20 فروری 2026
رپورٹ :اعتزاز ابراہیم
پنجاب کے شہر پاکپتن کے نواحی گاؤں چک 19 ایس پی میں واقع مقامی مسجد کے امام محمد فیصل کی مبینہ طور پر 10 سالہ بچے کے ساتھ جنسی زیادتی۔ پولیس نے ملزم کو حراست میں لے کر مقدمہ درج کرلیا ہے۔ ابتدائی تحقیقات میں ملزم نے جرم کا اعتراف بھی کرلیا۔
ایف آئی آر کے مطابق واقعہ 18 فروری کی شام پیش آیا جب متاثرہ بچہ گاؤں کے گراؤنڈ سے کھیل کر واپس گھر جا رہا تھا۔ ملزم محمد فیصل جو گزشتہ دو سال سے اس مسجد میں امامت کے فرائض انجام دے رہا ہے، نے بچے کو کسی کام کے بہانے مسجد سے ملحقہ اپنے کمرے میں بلا لیا اور مبینہ طور پر اسے جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا۔
متاثرہ بچہ گھر پہنچا تو رونے کی وجہ سے اس کے والدین کو شک ہوا۔ بچے نے اپنے والد کو بتایا کہ امام صاحب نے اس کے ساتھ زیادتی کی ہے۔ اس کے بعد بچے کے والد فوری طور پر تھانہ صدر پاکپتن پہنچے اور مقدمہ درج کرایا۔
متاثرہ بچے کے والد نے وائس پی کے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ “میرا بیٹا پانچویں جماعت کا طالب علم ہے۔ وہ گراؤنڈ سے کھیل کر واپس آرہا تھا کہ ملزم نے اسے کسی کام کے بہانے اپنے کمرے میں لے جا کر زیادتی کا نشانہ بنایا۔ ہم سب اس کے پیچھے نماز پڑھتے تھے اور دو سال سے وہ ہماری مسجد کا امام تھا۔ میں نے کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ ایک امام مسجد اس طرح کی ذلیل حرکت کرے گا‘‘۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ ملزم محمد فیصل کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کردی گئی ہے۔ ابتدائی تحقیقات میں ملزم نے پولیس کے سامنے اپنے جرم کا اعتراف کرلیا۔ ملزم کا کہنا تھا کہ اس نے غلطی کی ہے اور وہ اس پر نادم ہے۔
پولیس حکام کے مطابق، متاثرہ بچے کا میڈیکو لیگل معائنہ کرایا گیا ہے۔ ابتدائی میڈیکل رپورٹ میں بچے کے جسم پر نشانات پائے گئے ہیں جو مزاحمت کے دوران لگنے کی نشاندہی کرتے ہیں۔ ڈی این اے ٹیسٹ کے لیے نمونے بھیج دیے گئے ہیں اور رپورٹ آنے کے بعد مزید قانونی کارروائی کی جائے گی۔
واقعہ کی ایف آئی آر متاثرہ بچے کے والد کی مدعیت میں تھانہ صدر پاکپتن میں درج کی گئی ہے۔ ایف آئی آر میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ملزم نے بچے کو ورغلا کر اپنے کمرے میں لے جا کر زیادتی کا نشانہ بنایا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کے خلاف تعزیرات پاکستان کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔
بچوں پر بڑھتے ہوئے جنسی جرائم
بچوں کے حقوق کے لئے کام کرنے والی غیر سرکاری تنظیم ’ساحل‘ کی جانب سے جاری کردہ تازہ اعدادو شمار کے مطابق سال 2025 کی پہلی ششماہی میں بچوں کے ساتھ جنسی استحصال اور تشدد کے ملک بھر سے کل 1956 مقدمات رپورٹ ہوئے جن میں سےصرف جنسی استحصال کے 950 واقعات ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جنوری سے جون تک بچوں کے اغوا کے 605 مقدمات درج ہوئے۔ اسی طرح ملک بھر میں 192 بچوں کے لاپتا ہونے کے مقدمات درج کرائے گئے جب کہ اس سال 34 کم عمر بچوں کی شادیوں یا ونی کے مقدمات بھی رپورٹ ہوئے ہیں۔
علاوہ ازیں 62 کیسز ایسے رپورٹ ہوئے جن میں نومولود بچوں کو مختلف مقامات پر مردہ یا زندہ پایا گیا۔
کل رپورٹ کیے گئے کیسز میں سے (1019) یعنی 52 فی صد متاثرہ لڑکیاں تھیں اور (875) یعنی 44 فی صد لڑکے تھے۔