ طورخم اور لنڈی کوتل کے ہزاروں تاجر اور مزدور اس تعطل کے ختم ہونے کے منتظر ہیں، کیونکہ ان کے گھروں کے چولہے اسی تجارت سے جلتے تھے۔